تازہ ترینخبریںپاکستان

منہاج یونیورسٹی لاہور میں ”کانووکیشن“ تقریب کا انعقاد

منہاج یونیورسٹی لاہور کے کانووکیشن 2023 ءمیں1555 طلباء و طالبات کو ڈگریوں سے نوازا گیا ۔

کانووکیشن کے مہمان خصوصی ڈپٹی چیئرمین سینٹ مرزا محمد آفریدی ،منہاج یونیورسٹی لاہور کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین، تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام پروفیسرڈاکٹر محمد طاہر القادری، ڈپٹی چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے اظہار خیال کیا اور ڈگری پروگرامز مکمل کرنے والے طلبا و طالبات کو مبارکباد دی ۔

شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کانووکیشن میں ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئےطلبہ سے مخاطب ہو کر کہا کہ ڈگری کی شکل میں علم حاصل کرنا مقصود زندگی نہیں ۔آپ نے جو کچھ پڑھا اور حاصل کیا یہ عملی زندگی میں داخل ہو نے کا ایک راستہ تھا اور اب آپ پر ذمہ داری ہے کہ آپ اپنے اعلیٰ اخلاق اور روشن سیرت و کردار سے دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ا پنی عملی زندگی میں روشن چراغ بن کر دوسروں کی رہنمائی کریں ۔

ڈپٹی چیئرمین سینٹ مرزا محمد آفریدی نے تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم وتربیت کی فراہمی اور تحقیق کے فروغ کی بدولت منہاج یونیورسٹی نجی تعلیمی شعبے میں ایک بہترین اضافہ ہے ۔

ماڈرن ایجوکیشن کے فروغ وترقی ،بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کے لیے شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر طاہرالقادری کی خدمات لائق تحسین ہیں۔منہاج یونیورسٹی جیسا باکمال ادارہ بنانا انہی کا کمال ہے۔

قبل ازیں منہاج یونیورسٹی پہنچنے پر ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد ،رجسٹرار ڈاکٹر خرم شہزاد،اور بورڈ ممبر خرم نواز گنڈا پور نے ڈپٹی چیئرمین سینٹ مرزا محمد آفریدی کا استقبال کیا ۔

ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں ڈپٹی چیئرمین سینٹ مرزا محمد آفریدی کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ تعلیم ،ریسرچ اور تربیت منہاج یونیورسٹی لاہور کا طرہ امتیاز ہے انہوں نے اعلیٰ تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ایوارڈ ہولڈرز اور گولڈ میڈلسٹ طلبہ کو مبارکباد دی ۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے ڈپٹی چیئرمین ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی اجازت سے کانووکیشن کی تقریب کے آغاز کا اعلان کیا اور خطبہ استقبالیہ پیش کیا ۔

انھوں نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں منہاج یونیورسٹی لاہور کا تعارف اور مختلف ڈگری پروگرامز کے بارے میں شرکاء کانووکیشن کو آگاہ کیا اور بتایا کہ منہاج یونیورسٹی لاہور اپنے بہترین ڈگری پروگرامز اور معیار ی تعلیم و تربیت کی بدولت نجی تعلیمی شعبے میں ایک خاص مقام رکھتی ہے ۔

کانووکیشن میں 72 طلبہ کو گولڈ میڈل، 134 کو رول آف آنرز ،77 طلبہ کو میرٹ سرٹیفکیٹس جبکہ 6 طلبہ کو پی ایچ ڈی کی ڈگریاں عطا کی گئیں ۔علاوہ ازیں بے مثال تعلیمی کارکردگی پر منہاج یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی شعبہ جات کے طلبہ کو ایوارڈز اور ایک لاکھ روپے فی کس انعام دیا گیا ۔

ان طلباء و طالبات میںتحریم اسلم کو خورشید بیگم ایوارڈ ، ماہم جاوید اور ہاشم شفیق کو نیوزی لینڈ کونسل آف سکھ افئرز کی جانب سے بابا گرو نانک ایوارڈ،عائشہ شاہد کو ڈاکٹر رتھ فاو ایوارڈ ،محمد فیضان کو فرید ملت ڈاکٹر فریدالدین قادری ایوارڈ،محمد عامر خاں کو بابا فرید ایوارڈ ،تحریم ندیم کو داتا علی ہجویری ایوارڈ،حافظہ شاہ بانو قیوم کو سر گنگا رام ایوارڈ،عروج مصطفیٰ کو قدو ت اولیاء سیدنا طاہر علائوالدین قادری ایوارڈ، اور سردار گرجیت سنگھ کو سوشل ورک فار انٹر فیتھ ایوارڈ ایوارڈدیا گیا ۔

کانووکیشن میں سکھ رہنما سردار ترنجیت سنگھ بٹالیہ،سی ای او مرحبا لیبارٹیز حکیم محمد عثمان ،صدر داروغہ والا انڈسٹریل سٹیٹ محمد عاصم رفیق ،صدر حبیب رجالب میموریل فائونڈیشن امر جالب ، سہیل احمد رضا ، شہزاد رسول سمیت منہاج یونیورسٹی کے ڈینز،ایچ او ڈیزاور فارغ التحصیل طلبہ کے والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button