تازہ ترینخبریںسیاسیات

پرانے انڈوں کو نئی ٹوکری میں ڈالنے سے استحکام نہیں آئے گا

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ پرانے انڈوں کو نئی ٹوکری میں ڈالنے سے استحکام نہیں آئے گا۔

ملتان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ آزمائے ہوئے لوگ اور پارٹیاں بہتری نہیں لا سکتیں، ملک پر مسلط ظالم جاگیردار اور کرپٹ سرمایہ دار امریکا کے وفادار ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ روس پاکستان میں آ جاتا تو حکمران اشرافیہ اس کے ٹینکوں پر بیٹھ جاتی، پیپلز پارٹی، ملسم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی نے جنوبی پنجاب سے جھوٹے وعدے کیے، جنوبی پنجاب کا پڑھا لکھا نوجوان ملک سے باہر بھاگ رہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جنوبی پنجاب کا کسان پریشان ہے اور خواتین مزدوریاں کرنے پر مجبور ہیں۔

میئر کراچی سے متعلق بات کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے کراچی میں اکثریت حاصل کی، کراچی میں اکثریت کو اقلیت میں بدلا گیا تو حکومت ذمہ دار ہوگی۔

گزشتہ ماہ سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ میں صرف اتنا پوچھنا چاہتا ہوں کہ یہ سیاسی لاشیں کب تک اٹھائیں گے؟ ملک کیلیے ہمارے لاکھوں شہیدوں نے قربانیاں دیں، نالائق سیاستدانوں نے ملک کو ایسا کر دیا کہ کوئی رہنے کو تیار نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 2023 میں پاکستان ایشیا کا غریب ترین ملک ہے، 11 کروڑ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، حکمرانوں کی دولت میں اضافہ ہوا جبکہ پی آئی اے اور دیگر اداروں کو لوٹا گیا، ہمارے ملک میں تو توشہ خانہ میں بھی لوٹ مار کی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button