تازہ ترینخبریںپاکستان

جسٹس اعجاز الاحسن کے استعفیٰ دینے سے ثابت ہوا دال میں کچھ کالا ہے ، نواز شریف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے کہا ہے کہ آج میں سرخرو ہوں اور آپ بھی جانتے ہیں کہ مجھے بلاوجہ سزا دی گئی، مجھے وزارت عظمیٰ سے نکالنے والے ایک ایک کر چلے گئے اور اب 8 ماہ بعد چیف جسٹس بننے والا جج اعجاز الاحسن بھی استعفیٰ دے کر چلا گیا جس سے ثابت ہوتا ہے کہ دال میں کچھ کالا ہے، آج وہ تمام کردار جا رہے ہیں اور نواز شریف آپ کے سامنے کھڑا ہے، اگر نواز شریف کی چھٹی نہ کروائی جاتی تو آج لوگ بیروزگار نہ ہوتے۔

لاہور کے حلقہ این اے 130 میں انتخابی دفتر کے افتتاح کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ بہت سوچ رہا ہوں آپ مجھ سے کیوں محبت کرتے ہیں، بہت خوشی ہوئی بہن بھائیوں کی خدمت کی، ایہ ایسا رشتہ ہے جس پر مجھے ناز اور فخر ہے۔

نوازشریف نے کہا کہ عوام کی خدمت کے صلے میں اتنی محبت ملی، دل چاہتا ہے وہی کروں جس کی آپ کو مجھ سے توقع ہے، سزا دینے والے جج ایک ایک کرکے رخصت ہوگئے، وہ جج بھی چلا گیا جو چیف جسٹس پاکستان بننا چاہتا تھا، چور کی داڑھی میں تنکا تھا تبھی استعفیٰ دے کر چلا گیا۔

مسلم لیگ ن کے قائد کا مزید کہنا تھا کہ میں بے قصور اور سرخرو ہوا، دیکھیں وہ چلا گیا میں آپ کے سامنے موجود ہوں، مجھے سزا دینے والا جج مانیٹر جج بن کر بیٹھ گیا تاکہ مجھے جلدی سزا مل سکے، مجھے سزا دینے والے تو چلے گئے مگر آج نوازشریف آپ کے سامنے کھڑا ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم اقتدار میں آکر عوام کو مشکلات سے نکالنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، میں جب اقتدار میں تھا تو لوگوں کے گھروں میں سکون تھا، مجھے جان بوجھ کر سزا دی گئی، میں نے خلوص سے کوشش کی آئندہ بھی کوشش کروں گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمارے دور میں خاندان سکون سے زندگی گزار رہے تھے، مہنگائی کا نام و نشان نہیں تھا لیکن آج تو روٹی بھی 20 روپے کی ہے، اس زمانے کو واپس لانا ہے جس میں 20 روپے کی 5 روٹیاں ملتی تھیں۔

قائد ن لیگ نے کہا کہ ہم نے سبز پاسپورٹ کی عزت کرانی ہے، ملک کو خوددار بنانا ہے اور یہی میرا ایجنڈا ہے اور اسے پورا کریں گے، اس ملک کو قوم کو اپنے پاؤں پر کھڑا کروں گا، میری حکومت رہیتی تو مہنگائی کا نام ونشان نہ ہوتا۔

نوازشریف نے کہاکہ ہم نے نوجوانوں کو باعزت روزگار دینا ہے، اگر میری چھٹی نہ کرائی جاتی تو ملک میں بیروزگاری نہ ہوتی، اس لیے عوام مسلم لیگ ن کا ساتھ دیں تاکہ وہ دور واپس آسکے کیونکہ ہم نے بہت ٹھوکریں کھائی ہیں اب مزید کھانے کی کوئی طاقت اور ہمت نہیں ہے، نوازشریف تھا تو گھروں میں سکون تھا، میں آپ کی آنکھوں میں کرن دیکھ رہا ہوں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button