سدھو موسے والے کی والدہ حاملہ، جلد بچے کی پیدائش متوقع
بھارتی پنجاب کے مشہور آنجہانی گلوکار شبھ دیپ سنگھ سدھو المعروف سدھو موسے والا کے والدین کے ہاں اگلے ماہ بچے کی پیدائش متوقع ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق خاندانی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ سدھو موسے والا کی والدہ چرن کور حمل سے ہیں اور اگلے ماہ ان کے گھر میں ننھے مہمان کی آمد ہوجائے گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق موسے والا اپنے والدین کے اکلوتے بیٹے تھے، اگرچہ ان کے والدین نے اس بارے میں کسی قسم کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سدھو موسے والا کی والدہ 58 اور والد 60 سال کے ہیں۔
واضح رہے کہ سدھو موسے والا کو 29 مئی 2022 کو ضلع مانسا کے گاؤں جواہر میں نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔
اس واقعے میں سدھو کی گاڑی پر 30 گولیاں برسائی گئی تھیں جس کے نتیجے میں سدھو موسے والا موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے جب کہ ان کی گاڑی میں موجود دو افراد شدید زخمی ہوئے تھے۔
سدھو موسے والا نے اپنے گانے خود لکھے اور تیار کیے اور انہیں پنجابی کے امیر ترین گلوکاروں میں شمار کیا جاتا تھا۔
مئی 2022 میں ان کے قتل کے بعد بھی ان کے گانے ریلیز ہوئے اور سپر ہٹ ہوئے۔