پنجاب میں کھیلوں کا نیا دور:’’ سی ایم پنجاب سپورٹس اکیڈمیز‘‘ نوجوانوں کے روشن مستقبل کی ضمانت

پنجاب میں کھیلوں کا نیا دور:’’ سی ایم پنجاب سپورٹس اکیڈمیز‘‘ نوجوانوں کے روشن مستقبل کی ضمانت
تحریر : عبدالرئوف اعوان
کھیل صرف جسمانی سرگرمی کا نام نہیں بلکہ ایک صحت مند، بااعتماد اور باصلاحیت معاشرے کی بنیاد ہوتے ہیں۔ ترقی یافتہ ممالک نے کھیلوں کو تعلیم، صحت اور قومی ترقی کا لازمی جزو بنا کر عالمی سطح پر اپنی شناخت مضبوط کی، جبکہ پاکستان میں بھی نوجوانوں کی بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں جنہیں مناسب مواقع، معیاری تربیت اور جدید سہولیات فراہم کر کے عالمی چیمپئن بنایا جا سکتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اسی وژن کو عملی جامہ پہناتے ہوئے پنجاب کی تاریخ کا ایک تاریخی فیصلہ کیا ہے۔ پہلی مرتبہ صرف چند ہفتوں پر مشتمل سمر سپورٹس کیمپس کی روایت کو وسعت دیتے ہوئے سال بھر جاری رہنے والی 19 مفت ’’ سی ایم پنجاب سپورٹس اکیڈمیز‘‘ قائم کی گئی ہیں، جہاں نوجوان کھلاڑیوں کو بغیر کسی مالی بوجھ کے عالمی معیار کی تربیت فراہم کی جائے گی۔
ماضی میں سپورٹس بورڈ پنجاب ہر سال موسمِ گرما کی تعطیلات کے دوران سمر سپورٹس کیمپس کا انعقاد کرتا تھا، جہاں ہزاروں بچے مختلف کھیلوں کی بنیادی تربیت حاصل کرتے تھے۔ ان کیمپس نے متعدد باصلاحیت کھلاڑی سامنے لائے، تاہم ان کی مدت محدود ہونے کے باعث نوجوانوں کی مسلسل تربیت ممکن نہیں ہو پاتی تھی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اس ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے ایک انقلابی فیصلہ کیا کہ اب نوجوانوں کو صرف چند ہفتوں کی نہیں بلکہ پورے سال جدید، منظم اور مستقل تربیت فراہم کی جائے، تاکہ ان کی صلاحیتوں کو عالمی معیار کے مطابق نکھارا جا سکے۔اسی وژن کے تحت نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس لاہور میں پنجاب کی تاریخ کی پہلی 19مفت سی ایم پنجاب سپورٹس اکیڈمیز کا باقاعدہ افتتاح صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں دو ہزار سے زائد بچے اور بچیاں، سپورٹس بورڈ پنجاب کے اعلیٰ حکام، کوچز، کھلاڑیوں اور سپورٹس سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی، جو اس منصوبے پر عوام کے اعتماد اور نوجوانوں کے غیرمعمولی جوش و خروش کا مظہر تھا۔یہ اکیڈمیز محض تربیتی مراکز نہیں بلکہ مستقبل کے قومی اور بین الاقوامی چیمپئنز تیار کرنے کی نرسریاں ہیں۔ یہاں چھ سے انیس سال تک کے بچوں اور بچیوں کو کرکٹ، ہاکی، فٹ بال، باسکٹ بال، بیڈمنٹن، ٹینس، سوئمنگ، باکسنگ، ریسلنگ، ایتھلیٹکس، ٹیبل ٹینس، اسکواش، کبڈی، آرچری، کراٹے، تائیکوانڈو، ووشو، جوجِٹسو اور لیزر رن سمیت انیس مختلف کھیلوں میں جدید ترین سہولیات اور بین الاقوامی معیار کے مطابق تربیت مکمل طور پر مفت فراہم کی جائے گی۔
ان اکیڈمیز کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ نوجوانوں کی تربیت تجربہ کار، مستند اور خصوصی کوچز کی نگرانی میں ہوگی، جو جدید سپورٹس سائنس، تکنیکی مہارت، جسمانی فٹنس اور ذہنی مضبوطی کے تمام تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو پروان چڑھائیں گے۔ اس کے ساتھ جدید کھیلوں کا سامان، بہترین گرانڈز، تربیتی ماحول اور مسلسل مانیٹرنگ کا نظام بھی فراہم کیا گیا ہے تاکہ ہر کھلاڑی اپنی بھرپور صلاحیتوں کا اظہار کر سکے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نوجوانوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں، اور انہی کی قیادت میں کھیلوں کے شعبے میں ایسے تاریخی اقدامات کیے جا رہے ہیں جن کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ ان اکیڈمیز سے تربیت حاصل کرنے والے نوجوان مستقبل میں اولمپکس، ایشین گیمز، کامن ویلتھ گیمز اور دیگر عالمی مقابلوں میں پاکستان کا پرچم بلند کریں گے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ آج انہی اکیڈمیز میں تربیت حاصل کرنے والی بچوں میں سے مستقبل کے ارشد ندیم، قومی کرکٹرز، ہاکی کے ستارے اور دیگر عالمی چیمپئن سامنے آئیں گے، جو پاکستان کے لیے بین الاقوامی سطح پر کامیابیاں سمیٹیں گے۔ ملک فیصل ایوب کھوکھر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کی بنیادی ترجیحات میرٹ، شفافیت اور یکساں مواقع ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہر باصلاحیت بچے کو بلاامتیاز آگے بڑھنے کا موقع دیا جائے گا، حتیٰ کہ ان کے اپنے بچے بھی انہی اکیڈمیز میں دیگر بچوں کے ساتھ میرٹ کی بنیاد پر تربیت حاصل کریں گے۔ ترقی یافتہ ممالک کی کامیابی کا راز یہ ہے کہ وہ بچپن سے ہی کھیلوں میں سرمایہ کاری کرتے ہیں۔ پنجاب میں قائم ہونے والی یہ اکیڈمیز نہ صرف نئے ٹیلنٹ کو سامنے لائیں گی بلکہ کھیلوں کی ایک مضبوط اور پائیدار بنیاد بھی فراہم کریں گی۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں لاہور سے آغاز کیا گیا ہے جبکہ آئندہ مرحلے میں ان اکیڈمیز کا دائرہ پنجاب کے تمام ڈویژنل اور ریجنل ہیڈکوارٹرز تک وسیع کیا جائے گا تاکہ صوبے کے ہر باصلاحیت نوجوان کو برابر کے مواقع میسر آ سکیں۔
پنجاب نے حالیہ نیشنل گیمز اور قائداعظم گیمز میں شاندار کامیابی حاصل کر کے ثابت کیا ہے کہ اگر کھلاڑیوں کو مناسب سہولیات اور معیاری تربیت فراہم کی جائے تو وہ ملک کے لیے نمایاں کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں۔ ’’ سی ایم پنجاب سپورٹس اکیڈمیز ‘‘ اسی کامیاب سفر کا اگلا مرحلہ ہیں، جو نہ صرف کھیلوں کے فروغ بلکہ ایک صحت مند، باصلاحیت اور پُرامید نوجوان نسل کی تشکیل میں بھی سنگِ میل ثابت ہوں گی۔ یہ منصوبہ صرف کھیلوں کی ترقی نہیں بلکہ پنجاب کے نوجوانوں کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔ بلا معاوضہ، سال بھر جاری رہنے والی یہ اکیڈمیز اس عزم کا اظہار ہیں کہ اب پنجاب کا ہر باصلاحیت بچہ وسائل کی کمی کے باعث اپنے خوابوں سے محروم نہیں رہے گا بلکہ اسے عالمی سطح تک پہنچنے کے لیے ہر ممکن موقع، سہولت اور رہنمائی فراہم کی جائے گی۔





