
اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ کے پانچ ججوں کے مجوزہ تبادلے کے معاملے میں منگل کے روز اہم پیشرفت سامنے آئی، جب پیپلز پارٹی کے دباؤ کے باعث دو ججوں کا ٹرانسفر فی الحال روک دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق، جسٹس خادم حسین سومرو اور جسٹس ارباب محمد طاہر کے نام عارضی طور پر ٹرانسفر فہرست سے نکال دیے گئے ہیں۔ یہ فیصلہ حکومتی سطح پر پیپلز پارٹی کی مداخلت کے بعد سامنے آیا، جسے دلچسپی رکھنے والے حلقوں کے لیے جزوی دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ صدر آصف علی زرداری کی واپسی کے بعد اس معاملے کو دوبارہ زیر غور لائے جانے کا امکان ہے، اور دونوں ججوں کے تبادلوں پر مستقبل قریب میں دوبارہ پیش رفت ہو سکتی ہے۔
یہ پیشرفت اس سے قبل سامنے آنے والے اُن اشاروں کے برعکس ہے جن میں کہا گیا تھا کہ پیپلز پارٹی اپنے تحفظات کے باوجود جوڈیشل کمیشن آف پاکستان میں مجوزہ تبادلوں کی حمایت کرے گی۔
یاد رہے کہ پیپلز پارٹی کے ارکان نے جوڈیشل کمیشن میں جسٹس سومرو کو سندھ ہائی کورٹ اور جسٹس ارباب ایم طاہر کو بلوچستان ہائی کورٹ منتقل کرنے کی تجویز پر پہلے ہی تحفظات ظاہر کیے تھے، تاہم حکومتی حلقے ان کی حمایت کے حوالے سے پُرامید تھے۔






