Columnمحمد مبشر انوار

انصاف ۔ بھیک یا حق

انصاف ۔ بھیک یا حق!!
محمد مبشر انوار
ہمارے خطے کی یہ خاصیت ہے کہ یہاں انا و ضد کے نام پر، انتقام لینا یا انتقامی کارروائیاں کرنا، معمول کا حصہ سمجھا جاتا ہے،جو جتنا بااثر،جتنا طاقتور ہے،اس کی انا و ضد بھی اتنی ہی بڑی اور انتقامی کارروائی بھی اسی تناسب سے دیکھی جا سکتی ہے۔ خاندان،گلی محلوں میں ’’ ناک‘‘، ’’ شملہ‘‘ کو اونچا رکھنے کے لئے، کیسے کیسے جھوٹ بولے جاتے ہیں، کس طرح جال بچھائے جاتے ہیں،کیسے پھانسا جاتا ہے،کس طرح نفسیات سے کھیل کر دوسروں کو گرایا جاتا ہے یا طاقت کے زور پر جھکایا جاتا ہے،یہ سب عام معمولات ہیں اور ہماری زندگی میں ہمیں نظر آتے ہیں۔ کہیں چھوٹے چھوٹے مفادات ہیں تو کہیں اختیارات کا حصول دکھائی دیتا ہے لیکن ہر ایسے کھیل میں ایک چیز واضح ہیں کہ ’’ ذاتی مفاد‘‘ کی ترجیح ہی دکھائی دیتی ہے کہ ہمارے معاشرے کی اٹھان ہی اسی ایک نکتے پر دکھائی دیتی ہے کہ مجھ سے بہتر نہ کوئی ہے اور نہ ہی کوئی مجھ سے زیادہ حقدار ہے،لہذا اپنے مقاصد کے حصول کے لئے میں جو بھی کروں ،وہ سب جائز ہے، خواہ اس کے لئے میں اقدار و قوانین کو روند دوں یا ان کا خون بھی کردوں ،مجھے سب معاف ہی نہیں بلکہ میرے لئے جائز بھی ہے۔یہاں بدقسمتی سے قوانین بھی فرد واحد کی خواہشات کو سامنے رکھ کر بنائے جاتے ہیں جو فقط وقتی طورپر صرف فرد واحد کوفائدہ دیتے ہیںجبکہ بہ حیثیت مجموعی قومی مفادات کو شدید نقصان پہنچاتے ہیں،قومی امیج کو بگاڑ کررکھ دیتے ہیں،پوری دنیا میں شرمندگی کا باعث بنتے ہیں مگر کسی فرد واحد کو اس سے قطعا کوئی غرض نہیں،بس اپنا مفاد حاصل ہونا چاہئے۔ ملک و ریاست کو کسی قاعدے اور قانون کے مطابق چلنے سے روکنا اگر کسی فرد واحد کے مفاد سے مطابقت نہیں رکھتا تو قانون کو خلاف روح بدلنے میں بھی کوئی عار محسوس نہیں ہوتی،عموما ایسے معاملات میں ،کولہوکے بیل کی مانند،دائروں کاسفر جاری رکھے ہوئے ہیںاور اس میں ہمیں کوئی شرم بھی محسوس نہیں ہوتی۔ اختیارات کے اس کھیل میں،ایک طاقتور شخصیت ،ریاست کے دیگر اداروں کو اپنے تابع دیکھنا چاہتی ہے، اس کے لئے ماورائے قانون ،منصوبہ بندی بھی کرتی ہے،بند کمروں میں معاہدے بھی کرتی ہے،جمہوریت کے نام پر بدترین آمریت بھی قائم کرتی ہے بلکہ جمہوری اقدار کا گلا گھونٹ کر ،جمہور کی رائے کو روند کر’’ ووٹ کے تقدس‘‘ کو پامال کرکے،شکست خوردہ کو مسند اقتدار پر بٹھانے سے بھی گریز نہیں کرتی اور اس عمل میںوہ تمام کل پرزے بھی ساتھ دیتے ہیں،جن کا کام ہی ایسی ناانصافی کے خلاف بروئے کار آنا ہے۔ جھوٹے مقدمات قائم کرنا اور پھر ان مقدمات کی سنوائی میں رکاوٹیں ڈالنا،عدالتی نظام پر اثر انداز ہونا،اسیروں کے حقوق سلب کر کے ان کو توڑنے کی کوشش کرنا، ہماری تاریخ میں عام دکھائی دیتا ہے اور بے چارہ مظلوم جیل کی سلاخوں کے پیچھے اپنے حقوق حاصل کرنے کے لئے، ایڑیاں رگڑتا رہتا ہے مگر نہ اسے اس کے حقوق ملتے ہیں اور نہ ہی انصاف اس کے نصیب میں ہوتا ہے البتہ جو لوگ ہتھیار ڈال دیتے ہیں، ان کے لئے نہ صرف جیل کے اندر تمام سہولیات میسر ہوتی ہیں بلکہ ان کے لئے جیل کے دروازے بھی کھل جاتے ہیں اور مفرور کی حیثیت کے باوجود عدالتی کارروائیاں ایئر پورٹ پر مکمل کی جاتی ہیں، جسے بہرطور انصاف نہیں کہا جا سکتا۔
ویسے تو ہر سیاسی رہنما ،اقتدار میں رہنے کے باوجود سویلین بالا دستی کا راگ الاپتا ہے ،قانون کی بالا دستی چاہتا ہے مگر اقتدار میں رہتے ہوئے مخالفین کے لئے ہر وہ حربہ استعمال کرتا ہے،جو اس دعوے کی نفی کرتے ہیں،اور اس پر اپنی بے بسی کو پس پردہ طاقتور ترین شخصیت کی خواہشات کو قرار دیتا ہے مگر اقتدار کو لات مارنے کی جرآت نہیں کر تا ۔ پاکستانی سیاسی تاریخ میں اصولوں کی سیاست کے حوالی سے کوئی بہت معتبر نام نہیں ملتے تاہم عصر حاضر میں جہاں ایک طرف تمام سیاسی رہنما طاقتور ترین شخصیت کے سامنے سپر ہو چکے ہیں،اس وقت عمران خان وہ واحد سیاسی رہنما ہیں جو بہرحال عوامی سیاست کرتے دکھائی دیتے ہیں اور اس کی قیمت انتہائی سخت قید کی صورت ادا کر رہی ہیں۔ بطور ایک سیاسی رہنما،عمران خان اس وقت حقیقی آزادی کی جدوجہدکررہے ہیں مگر ان کے مخالفین کو یہ منظور نہیں اور وہ ہر صورت اس آواز کو خاموش کرانے کے درپے ہیں کہ وہ نہیں چاہتے کہ عمران خان کی عوامی پذیرائی برقرار رہے دوسری طرف عمران خان ہے کہ جو صرف ایک بات کرتا ہے کہ اس پر قائم جھوٹے مقدمات کی اسے کوئی پرواہ نہیں مگر اسے مقدمات کی منصفانہ شنوائی کا حق دیا جائے،اس ضمن میں عمران خان نے اپنے وکیل سلمان صفدر کے توسط سے سپریم کورٹ آف پاکستان،وفاقی آئینی عدالت اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹسز کو ایک کھلا خط لکھا ہے،جس میں انہوں نے کہا ہے کہ میرے معزز جج صاحبان!11 نومبر 2026ء کو سینٹرل جیل اڈیالہ میں تین گھنٹے طویل ملاقات کے دوران میرے موکل جناب عمران احمد خان نیازی نے مجھے اپنی ہدایات اور نوٹس دئیے اور کہا کہ میں ان کے الفاظ آپ کے سامنے پیش کروں۔ میں نے یہ خط مکمل دیانت داری کے ساتھ صرف انہی کی ہدایات پر تحریر کیا ہے۔ آگے جو کچھ درج ہے، وہ انہی کے الفاظ میں ہے، میرے معزز جج صاحبان! یہ الفاظ آپ تک ایک تنہا کوٹھڑی سے پہنچ رہے ہیں، جنہیں میرا وکیل آپ تک پہنچا رہا ہے، کیونکہ اب میری آواز ان دیواروں سے باہر پہنچنے کا یہی واحد راستہ رہ گیا ہے۔ میں یہ خط ایک سابق وزیراعظم کی حیثیت سے یا کسی سیاسی جماعت کے سربراہ کی حیثیت سے نہیں لکھ رہا۔ میں نے اپنی زندگی پاکستان کے لیے وقف کی ہے۔ میں نے کرکٹ کے میدان میں، سماجی خدمات اور فلاحی کاموں میں اور ملک کے 22ویں وزیراعظم کی حیثیت سے پاکستان کی خدمت کی ہے۔ ستر سال تک میرے نام کے خلاف ایک بھی فوجداری مقدمہ موجود نہیں تھا۔ لیکن ستر سال کی عمر کے بعد سیاسی انتقام کی ایک غیر معمولی اور بے رحم مہم شروع ہوئی، جس کے تحت میرے خلاف بے شمار مقدمات قائم کیے گئے، عدالتوں میں سو سے زائد مرتبہ پیشیاں ہوئیں، بار بار قبل از گرفتاری ضمانت حاصل کرنا پڑی اور ایسے حملے بھی ہوئے جن سے اللہ کے فضل و کرم سے میں محفوظ رہا۔ ان تمام حالات کے باوجود میں نے قانون کا راستہ اختیار کیا۔ میں نے فیصلہ کیا کہ ان تمام سیاسی بنیادوں پر قائم مقدمات کا مقابلہ عدالتوں میں کروں گا اور میں کبھی پیچھے نہیں ہٹا۔وقتاً فوقتاً مجھے عدالتوں سے ریلیف ملا اور ہر مرتبہ اس سے میرا یہ یقین مزید مضبوط ہوا کہ انصاف غالب آئے گا۔ تاہم آئینی ترامیم کے بعد یہ ریلیف محدود ہوتا چلا گیا اور پھر مکمل طور پر ختم ہوگیا۔ یہ بات مجھے گہرے دکھ کے ساتھ کہنا پڑ رہی ہے کہ جب مجھے سب سے زیادہ انصاف کی ضرورت تھی، اس وقت عدالتی نظام میرے اعتماد پر پورا نہ اتر سکا۔اڈیالہ جیل کی دیواروں کے اندر، میں اور میری اہلیہ مسلسل ایک کے بعد دوسرے فوجداری مقدمے کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ ہماری اپیلیں اب بھی فیصلوں کی منتظر ہیں۔اس کے باوجود میں نے کبھی طبی بنیادوں پر ریلیف حاصل کرنے کی کوشش نہیں کی اور نہ ہی بیماری کو کسی حکمتِ عملی کے طور پر استعمال کیا۔ میں نے ہمیشہ مقدمات کا مقابلہ ان کے میرٹ پر اور مکمل اعتماد کے ساتھ کیا ہے اور اب بھی کر رہا ہوں۔
20 دسمبر 2025ء کو توشہ خانہ ( بلغاری) کیس کا فیصلہ سنائے جانے کے روز حالات مکمل طور پر تبدیل ہوگئے۔ مجھے مکمل طور پر تنہا کر دیا گیا، بیرونی دنیا سے میرا رابطہ منقطع کر دیا گیا اور روزانہ 22گھنٹے تک اذیت ناک تنہائی میں رکھا گیا۔یہ تمام اقدامات ہر آئینی حق اور جیل قوانین کے تحت ایک قیدی کو حاصل بنیادی سہولیات کی صریح خلاف ورزی تھے۔ مجھے خاندان سے ملاقات کی اجازت نہیں تھی، وکلا تک رسائی نہیں تھی، اپنے بیٹوں سے فون پر بات کرنے کی اجازت نہیں تھی، نہ کتابیں تھیں اور نہ ہی ٹیلی ویژن۔ میری آنکھ کی بینائی جانے کے متعلق کسی کو علم نہیں تھا کہ میرا رابطہ بیرونی دنیا سے منقطع کر دیا گیا تھا۔300سے زائد مقدمات مگر وکلاء سے ملنے کی اجازت نہیں جبکہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے ساتھ بھی ایسا سلوک نہیں کیا گیا۔ بہرحال عمران خان کا خط اس وقت پوری دنیا میں شائع ہو چکا ہے، یہاں اس کا کچھ حصہ نقل کیا ہے جس کے متعلق ارباب اختیار یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ عمران خان این آر او مانگ رہا ہے۔ اس کی حقیقت بھی اگلے چند دن میں مزید واضح ہو جائیگی کہ آیا عمران خان کی بہنوں کی رہائی ،عمران خان سے کسی ڈیل کا نتیجہ ہے یا عمران خان کی بہنوں نے ذ اتی طور پریقین دہانی کے بعد رہائی حاصل کی ہے۔ تاہم عمران خان نے اپنے خط میں واضح طور پر لکھا ہے کہ وہ آج بھی ،آئینی ترامیم کے بعد عدالتی اختیار ختم ہونے کے باوجود، عدالتوں سے انصاف کی توقع کرتا ہے لیکن یہ بھی چاہتا ہے کہ اسے انصاف جلد دیا جائے نہ کہ بہت دیر ہو جائے، وہ چاہتا ہے کہ وہ خود کو ان مقدمات میں بے گناہ و بے قصور ثابت کرسکے لیکن اس کے لئے اس کا زندہ رہنا ضروری ہے۔ جو بیماریاں اسے ستر برس کی عمر تک نہیں ہوئی، اسے ان بیماریوں کا سامنا ہے اور اسے خدشہ ہے کہ اگر اسے اور اس کی اہلیہ کو بروقت اور مناسب علاج نہ ملا تو اس کی ابنی ذات کو، جن حالات میں اسے قید رکھا گیا ہے، برین ہیمرج اور دل کے دورے کا شدید خطرہ ہے تو اس کی اہلیہ کی بینائی مکمل طور پر متاثر ہو نے کا خدشہ ہے، وہ انصاف کی بھیک نہیں بلکہ آج بھی اپنا انصاف کا حق مانگ رہا ہے، کیا عدالتیں اپنے فرائض منصبی کی غیر جانبدارانہ ادائیگی کرتے ہوئے، اسے انصاف کا حق دیں گی؟؟

جواب دیں

Back to top button