ٹائیگر شروف پر حملے کے بعد سلمان خان پہلی بار منظرِ عام پر، سیکیورٹی سخت

حال ہی میں بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف پر ہونے والے حملے کے بعد سلمان خان گزشتہ روز پہلی بار منظرِ عام پر آئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دبنگ اداکار کو ممبئی کے نجی ایئر پورٹ پر مسلح سیکیورٹی اہلکاروں کے حصار میں دیکھا گیا۔
اداکار ٹائیگر شروف پر 18 اکتوبر کو قاتلانہ حملے کی کوشش کے بعد فلمی صنعت میں سنجیدہ فضا چھائی ہوئی ہے، اس واقعے کے سلسلے میں اب تک 4 افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے
مہاراشٹر کے نائب وزیرِاعلیٰ ایکناتھ شندے نے ٹائیگر شروف سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے بعد تمام معروف شخصیات کی سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لینے کی یقین دہانی کرائی تھی اور بظاہر اس عمل کا آغاز ہو چکا ہے۔
سلمان خان منگل کی صبح ممبئی کے نجی ایئر پورٹ پر معمول سے زیادہ سخت سیکیورٹی کے حصار میں دکھائی دیے، اس موقع پر خصوصی حفاظتی یونٹ کے مسلح اہلکار بھی تعینات تھے
میڈیا رپورٹس کے مطابق گینگسٹر لارنس بشنوئی کی جانب سے مسلسل ملنے والی دھمکیوں کے پیشِ نظر سلمان خان کی سیکیورٹی کو ترجیحی بنیادوں پر مزید سخت کیا گیا ہے۔
ٹائیگر شروف سے متعلق حالیہ واقعے میں بھی ایک غیر مصدقہ وائس کلپ گردش کر رہا ہے، جس میں سلمان خان کا نام لیا گیا ہے۔
مذکورہ پیغام میں کہا گیا کہ آج ٹائیگر شروف کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی ذمے داری انیل پنڈت اور ہرمن سندھو قبول کرتے ہیں، ہم نے پہلے فون کر کے اسے خبردار کیا تھا لیکن وہ بات نہیں سمجھا، اس لیے آج ہم نے اسے اچھی طرح سمجھا دیا۔
پیغام میں کہا گیا ہے کہ ممبئی کی فلمی صنعت میں جو بھی ہماری بات نہیں مانے گا یا سلمان خان کے ساتھ کام کرے گا، اگلا نشانہ وہ ہو گا، انتظار کریں اور دیکھتے رہیں۔







