
امریکی حملوں کے جواب میں ایرانی فوج نے کویت اور بحرین میں امریکی فوجی اڈوں اور دفاعی نظاموں کو نشانہ بنایا۔
پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا کہ فورسز نے کویت کے احمد الجابر ایئربیس پر نصب ابتدائی انتباہی ریڈار، میزائل دفاعی ریڈار سسٹم، ایف پی ایس-117 ریڈار، پیٹریاٹ دفاعی نظام اور فضائی دفاع کے سیٹلائٹ مواصلاتی نظام کو تباہ کر دیا۔
ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق آئی آر جی سی کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کا مقصد خطے میں ریڈار کوریج کو ختم کرنا تھا تاکہ آئندہ میزائل اور ڈرون حملوں کے لیے راستہ ہموار کیا جا سکے۔
دوسری جانب ایرانی فوج نے کامی کازی ڈرونز کے ذریعے کویت میں امریکی فوج کی 3 اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا
ایرانی فوج کے مطابق کیمپ عریفجان میں انتظامی عمارتوں اور سمت شناسی (Direction Finding) اینٹیناز، کیمپ العدیری میں ہیلی کاپٹروں کی پارکنگ جبکہ احمد الجابر ایئربیس پر فوجیوں کی رہائشی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی افواج کی کارروائیوں کے باعث خطے کا امن متاثر ہوا ہے اور ایرانی مسلح افواج امریکا کے خلاف کارروائیوں کے ذریعے خطے میں امن و استحکام بحال کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
کویتی فوج کا کہنا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے ایرانی میزائل اور ڈرونز کو تباہ کر دیا۔
ادھر پاسدارانِ انقلاب نے بحرین میں بھی امریکی دفاعی تنصیبات پر حملوں کا دعویٰ کیا۔
سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق آئی آر جی سی نے کہا ہے کہ بحرین کے محرق علاقے میں امریکی فضائی دفاعی نظام اور ریڈار کو تباہ کر دیا گیا







