Column

مہنگائی کا جن بے قابو، عوام کو ریلیف کب ملے گا

مہنگائی کا جن بے قابو، عوام کو ریلیف کب ملے گا
مشتاق الرحمن زاہد
ملک میں مہنگائی ایک بار پھر عوام کی زندگی اجیرن بنا چکی ہے۔ اشیائے ضروریہ اور روزمرہ استعمال کی خوراکی اجناس کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، مگر انہیں نیچے لانے والا کوئی نظر نہیں آتا۔ عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں اور دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ افسوس ناک امر یہ ہے کہ جن وجوہات کو بنیاد بنا کر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا، اب ان میں نمایاں کمی آنے کے باوجود عوام کو کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا جا رہا۔
ماضی میں جب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی منڈی میں بلند ترین سطح پر پہنچیں تو پاکستان میں بھی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کو جواز بنا کر اشیائے خوردونوش سمیت تقریباً تمام ضروری اشیا مہنگی کر دی گئیں۔ تاجروں، صنعت کاروں اور دیگر کاروباری حلقوں کی جانب سے بھی مہنگائی کی بڑی وجہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو قرار دیا جاتا رہا۔ لیکن اب صورت حال تبدیل ہو چکی ہے۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی دیکھنے میں آ رہی ہے، سونے کی قیمتیں بھی نمایاں طور پر نیچے آئی ہیں، جبکہ ڈالر کی قیمت بھی ایک عرصے سے نسبتاً مستحکم ہے۔ اس کے باوجود پاکستان میں مہنگائی کا جن قابو میں آنے کا نام نہیں لے رہا۔
جب مہنگائی میں اضافے کی بنیادی وجوہات میں کمی آ چکی ہے تو اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کم کیوں نہیں ہو رہیں اگر پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے پر چند گھنٹوں میں قیمتیں بڑھائی جا سکتی ہیں تو ان کی قیمتوں میں کمی آنے کے بعد عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کیوں نہیں کیے جاتے کیا حکومت کی یہ ذمہ داری نہیں کہ وہ مارکیٹ میں قیمتوں کی نگرانی کرے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف مثر کارروائی کرے
آج صورت حال یہ ہے کہ آٹا جیسی بنیادی ضرورت بھی عوام کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہے۔ بعض علاقوں میں آٹے کی قیمت تقریباً دو سو روپے فی کلو تک پہنچنے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔ چینی، گھی، کوکنگ آئل اور دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتیں بھی عام آدمی کے لیے شدید مشکلات پیدا کر رہی ہیں۔ ایک مزدور، دیہاڑی دار اور کم آمدنی والا شخص آخر اپنے محدود وسائل میں گھر کا نظام کیسے چلائے بچوں کی ضروریات پوری کرے یا دو وقت کی روٹی کا انتظام کرے
دوسری جانب وفاقی حکومت اور حکومتی وزرا سیاسی معاملات، ایک دوسرے پر بیان بازی، صوبوں کی تقسیم سے متعلق بحث اور مختلف سیاسی و انتظامی امور میں مصروف دکھائی دیتے ہیں۔ یقیناً یہ تمام معاملات اپنی جگہ اہمیت رکھتے ہیں اور ان پر سیاسی و جمہوری انداز میں بات چیت بھی ہونی چاہیے، لیکن سوال یہ ہے کہ عوام کے بنیادی مسائل کب ترجیح بنیں گے حکومت کی اولین ذمہ داری عوام کو بنیادی ضروریات زندگی کی مناسب قیمتوں پر فراہمی یقینی بنانا ہے۔ اگر عوام کو آٹا، چینی، گھی، تیل اور دیگر ضروری اشیا ہی مناسب قیمت پر دستیاب نہیں ہوں گی تو سیاسی معاملات پر ہونے والی بحث و مباحثے سے عام آدمی کو کیا فائدہ پہنچے گا
ہمارے ہاں مہنگائی کا ایک عجیب نظام بن چکا ہے۔ جب کسی چیز کی قیمت بڑھانی ہو تو پٹرولیم مصنوعات، ڈالر یا عالمی منڈی میں قیمتوں کے اضافے کو جواز بنا کر چند گھنٹوں میں نرخ بڑھا دئیے جاتے ہیں، لیکن جب یہی عوامل قیمتوں میں کمی کا سبب بننے لگیں تو مارکیٹ میں قیمتیں کم کرنے کے لیے کوئی تیار نہیں ہوتا۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ مہنگائی کا بوجھ تو فوری طور پر عوام پر منتقل کر دیا جاتا ہے، مگر ریلیف دینے کی باری آئے تو تمام متعلقہ حلقے خاموشی اختیار کر لیتے ہیں۔
حکومت کو چاہیے کہ موجودہ صورت حال کا فوری نوٹس لے، پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال کرے، ضلعی انتظامیہ کو متحرک کرے اور ذخیرہ اندوزوں و ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرے۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کے لیے واضح پالیسی بنائی جائے اور اس پر عمل درآمد بھی یقینی بنایا جائے۔ اجلاسوں، اعلانات اور بیانات سے عوام کے مسائل حل نہیں ہوں گے، بلکہ عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔
آخر عوام کب تک مہنگائی کا یہ عذاب برداشت کرتے رہیں گے عوام نے حکومتوں سے بڑے بڑے منصوبوں اور سیاسی نعروں سے پہلے اپنے بنیادی مسائل کے حل کی توقعات وابستہ کر رکھی ہیں۔ دو وقت کی روٹی، بچوں کی تعلیم، علاج معالجے اور روزمرہ ضروریات کی فراہمی کوئی عیاشی نہیں بلکہ ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔
حکومت کو یہ حقیقت سمجھنا ہوگی کہ صوبوں کی تقسیم، سیاسی مذاکرات اور دیگر قومی معاملات پر بات چیت اپنی جگہ، لیکن اس وقت سب سے بڑا مسئلہ عوام کی معاشی مشکلات ہیں۔ اگر حکومت نے مہنگائی کو کنٹرول کرنے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں حقیقی کمی لانے کے لیے فوری اقدامات نہ کیے تو عوام کی مشکلات مزید بڑھتی جائیں گی۔ ملک کی معیشت اسی وقت مستحکم ہو سکتی ہے جب عام آدمی کو معاشی تحفظ حاصل ہو، اس کی قوت خرید بہتر ہو اور اسے بنیادی ضروریات زندگی باعزت طریقے سے میسر ہوں۔
عوام کو ریلیف دینا حکومت کا احسان نہیں بلکہ اس کی بنیادی آئینی، اخلاقی اور انتظامی ذمہ داری ہے۔

جواب دیں

Back to top button