Column

کرپٹ اداروں کی درجہ بندی، اب خاتمہ بھی کیجیے

کرپٹ اداروں کی درجہ بندی، اب خاتمہ بھی کیجیے
تحریر: رفیع صحرائی
پاکستان میں کرپشن کا ذکر ہو تو ہر شخص دوسرے کو موردِ الزام ٹھہراتا ہے۔ عوام سرکاری افسران کو، افسران حکمرانوں کو، حکمران نظام کو اور ادارے وسائل کی کمی کو اپنی ناکامیوں کا ذمہ دار قرار دیتے ہیں، لیکن سوال یہ ہے کہ اس ملک سے کرپشن کا خاتمہ آخر کرے گا کون؟ کیا محض کرپشن کے خلاف تقاریر، بلند بانگ دعوے اور وقتاً فوقتاً چھاپے مارنے سے بدعنوانی ختم ہو سکتی ہے یا اس کے لیے پورے نظام کی اصلاح اور بلاامتیاز احتساب کی ضرورت ہے؟
وفاقی حکومت کی حالیہ قومی جائزہ رپورٹ (National Risk Assessment of Corruption Vulnerabilities) نے اس سوال کو ایک مرتبہ پھر قومی بحث کا موضوع بنا دیا ہے۔ رپورٹ میں وفاق کے25اہم سرکاری اداروں کا جائزہ لیا گیا اور ان اداروں میں کرپشن کے امکانات، انتظامی کمزوریوں، مالی بے ضابطگیوں اور نگرانی کے نقائص کی نشاندہی کی گئی ہے۔ یہ رپورٹ وزیراعظم کے معاشی گورننس اصلاحاتی پروگرام کے تحت تیار کی گئی، جس میں قومی احتساب بیورو ( نیب) نے تکنیکی معاونت فراہم کی۔ اس کا بنیادی مقصد کسی ادارے کو مجرم قرار دینا نہیں بلکہ ان خامیوں کی نشاندہی کرنا ہے جو بدعنوانی کے لیے راستہ ہموار کرتی ہیں۔
رپورٹ کا سب سے اہم انکشاف یہ ہے کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں ( ڈسکوز) 61.1پوائنٹس کے ساتھ کرپشن کے خطرات کے اعتبار سے پہلے نمبر پر ہیں۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) 54.4پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی ( سی ڈی اے) 49.5پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، پاسکو 47.1پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی ( این ایچ اے) 43.4پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔
اسی طرح پاکستان ریلوے چھٹے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ساتویں، پاکستان پوسٹ آٹھویں، سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز نویں اور ایویکیو ٹرسٹ پراپرٹی بورڈ دسویں نمبر پر ہیں۔ ان اداروں کے اسکور بالترتیب 41.1، 40.1، 39.9، 39.3 اور 39.3ہیں۔ یہاں یہ وضاحت ضروری ہے کہ یہ درجہ بندی کرپشن ثابت ہونے یا مجرموں کی تعداد کی بنیاد پر نہیں بلکہ کرپشن کے امکانات اور ادارہ جاتی کمزوریوں کے جائزے پر مشتمل ہے۔
رپورٹ کے مطابق 25اداروں میں سے صرف ایک ادارہ ہائی رسک، تین سبسٹینشل رسک، 14ماڈریٹ رسک اور سات لو رسک کے زمرے میں آئے۔ کوئی ادارہ انتہائی بلند خطرے کے درجے میں شامل نہیں ہوا۔ تاہم یہ اعدادوشمار کسی کے لیے اطمینان کا باعث نہیں ہونے چاہئیں، کیونکہ کرپشن کا خطرہ محض ایک انتظامی اصطلاح نہیں بلکہ عوام کی جیب، قومی خزانے اور ملکی معیشت سے جڑا ہوا مسئلہ ہے۔
اس جائزے کا ایک اور تشویش ناک پہلو یہ ہے کہ دس سرفہرست اداروں میں غیر شفاف سرکاری خریداری ( پروکیورمنٹ) سب سے بڑی مشترکہ کمزوری کے طور پر سامنے آئی ہے۔ نو اداروں میں سرکاری آمدن کی چوری یا رسائو (Revenue Leakage)اور کمزور مالی حساب کتاب، سات میں ملازمتوں اور تقرریوں سے متعلق خطرات، چھ میں جعل سازی اور بے ضابطگیوں جبکہ چار اداروں میں جعلی مستحقین کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ کرپشن صرف رشوت لینے یا دینے کا نام نہیں بلکہ اختیارات کا ناجائز استعمال، جعلی بھرتیاں، من پسند ٹھیکے، سرکاری وسائل کی چوری اور ریکارڈ میں ردوبدل بھی اس کی مختلف شکلیں ہیں۔
بجلی تقسیم کار کمپنیوں کا پہلے نمبر پر آنا خصوصی توجہ کا متقاضی ہے۔ بجلی چوری، جعلی میٹر ریڈنگ، غلط بلنگ، لائن لاسز، غیر قانونی کنکشن اور وصولیوں میں غفلت جیسے مسائل برسوں سے عوام کو پریشان کر رہے ہیں۔ ایک طرف ایماندار صارفین بھاری بل ادا کرتے ہیں تو دوسری طرف بجلی چوری اور ناقص انتظامی کارکردگی کا بوجھ بھی انہی کے کھاتے میں ڈال دیا جاتا ہے۔ سوال یہ ہے کہ اگر بجلی چوری روکنے، درست میٹرنگ اور شفاف بلنگ کا نظام قائم کر دیا جائے تو کیا عوام کو اتنے بھاری مالی بوجھ کا سامنا کرنا پڑے گا؟
ایف بی آر کا دوسرے نمبر پر آنا بھی لمحہ فکریہ ہے۔ یہ ادارہ قومی خزانے کے لیے محصولات جمع کرنے کی بنیادی ذمہ داری انجام دیتا ہے۔ اگر اسی ادارے میں ٹیکس کی غیر منصفانہ تشخیص، غیر ضروری چھوٹ، اختیارات کا ناجائز استعمال اور ٹیکس دہندگان کے ساتھ امتیازی سلوک جیسے خطرات موجود ہوں تو معیشت کیسے مستحکم ہو سکتی ہے؟ ٹیکس نیٹ بڑھانے کے لیے ضروری ہے کہ عام شہریوں پر بوجھ ڈالنے کے بجائے بڑے کاروباری طبقات، غیر دستاویزی معیشت اور ٹیکس چوری کے راستے بند کیے جائیں۔
اسی طرح سی ڈی اے، این ایچ اے اور دیگر اداروں میں سرکاری ٹھیکوں کی شفافیت انتہائی اہم ہے۔ سڑکوں، عمارتوں اور ترقیاتی منصوبوں کے ٹھیکے اگر میرٹ کے بجائے ذاتی تعلقات اور مالی مفادات کی بنیاد پر دیے جائیں تو قومی خزانے کو نقصان پہنچتا ہے۔ ناقص تعمیرات اور نامکمل منصوبے عوامی وسائل کے ضیاع کی واضح مثالیں ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر سرکاری منصوبے کی لاگت، ٹھیکے دار، تکمیل کی مدت اور معیار کی تفصیلات عوام کے سامنے رکھی جائیں۔
اس رپورٹ میں مجموعی طور پر 56ادارہ جاتی، 10مشترکہ گورننس اور 18ریگولیٹری نوعیت کی کمزوریوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ان خطرات کے تدارک کے لیے 396اقدامات تجویز کیے گئے ہیں، جن میں 146قلیل مدتی، 159 درمیانی مدت اور 91طویل مدتی ہیں۔ ان اصلاحات میں میرٹ پر تقرریاں، سرکاری ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن، اداروں کے درمیان ڈیٹا شیئرنگ اور نگرانی کے نظام کو مثر بنانا شامل ہے۔ عمل درآمد کی نگرانی کے لیے قومی تخفیف مانیٹرنگ کمیٹی بھی تجویز کی گئی ہے۔
بلاشبہ یہ ایک مثبت پیش رفت ہے کہ حکومت نے پہلی مرتبہ اداروں کی اندرونی کمزوریوں کا جائزہ لے کر اصلاحات کا راستہ متعین کرنے کی کوشش کی ہے، لیکن اصل امتحان اب شروع ہوگا۔ ماضی میں بھی کئی کمیشن بنے، رپورٹیں تیار ہوئیں، سفارشات پیش کی گئیں اور اصلاحات کے دعوے کیے گئے، مگر عملی نتائج اکثر مایوس کن رہے۔ ہمارے ہاں المیہ یہ ہے کہ بے ضابطگی سامنے آ جاتی ہے لیکن ذمہ دار کا تعین، سزا، ریکوری اور آئندہ کے لیی اصلاح کا عمل مکمل نہیں ہو پاتا۔
کرپشن کے خاتمے کے لیے چند بنیادی اقدامات ناگزیر ہیں۔ اول، تمام سرکاری اداروں میں تقرریاں سیاسی سفارش کے بجائے میرٹ پر کی جائیں۔ دوم، سرکاری خریداری اور ترقیاتی منصوبوں کے تمام مراحل آن لائن اور عوامی نگرانی کے لیے دستیاب ہوں۔ سوم، آڈیٹر جنرل کی نشاندہی کردہ بے ضابطگیوں پر مقررہ مدت میں کارروائی کی جائے۔ چہارم، احتساب کا نظام سیاسی وابستگی، عہدے اور اثر و رسوخ سے بالاتر ہو۔ پنجم، سرکاری ملازمین کے اثاثوں اور آمدن کے ذرائع کی قانونی حدود میں رہتے ہوئے موثر جانچ پڑتال کی جائے۔ اس کے ساتھ شکایات درج کرانے والوں کو تحفظ اور بدعنوانی کی اطلاع دینے والوں کی حوصلہ افزائی بھی ضروری ہے۔
سب سے بڑھ کر حکمران طبقے کو اپنے طرزِ عمل سے مثال قائم کرنا ہوگی۔ جب تک اقتدار کے ایوانوں میں سادگی، دیانت داری اور جواب دہی کا کلچر فروغ نہیں پاتا، نچلی سطح پر کرپشن کے خاتمے کی توقع رکھنا مشکل ہے۔ عوام کو بھی بجلی چوری، ٹیکس چوری، رشوت اور سفارش جیسے رویوں کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی۔ کرپشن کرنے والا ہی نہیں بلکہ اسے تحفظ دینے والا بھی قومی مجرم ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ کرپشن کسی ایک ادارے یا طبقے کا مسئلہ نہیں بلکہ قومی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹوں میں سے ایک ہے۔ اس کے باعث سرمایہ کاری متاثر، مہنگائی میں اضافہ، میرٹ کی پامالی اور عوام کا ریاستی اداروں پر اعتماد کمزور ہوتا ہے۔ حکومت نے 396اصلاحاتی اقدامات تجویز کرکے ایک راستہ ضرور دکھایا ہے، لیکن عوام کو رپورٹوں اور اعلانات سے زیادہ عملی نتائج درکار ہیں۔
سوال وہی ہے کہ کرپشن کا خاتمہ کون کرے گا؟ حکومت، عدلیہ، احتسابی ادارے، سرکاری افسران یا عوام؟ حقیقت یہ ہے کہ یہ ذمہ داری سب کی مشترکہ ہے، البتہ پہل ہمیشہ حکمرانوں اور طاقت ور اداروں کو کرنا ہوگی۔ کیونکہ جب قانون بنانے اور اس پر عمل درآمد کرانے والے خود قانون کے تابع ہوں گے تو ہی معاشرے میں تبدیلی آئے گی۔ ہمیں کرپشن کے خلاف مہم نہیں بلکہ کرپشن سے پاک نظام بنانا ہوگا۔ پاکستان کو بچانا ہے تو کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کو محض نعرہ نہیں، قومی پالیسی بنانا ہوگا۔

جواب دیں

Back to top button