تازہ ترینخبریںصحتصحت اور غذا

گرمیوں میں ’جامن‘ کا استعمال کئی بیماریوں سے محفوظ رکھ سکتا ہے

موسم گرما کی سوغات ’جامن‘ ، دیکھنے میں جتنا چھوٹا اور جیب پر ہلکا ہے، اس کے فائدے اتنے ہی بڑے بڑے ہیں۔

غذائیت سے بھرپور یہ پھل تو صحت کے لئے فائدہ مند ہے ہی اس کے ساتھ ساتھ اس کی گھٹلیاں بھی ذیابطیس کے مریضوں کے لئے بےحد مفید ہیں۔

موسم گرما کی ایک اور سوغات اور پھلوں کا بادشاہ ’آم‘ کسے پسند نہیں تاہم اس کی گرم تاثیر سے پریشان لوگوں کی پریشانی کو بھی یہ چھوٹا سا پھل کم کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ یہ وجہ ہے کہ غذائی ماہرین بھی اس کے استعمال پر زور دیتے ہیں۔

جامن میں کیلشیم، پوٹاشیم، آئرن، سوڈیم، وٹامن سی، وٹامن بی، کاربوہائیڈریٹ، پروٹین، فاسفورس، فولک ایسڈ اور پانی جیسے دیگر اہم غذائی اجزا موجود ہیں جو انسانی جسم کے لیے نہایت ضروری ہیں۔ صرف اتنا ہی نہیں بلکہ اس کے کئی دیگر طبی فوائد ہیں جو ذیل میں درج کئے گئے ہیں۔

معدے کے لئے مفید

جامن کی خاصیت ہے کہ یہ انسانی جسم میں بلڈ پریشر کی سطح کو نارمل رکھنے اور شوگر کنٹرول کرنے کے ساتھ ساتھ معدے کی مختلف اقسام کی بیماریوں کو بھی دور کرتا ہےجس میں آنتوں کی جلن، خراش، کھانا ہضم کرنا وغیرہ شامل ہیں۔ اس کے ساتھ یہ وزن کم کرنے بھی معاون ہے۔

خون میں اضافہ

وٹامن سی اور آئرن سے بھرپور جامن کا استعمال خون میں ہیموگلوبن کی سطح کو بہتر بناتا ہے۔ ہیموگلوبن خون میں آکسیجن کو ملاتا ہے جس سے خون کا رنگ سرخ ہوجاتا ہے پھر اسے جسم کے تمام حصوں تک پہنچنے میں مدد کرتا ہے، جس سے چہرہ صاف اور کِھلا کِھلا شاداب نظر آتا ہے۔ اس کے علاوہ جسم میں آئرن کی کمی کو دور کرنے کے لیے جامن کا استعمال ضروری ہے۔

دانتوں اور مسوڑھوں کی مضبوطی

جامن کے پتے اور اس کی چھال مسوڑھوں کے مسائل کو دور کرنے میں مدد فراہم کرتی ہے کیونکہ اس میں اینٹی آکسیڈنٹس اور وٹامن سی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے اور یہ اینٹی بیکٹیریل خصوصیت کا حامل بھی ہے۔

جامن کا شربت پینے یا اس کا رس دانتوں پر لگانے سے دانت سے متعلقہ تمام مسائل کو دور کیا جاسکتا ہے۔

گنج پن کو ختم کرے

اگر جامنوں کو کچل کر اس کا لیپ بناکر اسے سَر کے اس حصے پر مل دیا جائے جہاں گنج پن ہو تو کچھ عرصے تک یہ عمل کرتے رہنے سے گنجا پن ختم ہو سکتا ہے۔

جِلد کی خوبصورتی کو نکھارے

جامن میں موجود وٹامن سی جلد کے لئے بہترین اور اس کے استعمال سے جلد نکھر جاتی ہے جبکہ جامن میں کسیلی جیسی خصوصیات بھی ہوتی ہیں جو جلد کی مختلف بیماریوں کو ختم کرتی ہیں۔

چہرے پر موجود ایکنی کے لئے روزانہ رات میں جامن کی ایک دو گھٹلی پیس کر تھوڑے سے دودھ میں ملا کر لگانے سے ایکنی ختم ہو جاتی ہے۔

چہرے پر اگر داغ دھبے ہوں تو ان سے نجات کے لئے جامن کی گھٹلی کا پاؤڈر، لیموں کار س، بیسن، بادام کا تیل اور عرق گلاب چند قطرے ملا کر چہرے پر لگائیں جب سوکھ جائے تو دھولیں۔

پھیپھڑوں کی بیماریوں کا علاج

جامن کا استعمال سانس اور پھیپھڑوں کے مسائل کو بھی کم کرتا ہے۔ یہ پھیپھڑوں کی مختلف بیماریوں کے علاج کے لیے قدرتی اینٹی بائیوٹک کی صورت میں کام کرتا ہے۔ اس میں موجود اینٹی بائیوٹک خصوصیات عام فلو یا نزلہ اور کھانسی کی صورت میں اس کے استعمال کو بے حد مفید بناتی ہیں، اس کے علاوہ یہ دمہ اور برونکائٹس کی شکایت کو بھی دور کرتا ہے۔

خیال رہے کہ جامن کے بے شمار فوائد کے باوجود ان کا زیادہ استعمال قبض کرتا ہے اس لئے ہمیشہ اعتدال کے ساتھ کھائیں۔

جامن کھانے کا صحیح طریقہ یہ ہے کہ نمک اور پسی ہوئی کالی مرچوں کے ساتھ کھائیں اور کھانے کے بعد کھائیں کیونکہ خالی پیٹ کھانے سے یہ درد پیدا کر دیتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button