
پریس ریلیز
پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام: لاہور ریجن میں اسکول کرکٹ کے مقابلے 22 اکتوبر سے دوبارہ شروع ہوں گے
110 لیگ میچز مکمل، مجموعی طور پر 138 میچز کے انعقاد کے بعد 22 گروپس کی ٹاپ ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے میں مدمقابل ہوں گی، خواجہ ندیم احمد
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ٹیلنٹ ہنٹ اسکول کرکٹ پروگرام کے تحت لاہور ریجن میں جاری مقابلے تین روزہ وقفے کے بعد 22 اکتوبر سے دوبارہ شروع ہوں گے۔ لاہور ریجن میں 19 سے 21 اکتوبر تک جاری رہنے والے ایج گروپ ٹرائلز کے باعث اسکول کرکٹ ٹورنامنٹ کے میچز عارضی طور پر ملتوی کیے گئے تھے، کیونکہ اسکولوں اور کلبوں سے تعلق رکھنے والے بڑی تعداد میں کھلاڑی ان ٹرائلز میں شرکت کے باعث مصروف تھے۔
صدر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن خواجہ ندیم احمد کے مطابق اب تک لاہور ریجن میں اسکول کرکٹ ٹورنامنٹ کے 110 لیگ میچز کامیابی سے مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ ایونٹ کے تحت مجموعی طور پر 138 لیگ میچز کھیلے جانے ہیں۔ لیگ مرحلے کی تکمیل کے بعد 22 گروپس کی ٹاپ ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنائیں گی، جہاں ٹیموں کے درمیان اگلے مرحلے تک رسائی کے لیے سنسنی خیز مقابلے متوقع ہیں۔
خواجہ ندیم احمد نے اب تک ٹورنامنٹ میں ہونے والی پیش رفت، کھلاڑیوں کی کارکردگی اور انتظامی امور پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محدود وقت میں 110 میچز کا منظم اور خوش اسلوبی سے انعقاد ایک اہم پیش رفت ہے۔ اسکول کرکٹ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار، مسابقتی کرکٹ کا تجربہ حاصل کرنے اور مستقبل میں اعلیٰ سطح پر نمائندگی کے مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
صدر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد میں تعاون کرنے والی گراؤنڈ اتھارٹیز کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے ٹاؤن شپ وائٹس، البلال، ٹاؤن شپ گرینز، پنڈی جمخانہ، نیو اتفاق، علیم ڈار اکیڈمی، جلو اسٹیڈیم، مائفا گراؤنڈ، کشمیر کراؤن، چاند میموریل اور ایل ڈی اے شاہدرہ کی خدمات کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ گراؤنڈ اتھارٹیز کا تعاون، ٹورنامنٹ کمیٹی کی مخلصانہ کاوشیں، میچ آفیشلز کی بھرپور شمولیت اور بالخصوص لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے کرکٹ آپریشنز ڈیپارٹمنٹ کی انتھک محنت اس ایونٹ کو منظم انداز میں آگے بڑھانے میں بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ تمام متعلقہ اداروں اور افراد نے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا کر اسکول کرکٹ کے اس بڑے مقابلے کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔
خواجہ ندیم احمد کا کہنا تھا کہ واضح منصوبہ بندی، باہمی تعاون، خلوصِ نیت اور بلند عزم کے ساتھ مختصر وقت میں بڑے اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ لاہور ریجن میں اب تک 110 میچز کا کامیاب انعقاد اسی اجتماعی کوشش کا ثبوت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹورنامنٹ کے بقیہ میچز بھی اسی نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ انداز میں مکمل ہوں گے اور نوجوان کرکٹرز کو اپنی صلاحیتیں منوانے کے بھرپور مواقع میسر آئیں گے۔







