تازہ ترینخبریںدنیاسیاسیاتپاکستان

این ڈی ایم اے کی ملک بھر میں شدید گرمی کی پیش گوئی، ہائی الرٹ جاری

راولپنڈی: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پیر کے روز شدید گرمی کی متوقع لہر کے پیش نظر ملک بھر میں ہنگامی پروٹوکولز جاری کرتے ہوئے ہسپتالوں کو الرٹ کر دیا ہے، کیونکہ غیر معمولی درجہ حرارت سے لاکھوں افراد متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ادارے کی ارلی وارننگ ٹیم نے پیش گوئی کی ہے کہ مئی سے جون کے دوران دن کے اوقات میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہے گا۔ ان حالات کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں، جن میں صوبائی و ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت، دیگر لائن ڈیپارٹمنٹس، ریسکیو ادارے، مسلح افواج اور وفاقی وزارتیں شامل ہیں، کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ جاری کردہ رہنما اصولوں پر فوری عملدرآمد کریں۔

دوسری جانب کراچی میں بھی رواں سال کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا، جہاں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شدید گرمی نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے، جہاں پہلے ہی پانی کی قلت، پائپ لائنوں کی خرابی اور کے الیکٹرک کی جانب سے لوڈشیڈنگ جیسے مسائل موجود ہیں۔

این ڈی ایم اے نے صوبائی اور ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہیٹ ویو کے خطرات سے متعلق عوامی آگاہی مہمات شروع کریں اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ترغیب دیں۔

جواب دیں

Back to top button