نظامِ انصاف پر سوالیہ نشان
نظامِ انصاف پر سوالیہ نشان
شہرِ خواب
صفدر علی حیدری۔۔۔
کسی بھی ریاست کی پہچان اس کے بلند و بالا ایوانوں، وسیع شاہراہوں اور طاقت ور حکمرانوں سے نہیں ہوتی۔ ریاست کی اصل پہچان اس کے نظامِ انصاف سے ہوتی ہے۔ جہاں قانون کمزور اور طاقتور کے لیے الگ الگ پیمانے رکھتا ہو، وہاں جمہوریت محض ایک انتظامی اصطلاح بن کر رہ جاتی ہے۔
پاکستان میں آج ایک بار پھر نظامِ انصاف، جمہوریت، سیاسی انتقام اور آئین کی بالادستی کے حوالے سے کئی سوال اٹھ رہے ہیں۔ عمران خان کا اپنی صحت اور علاج کے حوالے سے اعلیٰ عدلیہ کو خط لکھنا اسی سلسلے کی ایک تازہ کڑی ہے۔ ( اگرچہ اس خط کے حوالے سے شکوک کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ شاید یہ انہوں نے نہیں لکھا)۔
ایک طرف ان کے اہل خانہ طبی سہولتوں پر تشویش ظاہر کر رہے ہیں، دوسری طرف حکومتی نمائندے جیل میں ضروری سہولتوں کی فراہمی کا دعویٰ کرتے ہیں۔ اب عدالتوں اور آزاد طبی ماہرین کی ذمہ داری ہے کہ حقائق کا تعین کریں۔ کسی قیدی کی صحت سیاسی بحث کا ایندھن نہیں بننی چاہیے۔ لیکن سوال صرف عمران خان کا نہیں، اس نظام کا ہے جس میں ایک سابق وزیراعظم کو اپنے بنیادی حقوق کے لیے اعلیٰ عدلیہ کے دروازے پر دستک دینا پڑتی ہے اور عام شہری برسوں عدالتوں کے چکر لگانے کے باوجود داد رسی کا منتظر رہتا ہے۔ کسی قیدی کو علاج کی ضرورت ہے تو یہ اس کا حق ہے، رعایت نہیں۔ کسی کے خلاف مقدمہ ہے تو فیصلہ قانون اور شواہد کی بنیاد پر ہونا چاہیے، سیاسی پسند و ناپسند پر نہیں۔
اپریل 2022ء کی وہ رات کون بھول سکتا ہے جب سیاسی و آئینی بحران کے دوران سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں معمول کے اوقات سے ہٹ کر کارروائی ہوئی۔ عدالتوں کو غیر معمولی حالات میں فوری کارروائی کا اختیار حاصل ہے، مگر سوال یہ ہے کہ انصاف کی یہی فعالیت عام شہری کے بنیادی حقوق کے معاملے میں کیوں دکھائی نہیں دیتی؟ عدالت کا دروازہ رات کے بارہ بجے کھل سکتا ہے تو انصاف کا دروازہ دن کے بارہ بجے بھی بند نہیں ہونا چاہیے۔ اسی تناظر میں 17نومبر 2026ء کو کراچی پریس کلب میں بلاول بھٹو زرداری کا خطاب خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے عمران خان کو سیاسی قیدی تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیاسی قیدیوں کو رہا کرنا ہوگا، آج نہیں تو کل۔ ان کا کہنا تھا کہ چاہے کسی کو تحریکِ انصاف پسند ہو یا نہ ہو، پاکستان اس جماعت کے بغیر نہیں چل سکتا، کیونکہ وہ ایک سیاسی حقیقت اور ملک کی اہم سیاسی قوت ہے۔ انہوں نے مخصوص نشستوں، انتخابی نشان کی واپسی اور سیاسی انتقام کے خاتمے پر بھی زور دیا اور کہا کہ اپوزیشن کو اس کی نشستیں بغیر کسی شرط کے واپس کرنا اعتماد کی بحالی کا مثبت قدم ہوگا۔ ان کا یہ اعتراف بھی اہم تھا کہ تحریکِ انصاف سے غلطیاں ہوئی ہوں گی، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ سیاسی انتقام کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔
یہ بات تازہ ہوا کے جھونکے کی مانند محسوس ہوئی۔ اس لیے نہیں کہ بلاول نے کوئی غیر معمولی انکشاف کیا، بلکہ اس لیے کہ سیاسی اختلاف کے باوجود مخالف کے حقوق تسلیم کرنے کی بات کی۔ بڑے بڑے قلم کار، دانش ور اور انسانی حقوق کے علم بردار موجود ہیں، لیکن جب تحریکِ انصاف کی قیادت اور کارکنوں کے حقوق کی بات آتی ہے تو بعض حلقوں کی آواز مدھم پڑ جاتی ہے۔ انسانی حقوق اگر صرف ہم خیال لوگوں تک محدود ہو جائیں تو وہ اصول نہیں، سیاسی وابستگی بن جاتے ہیں۔ کسی کے ساتھ ہونے والی زیادتی پر آواز اٹھانے کے لیے اس کا ہم خیال ہونا ضروری نہیں۔ہماری سیاسی تاریخ میں نواز شریف کا معاملہ بھی اس بحث سے الگ نہیں۔ ایک وقت تھا جب وہ ’’ مجھے کیوں نکالا‘‘ کا سوال اٹھا رہے تھے۔ انہیں نااہلی کا سامنا کرنا پڑا، مقدمات چلے اور سزائیں ہوئیں۔ علاج کی غرض سے بیرونِ ملک گئے اور 2023ء میں وطن واپسی کے بعد ان کے مقدمات میں قانونی ریلیف کا سلسلہ شروع ہوا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ان کی اپیلیں بحال کیں اور بعد ازاں ایون فیلڈ ریفرنس میں انہیں بری کر دیا۔ ہر شخص کو قانونی داد رسی کا حق حاصل ہے، مگر سیاسی حالات میں آنے والی تبدیلیوں نے عوامی ذہن میں سوالات ضرور پیدا کیے۔
یہ مسئلہ کسی ایک جماعت تک محدود نہیں۔ مسلم لیگ نون ہو، تحریکِ انصاف ہو، پیپلز پارٹی ہو یا کوئی دوسری جماعت، اقتدار میں آنے کے بعد ہر ایک کو اسی آئین اور قانون کا پابند رہنا چاہیے جس کی بالادستی کا مطالبہ وہ اپوزیشن میں کرتی ہے۔ اپنے خلاف مقدمہ سیاسی انتقام اور مخالف کے خلاف مقدمہ احتساب قرار دینا ہماری سیاست کا مستقل تضاد ہے۔ اور یہیں سے اصل سوال شروع ہوتا ہے، عام شہری کا سوال۔
نظامِ انصاف کا سب سے بڑا المیہ عام شہری کی بے بسی ہے۔ کسی غریب کی زمین پر قبضہ ہو جائے، کسی مزدور کی اجرت روک لی جائے، کسی بیوہ کو وراثت سے محروم کر دیا جائے یا کسی مقتول کے خاندان کو انصاف کے لیے بھٹکنا پڑے تو اس کی فریاد برسوں فائلوں میں دبی رہتی ہے۔
وہ صبح عدالت جاتا ہے، سارا دن ایک بینچ کے باہر کھڑا رہتا ہے اور شام کو صرف ایک نئی تاریخ لے کر گھر لوٹتا ہے۔ وکیل کی فیس، پیشیوں کے اخراجات، کرایہ اور تاریخ پر تاریخ، اس کی زندگی کا حصہ بن جاتے ہیں۔ اس کے بچے بڑے ہو جاتے ہیں، بال سفید ہو جاتے ہیں، مگر مقدمہ وہیں کا وہیں رہتا ہے۔
سوال یہ ہے کہ عام آدمی کو بھی وہی توجہ اور رفتار کیوں میسر نہیں جو بااثر لوگوں کے معاملات میں دکھائی دیتی ہے؟ اگر ایک سابق وزیراعظم کا خط اعلیٰ عدلیہ تک پہنچ سکتا ہے تو ایک مزدور کی فریاد بھی اسی تیزی سے کیوں نہیں سنی جا سکتی؟ اگر ایک سیاسی رہنما کے لیے رات کو عدالت کھل سکتی ہے تو ایک بیوہ کے لیے دن میں عدالت کا دروازہ کیوں بند رہتا ہے؟۔
انصاف اگر صرف طاقتوروں کے لیے تیز اور کمزوروں کے لیے سست ہے تو وہ انصاف نہیں، سہولت ہے۔ اور سہولت کبھی ریاست کی بنیاد نہیں بن سکتی۔ عدلیہ سے سوال کرنا توہین نہیں، بشرطیکہ سوال دلیل، احترام اور آئینی دائرے میں رہ کر کیا جائے۔ عدالتی فیصلوں سے اختلاف ممکن ہے، لیکن عدالتوں پر دبائو ڈالنا جمہوری رویہ نہیں۔ عدلیہ کی آزادی صرف حقیقت میں نہیں بلکہ عوام کے اعتماد میں بھی دکھائی دینی چاہیے۔ انصاف ہونا ہی نہیں، ہوتا ہوا نظر بھی آنا چاہیے۔
ہمیں ایسا پاکستان چاہیے جہاں جرم ثابت ہو تو سزا ملے، بے گناہ کو رہائی ملے، بیمار قیدی کو علاج ملے اور سیاسی مخالف کو بھی وہی بنیادی حقوق حاصل ہوں جو حکمران جماعت کے رہنمائوں کو حاصل ہیں۔
تاریخ صرف یہ نہیں پوچھے گی کہ کون اقتدار میں تھا اور کون قید میں؛ وہ یہ بھی پوچھے گی کہ جب آئین، قانون اور انسانی حقوق کے تقاضی سامنے آئے تو کس نے ان کا ساتھ دیا۔ انسانی حقوق کا اصل امتحان اپنے ہم خیال کے لیے آواز اٹھانا نہیں بلکہ اپنے مخالف کے حق میں بھی اصولی موقف اختیار کرنا ہے۔ کیونکہ جس ملک میں انصاف سوالیہ نشان بن جائے، وہاں جمہوریت کا دعویٰ بھی جواب طلب ہو جاتا ہے۔





