سپیشل رپورٹ

خاتون کی بچے سمیت خودکشی کی کوشش آخری لمحات میں کیسے ناکام ہوئی؟ ڈرامائی ویڈیو

ایک خاتون نے اپنے 5 سالہ بچے سمیت خودکشی کی کوشش کی جس کو آخری لمحات میں ریسکیو اہلکاروں نے ڈرامائی انداز میں ناکام بنا دیا۔

یہ سنسنی خیز واقعہ بھارت کے شہر بنگلورو میں پیش آیا جہاں ایک خاتون نے اپنے گھر کو مکمل بند کرنے کے بعد گیس کو لیک کرکے خودکشی کرنے اور اس سے قبل اپنے پانچ سالہ بچے کو مارنے کی کوشش کو عین وقت پر ریسکیو اہلکاروں نے ناکام بنایا جس کی ڈرامائی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

انڈین میڈیا کے مطابق بنگلورو کے ناگونڈناہلی علاقے میں ایک اپارٹمنٹ میں رہنے والی 37 سالہ خاتون نے اپنی اور اپنے 5 سالہ بچے کی زندگی ختم کرنے کے لیے اس نے مبینہ طور پر گھر کو لاک کر کے اندر سے گیس سلنڈر کھول دیا تاہم اس سے قبل کہ وہ ماچس جلاتی ریسکیو اہلکار گھر میں داخل ہوئے اور دونوں زندگیوں کو بچا لیا۔

رپورٹ کے مطابق خاتون نے یہ انتہائی قدم خاندانی تنازعات سے تنگ آکر اٹھایا تاہم اس کے پڑوسیوں اور رشتے داروں کو اس کی مشکوک حرکتوں سے تشویش ہوئی اور جب انہوں نے گھر کا دروازہ کھٹکٹایا تو اندر سے کسی نے جواب نہ دیا جس پر انہوں نے مقامی فائر اسٹیشن کو اطلاع دی۔

اطلاع ملتے ہی وائٹ فیلڈ فائر اسٹیشن کے اہلکار بروقت موقع پر پہنچ گئے اور گھر کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے اور ماں بیٹے کو بچا لیا۔

اس واردات کی ڈرامائی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ریسکیو اہلکار دروازہ کھٹکٹاتے ہیں لیکن اندر سے جواب نہ آنے پر وہ راڈ کے ذریعے دروازہ توڑتے ہیں اور اندر داخل ہوتے ہیں جہاں وہ خاتون ہاتھ میں ماچس کی ڈبیا لیے کھڑی ہوتی ہے۔

تاہم اس سے قبل کہ وہ ماچس جلا کر خود اور بچے کی زندگی ختم کرتی ایک اہلکار لپک کر بچے کو اپارٹمنٹ سے باہر نکالتا ہے جب کہ دیگر خاتون کو قابو کر کے اس کے ہاتھ سے ماچس چھین لیتے ہیں اور اسے بھی فلیٹ سے باہر لے آتے ہیں۔

واقعے کے حوالے سے ایک اہلکار نے کہا کہ خاتون کے اس انتہائی قدم اٹھانے کی وجوہات کا پتہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق خاتون اکثر خاندانی جھگڑوں سے پریشان تھی اور اس نے یہ مایوس کن اور انتہائی قدم اس وقت اٹھانے کا فیصلہ کیا جب اس کا شوہر گھر سے باہر اپنے کام پر گیا ہوا تھا۔

سنسنی خیزی اور ڈرامائی مناظر پر مبنی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور صارفین اس میں فائر اسٹیشن کے عملے کی بروقت کارروائی، بہادری اور مہارت کی تعریف کر رہے ہیں جس کی وجہ سے دو انسانی جانیں بچا لی گئیں۔

https://twitter.com/HateDetectors/status/1742910533517676744?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1742910533517676744%7Ctwgr%5E4672c0b05d06cf43a747c0d9354aadde70e40da0%7Ctwcon%5Es1_&ref_url=https%3A%2F%2Furdu.arynews.tv%2Fviral-video-womans-attempt-to-commit-suicide-with-her-child-failed-at-the-last-minute%2F

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button