تازہ ترینخبریںدنیاسپورٹسپاکستان

امریکی سفارت خانے میں فیفا ورلڈ کپ کی لانچنگ تقریب، وفاقی وزراء اور فٹ بال قیادت کی شرکت*

*امریکی سفارت خانے میں فیفا ورلڈ کپ کی لانچنگ تقریب، وفاقی وزراء اور فٹ بال قیادت کی شرکت*

 

*فٹ بال پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے کا بہترین ذریعہ ہے، صدر پی ایف ایف سید محسن گیلانی کا خطاب*

 

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں قائم امریکی سفارت خانے میں آئندہ فیفا ورلڈ کپ کے حوالے سے ایک پروقار اور اعلیٰ سطحی لانچنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کھیل، حکومت اور مختلف سماجی شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔

 

تقریب کے معزز مہمانوں میں وفاقی وزیر برائے ریلوے حنیف عباسی، پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے صدر سید محسن گیلانی، وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان اور لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو عاطف رانا شامل تھے۔

 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں متعین امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے کہا کہ یہ ہمارے لیے انتہائی اعزاز کی بات ہے کہ فیفا ورلڈ کپ سے متعلق پہلی خصوصی تقریب کی میزبانی پاکستان میں کی جا رہی ہے۔ انہوں نے پاکستان میں فٹ بال کے فروغ اور ترقی کے لیے ہونے والی حالیہ پیش رفت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی کپ میں ایک اہم ترین کردار ادا کر رہا ہے۔

 

نیٹلی بیکر نے واضح کیا کہ پاکستان دنیا بھر کے لیے عالمی معیار کے فٹ بال تیار کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والا یہ ورلڈ کپ تاریخ کا سب سے بڑا ایونٹ ہوگا جس میں پہلی بار 48 ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ امریکہ دنیا بھر سے آنے والے شائقینِ فٹ بال کا استقبال کرنے اور اس تاریخی ٹورنامنٹ کو شاندار انداز میں منانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیل، خاص طور پر فٹ بال، دنیا بھر کی قوموں اور لوگوں کے درمیان تعلقات اور افہام و تفہیم کو مضبوط کرنے کا ایک طاقتور ذریعہ ہے۔

 

اس موقع پر پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ فٹ بال پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کو مزید گہرا کرنے میں مددگار ثابت ہو رہا ہے۔ انہوں نے فیفا ورلڈ کپ کو دنیا کے عظیم ترین مقابلوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ فیفا کھیل کے جذبے کے ذریعے تمام قوموں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرتا ہے۔

 

محسن گیلانی نے ملکی فٹ بال کی کامیابیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کی خواتین فٹ بال ٹیم نے حال ہی میں پہلی بار فیفا کے ایک ایونٹ میں شرکت کی اور تاریخی کامیابی حاصل کی۔ اس کے علاوہ، پاکستان فٹ بال نے تاریخ میں پہلی بار مردوں کی قومی فٹ بال ٹیم کے لیے ایک خاتون مینیجر کا تقرر کیا ہے، جو کھیلوں میں خواتین کو بااختیار بنانے کی جانب ایک بڑا اور انقلابی قدم ہے۔

 

امریکی ساکرا فیڈریشن کے صدر سے اپنی حالیہ ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے محسن گیلانی نے یقین ظاہر کیا کہ امریکہ اس میگا ایونٹ کے لیے ایک شاندار میزبان ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی فٹ بال کے کھیل پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔

جواب دیں

Back to top button