
ایم ایس گنگا رام اسپتال بجلی چوری میں ملوث نکلے، پرائیوٹ کلینک پر بجلی چوری کی جارہی تھی.
تفصیلات کے مطابق مہنگائی نے پاکستانیوں کے ہوش اڑا کر رکھ دیے ہیں، مہنگی بجلی نے ڈاکٹرز کو بھی چوری کرنے پر مجبور کردیا ہے۔ گنگا رام اسپتال کے ایم ایس بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے ہیں۔ لیسکو کی جانب سے ان کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے۔
ترجمان لیسکو نے بتایا کہ ڈاکٹر عامر سلیم اور اہلیہ کے پرائیوٹ کلینک پر بجلی چوری کی جارہی تھی۔ کلینک پر2 لاکھ 64 ہزار کا بل واجب الادا تھا۔
ایس ڈی او سول ایریا کا کہنا تھا کہ بل کی عدم ادائیگی پر کلینک کا میٹر اتار لیا گیا تھا لیکن غیرقانونی طریقے سے وہاں بجلی کا استعمال جاری تھا۔ چھاپے کے دوران کلینک میں براہِ راست لگائی گئی تار اتار دی گئی۔
لیسکو کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کنکشن کاٹنے پر کلینک کے اسٹاف نے لیسکو اہلکاروں کو کلینک میں بند کردیا، کلینک اسٹاف نے لیسکو عملے پر تشدد کیا اور دھمکیاں بھی دیں۔