
امریکا کے 250 ویں یومِ آزادی کے موقع پر جاری ہونے والے کچھ امریکی پاسپورٹس میں تبدیلی کی جا رہی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر اور سنہری دستخط جلد بعض امریکی پاسپورٹس میں شامل کیے جائیں گے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حکام نے اس حوالے سے تصدیق کی ہے کہ بعض امریکی پاسپوٹس پر صدر کی تصویر شامل کی جائے گی۔
ٹرمپ کے اس اقدام کو سرکاری اداروں پر صدر کی ذاتی چھاپ کے طور پر ایک غیر معمولی قدم قرار دیا جا رہا ہے
امریکی محکمۂ خارجہ کے مطابق یہ اقدام امریکا کی آزادی کے اعلان کی 250 ویں سالگرہ کی مناسبت سے کیا جا رہا ہے، جس کے تحت محدود تعداد میں خصوصی ڈیزائن والے پاسپورٹس جاری کیے جائیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ان پاسپورٹس کے اندر شامل ڈیزائنز میں سے ایک میں ٹرمپ کی سرکاری تصویر کو اعلانِ آزادی کے پسِ منظر پر نمایاں کیا گیا ہے، جس کے نیچے ان کے دستخط سنہری رنگ میں درج ہوں گے۔
دوسری تصویر میں امریکی بانی رہنماؤں کی ایک تاریخی پینٹنگ شامل کی گئی ہے، جو اس یادگاری دستاویز کا حصہ ہو گی۔
محکمۂ خارجہ کے ترجمان ٹومی پیگوٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا جولائی میں اپنی 250 ویں سالگرہ منا رہا ہے اور اسی سلسلے میں یہ خصوصی پاسپورٹس متعارف کرائے جا رہے ہیں







