کاروبار

خیبر پختونخوا حکومت نے پنجاب کے کسانوں سے گندم کی خریداری شروع کر دی

خیبر پختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے خوشخبری سنائی ہے کہ ہماری حکومت نے پنجاب کے کسانوں سے گندم  کی خریداری شروع کر دی۔

مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے 3 لاکھ ٹن گندم خریداری میں پنجاب کے کسانوں کو شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

مزمل اسلم نے کہا کہ صوبائی حکومت پنجاب کے کسانوں سے 3900 روپے من گندم خریدے گی، صوبے میں پنجاب کے کسانوں کو گندم فروخت کرنے کیلیے خوش آمدید بینر لگا دیے گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے خیبر پختونخوا کی طرح پنجاب کے کسانوں کو بھی خوش آمدید کہا، صوبے کو رواں سال 50 لاکھ ٹن گندم کی ضرورت ہے، صوبے کی  پیداوار 15 لاکھ اور مزید ضرورت 35 لاکھ ٹن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے کسان اپنی فصل کا بڑا حصہ ذاتی استعمال اور بیج کیلیے رکھتے ہیں، کسانوں کو گندم کی فروخت میں پنجاب کی طرح دھکے نہیں ملیں گے، صوبائی حکومت گندم کی خریداری میں کسانوں کو سہولیات دے گی۔

چند روز قبل وزیر اعظم شہباز شریف کی ذیرِ صدارت گندم کی طلب و رسد اور خریداری پر اجلاس ہوا تھا جس میں انہوں نے غفلت برتنے پر پاسکو منیجنگ ڈائریکٹر اور جی ایم پروکیورمنٹ کو معطل کرنے کی ہدایت کی تھی۔

پاسکو افسران کو گندم خریداری میں ٹیکنالوجی کے استعمال کی ہدایات پر عمل نہ کرنے پر معطل کیا گیا تھا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کسانوں کی ترقی اور خوشحالی کیلیے بھرپور اقدامات اٹھائیں جائیں گے، غذائی تحفظ یقینی بنانے کے حوالے سے ہر ممکن کوششیں کر رہے ہیں۔

شہباز شریف نے سوال کیا تھا کہ خریداری کے عمل کیلیے موبائل ایپلی کیشن تیار کیوں نہ کروائی گئی؟ جس کے بعد وزیر اعظم نے گندم کی خریداری کے عمل کو شفاف بنانے کیلیے موبائل ایپلیکیشن تیار کرنے اور پاسکو کے اسٹاک کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے کی ہدایت کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ کسان کے معاشی تحفظ کیلیے اجناس کی انشورنس کو یقینی بنایا جائے، پاسکو 4 لاکھ میٹرک ٹن اضافی گندم کی شفاف اور مؤثر طریقے سے خریداری کرے۔

وزیر اعظم نے اجلاس میں خبردار کیا تھا کہ کسان کا نقصان کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا جبکہ اچھی کارکردگی دکھانے والے پاسکو مراکز اور افسران کا انتخاب کیا جائے گا اور ان کی حکومتی سطح پر پذیرائی کی جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button