دنیا

کوئی میزائل حملہ نہیں ہوا، ہم نے ڈرون مار گرائے اور کوئی نقصان نہیں ہوا: ایران

ایران نے جمعہ کو اعلان کیا کہ اس نے کئی ڈرون مار گرائے ہیں اور ملک کے وسط میں اصفہان شہر کے قریب دھماکوں کی آوازیں سننے کے بعد ملک پر "موجودہ وقت میں کوئی میزائل حملہ نہیں ہے”۔ العالم ٹی وی نے کہا کہ "ایران پر کوئی بیرونی میزائل حملہ نہیں ہوا ہے”۔

اسرائیل نے گذشتہ ہفتے ایران کی جانب سے عبرانی ریاست پر سینکڑوں میزائلوں اور ڈرونز سے حملہ کرنے کے بعد جواب دینے کا عزم ظاہر کیا تھا۔ ایران کی طرف سے لانچ کئےگئے بیشتر میزائلوں اور ڈرونز کو روک دیا گیا تھا۔

ایرانی خلائی ایجنسی کے ترجمان حسین دالریان نے ’ایکس‘ پلیٹ فارم پر کہا کہ ملک کے فضائی دفاع نے کئی ڈرونز کو کامیابی سے مار گرایا اور فی الحال میزائل حملے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

متضاد خبروں اور بیانات کے درمیان ایک ایرانی اہلکار نے رائیٹرز کو بتایا کہ اصفہان میں سنی گئی دھماکے کی آواز ایرانی فضائی دفاعی نظام کے فعال ہونے کا نتیجہ تھا۔

جب کہ تین ایرانی حکام نے نیویارک ٹائمز کو تصدیق کی کہ اصفہان شہر کے قریب ایک فوجی ایئر بیس پر حملہ کیا گیا تھا۔ سرکاری ایرانی خبر رساں ایجنسی ’ارنا‘ نے اطلاع دی ہے کہ دھماکوں کی آوازیں سننے کے باوجود ایران میں کوئی "بڑا نقصان” نہیں ہوا ہے۔

ایجنسی نے کہا کہ "رپورٹوں سے پتہ چلتا ہے کہ کسی بھی فضائی خطرے کے اثرات کے نتیجے میں کوئی شدید نقصان یا بڑے دھماکے نہیں ہوئے ہیں”۔

’فارس‘ نیوز ایجنسی نے اپنی طرف سے اطلاع دی ہے کہ اصفہان کے قریب آرمی ایئر بیس کے قریب "تین دھماکوں” کی آوازیں سنی گئیں۔

ایرانی میڈیا نے آج کہا کہ ملک پر چھوٹے ڈرونز سے حملہ کیا گیا، جس سے حکام کو فضائی حدود بند کرنے اور فضائی کارروائیاں معطل کرنے پر مجبور کیا گیا۔

اسرائیلی حکام کی جانب سے اس کی تصدیق نہیں کی گئی تاہم امریکی میڈیا نے ایک نامعلوم امریکی اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیل نے ایران کے اندر ایک سائٹ پر حملہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اہلکار نے اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ آیا عراق یا شام کے مقامات پر بھی بمباری کی گئی ہے۔

’سی این این‘ نے ایک امریکی اہلکار کے حوالے سے بھی تصدیق کی ہے کہ اسرائیل نے ایران کے اندر حملہ کیا ہے، لیکن اشارہ دیا کہ اس نے جوہری سائٹ کو نشانہ نہیں بنایا۔

ایرانی "تسنیم” ایجنسی نے اصفہان میں جوہری تنصیبات کی حفاظت کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ وہ "مکمل طور پر محفوظ” ہیں۔

’این بی سی‘ نیوز نے ایک نامعلوم باخبر ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیل نے امریکہ کو ایران پر حملے کی پیشگی اطلاع دے دی تھی لیکن ذرائع نے تصدیق کی کہ امریکہ نے اس حملے میں حصہ نہیں لیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button