
*رشید ملک آئی ٹی ایف ماسٹرز کے فائنل میں، وقار نثار رنر اپ قرار*
لاہور: بینک آف پنجاب کے تعاون سے شریک پاکستانی سینئر ٹینس کھلاڑیوں نے ایک بار پھر رابنسن کھاؤ لک ٹینس آئی ٹیی ٹی ایف ورلڈ ماسٹرز ٹور ایم ٹی 200 ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی سطح پر پاکستانی سینئر ٹینس کی مضبوط موجودگی کو اجاگر کیا۔
مردوں کے سنگلز 60 پلس کیٹیگری میں رشید ملک نے شاندار اور بااعتماد کھیل پیش کرتے ہوئے سنگاپور کے دوسرے سیڈ ہیلمن سیتوہانگ کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔ رشید ملک نے اپنے تجربے اور تسلسل کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے مقابلے پر مکمل غلبہ رکھا اور 6-2، 6-2 سے کامیابی حاصل کر کے چیمپئن شپ میچ کے لیے کوالیفائی کیا۔
دوسری جانب وقار نثار نے اٹلی کے ایرمانو کارمیلین کے خلاف فائنل میں بھرپور جدوجہد کے بعد رنر اپ پوزیشن حاصل کی۔ ایرمانو کارمیلین اس وقت آئی ٹی ایف کی عالمی درجہ بندی میں 25 ویں نمبر پر ہیں۔ سخت موسمی حالات اور ایک مضبوط حریف کے خلاف وقار نثار نے ایک گھنٹہ 45 منٹ تک جاری رہنے والے سخت مقابلے میں جرات مندانہ کھیل پیش کیا، تاہم وہ 2-6، 1-6 سے شکست کھا گئے۔ شکست کے باوجود ٹورنامنٹ میں فائنل تک رسائی وقار نثار کی محنت، فٹنس اور مقابلہ جاتی جذبے کی عکاس ہے۔
رشید ملک اور وقار نثار کی شاندار کارکردگی پاکستان میں سینئر ٹینس کے فروغ کے لیے بینک آف پنجاب کی مسلسل سرپرستی کے مثبت اثرات کو واضح کرتی ہے، جس کے باعث سینئر کھلاڑی عالمی سطح کے معتبر مقابلوں میں شرکت کر کے نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔







