Column

ہمارا دھیان کدھر ہے؟

ہمارا دھیان کدھر ہے؟
تحریر: سیدہ عنبرین
امریکہ گزشتہ کئی برس سے سٹیلتھ طیارے بنا رہا ہے، جو کسی ریڈار پر نظر نہیں آتے، یہ طیارے جاسوسی کرتے ہیں، علاقے کی تصویریں اتارتے ہیں، اس پر حملہ کرنے کیلئے کوئی جہاز قریب آئے تو اسے کامیابی سے نشانہ بناتے ہیں، اور اس کے ساتھ ساتھ اتنی بلندی سے اپنے ہدف پر بم برساتے ہیں جہاں کوئی دوسرا طیارہ نہیں پہنچ سکتا۔
چین عرصہ دراز سے اسلحہ سازی کے ساتھ ساتھ اپنی اور اپنے دوستوں کی معیشت میں بہتری کیلئے اقدامات کر رہا ہے۔ امریکہ سمیت دنیا کا شاید ہی کوئی ملک ہو جو اس کا مقروض نہ ہو۔ چین لڑاکا جہاز، میزائل اور جدید آبدوزیں بنا رہا ہے، جو کئی کئی ماہ تک زیر آب رہ کر اپنے ہدف پر نظر رکھتی ہیں۔ بوقت ضرورت اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنا سکتی ہیں، اور سب سے بڑھ کر یہ کہ ان آبدوزوں سے ایٹمی حملہ بھی کیا جا سکتا ہے۔ شمالی کوریا کے باری میں دنیا کم جانتی ہے کہ وہ کیا کیا کر رہا ہے، وہ اپنے منصوبوں کے بارے میں زیادہ تشہیر نہیں کرتے، لیکن وہ اپنے دفاع سمیت تمام معاملات میں خود کفیل ہیں، اول تو کوئی انہیں دھمکانے کی جرات نہیں کرتا، اگر غلطی سے کوئی سربراہ مملکت ان کے خلاف کوئی بیان جاری کر دے تو شمالی کوریا کے سربراہ حکومت کی طرف سے وہ جواب آتا ہے، جسے ہم اینٹ کا جواب پتھر کہتے ہیں۔ یہ ملک بھی میزائل ٹیکنالوجی میں بہت آگے ہے، اس کے ایٹمی وار ہیڈ لے جانے والے میزائلوں کی رینج امریکہ تک ہے۔ شمالی کوریا کی معیشت مستحکم بنیادوں پر استوار ہے۔ بھارت دنیا کی بڑی آبادی والا ملک ہونے کے علاوہ دنیا کی تیسری بڑی معیشت ہے۔ مستحکم سیاسی نظام رکھتے ہوئے اس کی ایک پہچان دنیا کی بڑی جمہوریت کے طور پر بھی ہے۔ ان کے متعدد کاروباری اداروں کے پاس ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر کی نسبت زیادہ دولت ہے۔ یہ دولت انہوں نے کاروبار کے ذریعے کمائی ہے۔ ان میں منشیات یا اسلحے کی سمگلنگ کا پیسہ نہیں ہے۔ ان اداروں کی حیثیت کا اندازہ اس بات سے لگا لیجئے کہ امریکہ کی خواہش ہے کہ بھارت سے تعلق رکھنے والی ایک شخصیت اپنے ادارے کے ذریعے امریکہ میں سرمایہ کاری کرتے ہوئے وہاں ایک آئل ریفائنری لگائے، جہاں امریکہ، وینزویلا کا لوٹا ہوا بھاری تیل صاف کر سکے۔ اس خواہش کا اظہار امریکی صدر متعدد مرتبہ کر چکے ہیں، اور امریکہ کے ساتھ ساتھ بھارت میں اس منصوبے پر کام شروع ہو چکا ہے، اس بات کا قوی امکان ہے کہ آئندہ برس یہ معاہدہ ہو جائے گا۔ بھارت متعدد ممالک سے دفاعی معاہدے بھی کر چکا ہے، وہ بڑی مقدار میں اسلحہ خریدتا ہے، اور فروخت بھی کرتا ہے۔ ہمارے ساتھ آزاد ہونے والے ملک کی کرنسی ہماری کرنسی کی نسبت اڑھائی گنا زیادہ طاقتور ہے۔ عام آدمی کے استعمال کیلئے ایک ہزار سی سی کی گاڑی بھارت میں قریباً سات لاکھ روپے میں دستیاب ہے، جبکہ ہمارے ہاں گاڑی جیسے عرف عام میں ٹین ڈبہ گاڑی کہا جاتا ہے، تیس لاکھ روپے میں فروخت کی جاتی ہے، یہ گاڑی آج کئی برس بعد بھی اس قابل نہیں ہو سکی کہ اسے کسی غریب و پسماندہ ملک میں فروخت کیلئے پیش کیا جا سکے۔ یہی معاملہ ہماری دیگر مصنوعات کا ہے، جنگیں بھارت نے بھی لڑی ہیں، ہم نے بھی لڑی ہیں، کسی جنگ نے بھارت کی معیشت کو تباہ نہیں کیا، ہماری معیشت سب کے سامنے ہے۔ فرق یہ ہے کہ بھارت نے صرف اپنی جنگ لڑی ہے۔ ہم اپنی جنگ لڑنے سے فارغ ہوتے ہیں تو ہمیں کھجلی شروع ہو جاتی ہے، ہم اپنی کھجلی ختم کرنے کیلئے اکثر غیر ممالک سے پوچھتے ہیں جنگ لڑنے کے حوالے سے ہمارے لائق کوئی خدمت ؟۔ ہماری اس خواہش کا امریکہ بے حد احترام کرتا ہے، کہا جاسکتا ہے وہ ہمارا مستقل گاہک ہے، یا ہم ہر وقت اس کام کیلئے اپنی خدمات پیش کرنے کیلئے تیار رہتے ہیں۔ بات ایک ہی ہے۔ پہلے ہمیں ٹاسک دیا گیا کہ روس کو روکنا ہے ورنہ وہ تمہیں کھا جائے گا، دس برس اس جنگ کی نذر ہو گئے، جنہوں نے ہمارے ساتھ ملکر روس کو بھگایا وہ اقتدار میں آئے، تو ہمیں کہا گیا اب یہ لوگ تمہیں کھا جائینگے، ان سے دنیا بھر کے امن کو خطرہ ہے، ہم مزید دس برس اس جنگ کا حصہ بنے رہے۔ یہ پیشکش بھارت کو بھی کی گئی، مگر اس نے انکار کر دیا، ہم راضی ہو گئے۔ یوں اپنے ہاتھوں اپنی بربادی کرتے رہے۔ سیاست اور امور مملکت کا پہلا اصول جو دوسری جنگ عظیم کے بعد ابھر کر سامنے آیا، وہ یہ تھا کہ پرائی جنگوں میں اپنے وسائل اور اپنی آبادی کا نہ جھونکا جائے، ہم نے اس اصول اور اس کی افادیت کو سمجھنے کی کوشش ہی نہیں کی، ہم ہمیشہ اس کے الٹ چلے، ہمارا خیال ہے کہ ہم ہر زمانے میں وار اکانومی سے فائدہ اٹھاتے ہیں، حقیقت یہ ہے کہ وار اکانومی سے وہ ملک فائدہ اٹھاتے ہیں جن کی اپنی اکانومی مضبوط ہو، انہیں روزانہ اور ماہانہ بنیادوں پر اپنی دال روٹی چلانے کیلئے قرض نہ لینا پڑے، پھر اگر قرض لے رہے ہیں تو بر وقت اس قرض اور اس کے سود کی اقساط ادا کر سکیں، ہر مرتبہ ادائیگی قرض کا وقت آئے تو فرمائش یہ نہ ہو کہ اللہ کے نام پر معاف کر دیں یا اسے رول اوور کر دیں۔
ایران گزشتہ پچاس برس سے دنیا سے کٹا رہا، وہاں کبھی گندم، آٹے یا چینی کا قحط نہیں پڑا، وہاں پانچ دریا نہیں ہیں، مگر آبپاشی کا موثر نظام ہے، ضرورت کی ہر چیز خود بناتے ہیں، انہیں امپورٹ کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی، انسانی ضرورت کی بنیاد خوراک، لباس اور رہائش وافر موجود ہے، نہ کچی آبادیاں ہیں، نہ ہزاروں افراد جھگیوں میں رہتے ہیں، وہاں نشیئوں کے مدہوش غول اور تالیاں پیٹتے خواجہ سرائوں کے جھنڈ بھی نہیں ہیں۔ وہاں تھانے جرائم کی افزائش میں کوئی کردار ادا نہیں کرتے۔ در حقیقت سستا اور فوری انصاف ملتا نظر آتا ہے، مقدمات کا فیصلہ پچیس یا پچاس برس میں نہیں ہوتا، مہینوں میں ہوتا ہے۔ سرکاری ملازمین کے گھروں، تہہ خانوں سے اربوں ڈالر، یورو، درہم و دینار برآمد نہیں ہوتے۔ ایرانیوں نے گزشتہ نو ماہ میں دنیا کو حیران کر کے رکھ دیا، انہوں نے دو ایٹمی اور جدید ترین اسلحہ رکھنے والے ممالک کے حملوں کا منہ پھیر کے رکھ دیا، انہیں شکست فاش دی۔ اس عرصہ جنگ میں کسی ایک چیز کی قیمت میں اضافہ نہیں ہوا، کسی چیز کی ذخیرہ اندوزی نہیں ہوئی۔ ہمارا حال دنیا سے مختلف ہے، ہم نے ہر دوست ملک کا قرض دینا ہے ، ہماری انڈسٹری بند پڑی ہے، ہر سال لاکھوں افراد تلاش روزگار میں ملک چھوڑ جاتے ہیں، کچھ منزل پر پہنچتے ہیں، کچھ راستے میں مر کھپ جاتے ہیں، مگر ہم خوش ہیں، ہمارا دھیان اہم ترین کام کی طرف ہے، ملک کو مزید کتنے حصوں میں تقسیم کرنا ہے، اور کتنے صوبے بنانا ہیں۔

جواب دیں

Back to top button