16ماہ میں کسی مخالف کو جیل بھجوانا تو دور تنگ بھی نہیں کیا

شہباز شریف نے قومی اسمبلی سے بطور وزیر اعظم اپنے آخری خطاب میں کہا کہ 16 ماہ کسی سیاسی مخالف کو جیل بھجوانا تو دور ناجائز تنگ بھی نہیں کیا، دشمن کے بارے میں بددعا نہیں کرنی چاہیے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں کسی کے خلاف نیب کیسز نہیں بنائے، پی ٹی آئی کے چار سالوں میں اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی، وہ دور ظلم اور زیادتی کا فاشسٹ دور تھا۔
شہباز شریف نے کہا کہ نو مئی کو ملک کے ساتھ زیادتی کی گئی جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ملکی سرحدوں کے محافظوں نے دہشتگردی کے خلاف عظیم قربانیاں دی ہیں، سرحدوں کے محافظوں نے اپنا خون دے کر ملک کی حفاظت کی، 9 مئی کو رہتی دنیا تک بلیک ڈے کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ معزز ایوان نے مجھے منتخب کیا انتہائی ذمہ داری سے بات کر رہا ہوں، بڑے بڑے وزیر اعظم آئے ان کا جوڈیشل قتل بھی ہوا جلا وطن بھی کیا گیا، کیا کبھی کسی نے حساس ادارے کا گملہ بھی توڑا اور کیا کبھی وہاں کا رخ بھی کیا؟ اس طرح کا دل خراش منظر کبھی نہیں دیکھا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ قرارداد کے ذریعے اس بات کا اعادہ کریں کہ قیامت تک 9 مئی جیسے واقعات نہ ہوں، ایوان کو اس بدترین سازش کا نوٹس لینا چاہیے، آج پھر قرارداد منظور کر کے اس واقعے کا نوٹس لیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ میری زندگی کا سب سے زیادہ مشکل امتحان یہ 16 ماہ تھے، میں اتنا بڑا امتحان 38 سالہ سیاسی کیریئر میں نہیں دیکھا، ملک میں جب روز دھرنوں اور لانگ مارچ کی باتیں ہو رہی ہوں تو کون سرمایہ کاری کرے گا، جو بدعائیں کر رہے تھے پاکستان ڈیفالٹ کر جائے ان کا مکروہ چہرہ قوم کے سامنے آگیا