
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آئندہ ہفتے غزہ معاہدے سے متعلق امید ظاہر کی ہے۔
واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے حماس کے مذاکرات سے متعلق بیان کا خیر مقدم کیا۔
ٹرمپ نے کہا کہ آئندہ ہفتے غزہ معاہدہ ہوسکتا ہے، غزہ سے متعلق بہت کچھ کرنا ہے اور غزہ میں بہت سی امداد بھیج رہے ہیں۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم سے ایران سے متعلق بات کروں گا، ایران کا جوہری پروگرام مکمل ختم کردیا لیکن ایران اسے دوبارہ شروع کرسکتاہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیرف معاملے پر 12 ممالک کو خطوط پر دستخط کردیے ہیں، روسی صدر سے پابندیوں سے متعلق بات کی تھی، روسی صدرپیوٹن پابندیوں سے پریشان ہے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میں چین کا دورہ کر سکتا ہوں یا چینی صدر امریکا کا دورہ کر سکتے ہیں، ٹک ٹاک ڈیل کے بہت قریب ہیں۔