
آسٹریلوی میڈیا میں یہ تفصیلات سامنے آ رہی ہیں کہ سڈنی کے بونڈائی ساحل حملے میں ملوث مبینہ حملہ آور نوید اکرم اب کوما سے نکل کر ہوش میں آ چکے ہیں۔ سڈنی مارننگ ہیرالڈ نے بھی اس بارے میں خبر شائع کی ہے۔
نائن زیرو اخبار کے مطابق مطابق نوید اکرم پولیس سے بات چیت کر رہے ہیں۔
ان حملہ آوروں کی شناخت 50 سالہ ساجد اکرم اور ان کے 24 سالہ بیٹے نوید اکرم کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران ساجد جائے وقوعہ پر ہی مارے گئے تھے جبکہ نوید کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا تھا۔
ساجد اور نوید اکرم کی قومیت کے حوالے سے بحث حملے کے فوراً بعد ہی شروع ہو گئی تھی اور منگل کو منیلا میں حکام نے برطانوی خبررساں ادارے سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ 50 سالہ ساجد اکرم نے حال ہی میں انڈین جبکہ ان کے بیٹے نے آسٹریلوی پاسپورٹ پر فلپائن کا سفر کیا تھا۔







