تازہ ترینخبریںصحتصحت اور غذا

گرمیوں میں پرسکون نیند لانے کے لیے کیا کھائیں؟

موسم گرما میں جہاں ہمارے طرز زندگی میں تبدیلی آتی ہے وہیں ہمیں صحت کے کچھ مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے جیسے کے نیند کا بے سکون ہوجانا یا بھوک میں کمی محسوس ہونا۔

ماہرین کے مطابق نیند کے دوران جسم کا درجہ حرارت نسبتاً کم ہوتا ہے، لیکن آپ کے اردگرد درجہ حرارت زیادہ ہو تو آپ کے لیے بھرپور نیند لینا مشکل ہو جاتا ہے اور اگر نیند آ بھی جائے رات کروٹیں لیتے گزرتی ہے۔

اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے موسم گرما میں خوراک اہم کردار ادا کر سکتی ہے، ہم سب جانتے ہیں کہ اس موسم میں دن کے وقت ہمیں ہلکی اور ہائیڈریٹ کرنے والی خوراک استعمال کرنی چاہیئے، لیکن رات کو کیا کھایا جائے کہ نیند اچھی آئے۔

رات کے کھانے کے بعد میٹھے سے پرہیز

بہت سے لوگ رات کے کھانے کے بعد میٹھا پسند کرتے ہیں، لیکن اچھی نیند کے لیے کھانے کے بعد میٹھے سے پرہیز کریں خصوصاً جب کھانے اور بیڈ پر جانے کے درمیان زیادہ وقت نہ ہو۔ میٹھا جسم میں انسولین کے لیول کو متاثر کرتا ہے جس کی وجہ نیند بھی متاثر ہوتی ہے۔

مصالحے دار چیزوں سے جان چھڑائیں

مصالحے ہمارے نظام ہضم کو نقصان پہنچاتے ہیں، ان کی وجہ سے ہمیں تیزابیت، ڈکار اور قبض اور دیگر مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اگر آپ کا نظام ہضم ٹھیک نہیں تو نیند آنے میں بھی مشکل ہو سکتی ہے۔ مزید یہ کہ مصالحے جسم کے درجہ حرارت کو بھی بڑھاتے ہیں۔

ہربل چائے، بابونہ چائے یا گرم دودھ کا استعمال

سونے سے پہلے بابونہ کی جڑی بوٹی کا قہوہ استعمال کریں، اس کی تاثیر ٹھنڈی ہوتی ہے اور یہ ہمارے جسم کو پرسکون کرنے میں مدد دیتی ہے جس سے نیند بہتر ہوتی ہے۔

اس کے علاوہ آپ زیرے، سونف، دارچینی اور جیفل کو ملا کر قہوہ بھی بنا سکتے ہیں۔ یہ سب جڑی بوٹیاں بھرپور نیند کے لیے مددگار سمجھی جاتی ہیں۔

گرم دودھ بھی صدیوں پرانا نسخہ ہے جس سے اچھی نیند آتی ہے۔ سونے سے پہلے کیفین جیسے چائے اور کافی کا استعمال نہ کریں کیونکہ اس سے نیند متاثر ہوتی ہے۔

کیلے، خشک میوے اور شہد کا استعمال

اگر آپ ان اشیا کو خوراک میں شامل کریں تو نیند اچھی آتی ہے۔ شہد سے دماغ کو ایسے کیمیکل ملتے ہیں جو جسم کو راحت پہنچاتے ہیں۔ کیلوں اور خشک میوں میں میگنیشیئم ہوتی ہے اور ریسرچ سے معلوم ہوا ہے کہ ان سے ذہنی تناؤ میں کمی ہوتی ہے۔

طرز زندگی میں تبدیلی لائیں

ہماری نیند تناؤ اور بے چینی جیسے مسائل کی وجہ سے متاثر ہوتی ہے، لہٰذا اس کے لیے صرف خوراک مفید ثابت نہیں ہوتی بلکہ لائف سٹائل کو بھی بدلنا ضروری ہے۔

بہتر یہی ہے کہ رات کو سونے سے تین چار گھنٹے قبل کھانا کھا لیں تاکہ وہ اچھی طرح سے ہضم ہو سکے، اس کے علاوہ سونے سے پہلے ٹھنڈے پانی سے نہ نہائیں کیونکہ اس سے نیند متاثر ہوتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button