تازہ ترینخبریںپاکستان

سانحہ نومئی : پاکستان بار کونسل نے ملٹری کورٹس ٹرائلز کی مخالفت کردی

پاکستان بار کونسل نے آج ہونے والے بار ایسوسی ایشنز اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا، جس میں سانحہ نومئی کے حوالے سے گرفتار شہریوں کی ملٹری کورٹس میں ٹرائلز کی مخالفت کردی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان بار کونسل نے اپنے اعلامیے میں ایک بار پھر سانحہ 9مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے عام شہریوں کے ملٹری کورٹس میں ٹرائلز کی مخالفت کی ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ نے اختیارات کا استعمال کیا اور سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون بنایا، عدالتی اصلاحات قانون وکلاء برادری کی دو دہائیوں کی جدوجہد کا نتیجہ ہے۔

پاکستان بار نے مطالبہ کیا ہے کہ سپریم کورٹ عدالتی اصلاحات قانون کیخلاف حکم امتناع واپس لے، ریویو آف ججمنٹس اینڈ آرڈر ایکٹ2023متاثرہ فریق کو اپیل کا حق دیتا ہے اور یہ حق اشرافیہ کیلئے نہیں بلکہ عام عوام کے لیے فائدہ مند ہے۔

اعلامیہ کے مطابق سپریم کورٹ ریویو آف ججمنٹس اینڈ آرڈر قانون کو معطل نہ کرے، آڈیو لیکس کمیشن ٹی اوآر کے مطابق آزادانہ کام کرکے رپورٹ حکومت کو دے، آڈیو لیکس کی تصدیق کرکے عوام کو حقائق سے آگاہ کرنا چاہیے۔

بار نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ لائرز ویلفیئر اینڈ پروٹیکشن ایکٹ2023 کو عملی طور پر نافذ کیا جائے، وزارت قانون وکلاء تحفظ قانون کے تحت قوانین بنائے تاکہ مستفید ہوسکیں، اعلیٰ عدلیہ میں ججز کی تعیناتی سنیارٹی، فٹنس اور میرٹ کی بنیاد پر ہونی چاہیے۔

اس کے علاوہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے جوڈیشل کمیشن کے نئے قوانین بنائے جائیں اور جب تک نئے رولز نہیں بنتے تو پرانے طریقہ کار کےتحت ججز کی تعیناتی کی جائے، سپریم کورٹ جوڈیشل کمیشن کی دوبارہ تشکیل کرے اور بارز کو نمائندگی دے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ججز کی خالی نشستوں پر خیبرپختونخوا اور متعلقہ صوبے سے تعیناتی کی جائے، عام شہریوں کے ملٹری کورٹس میں ٹرائل کی مخالفت کرتے ہیں، سانحہ 9مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے ٹرائلز اےٹی سی میں کرائے جائیں۔

پاکستان بار اعلامیے میں کہا گیا کہ انسداد دہشت گردی کی عدالتیں 7دنوں میں مقدمات کا فیصلہ کریں، سیاسی جماعتیں جمہوری عمل کے تسلسل کیلئے گرینڈ ڈائیلاگ کا آغاز کریں، پاکستان بار کونسل سیاسی جماعتوں میں مفاہمت کیلئے کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

اعلامیہ میں بار کونسل نے کوئٹہ میں وکیل کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان بار کی جانب سے کل ملک بھر میں عدالتوں کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے، بار کونسل کے مطابق جون کے تیسرے ہفتے میں ملک بھر کی بار کونسلز اور ایسوسی ایشنزکا اجلاس پشاور میں منعقد ہوگا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button