
ایران نے جنگ کے خاتمے کے لیے امریکا کی تازہ تجاویز کا جواب ثالث پاکستان کے ذریعے واشنگٹن کو بھجوا دیا۔
الجزیرہ کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ تہران نے امریکا کو واضح کیا ہے کہ منجمد اثاثوں کی بحالی، معاشی پابندیوں کا خاتمہ اور جنگی نقصانات کا معاوضہ ایران کے بنیادی مطالبات ہیں۔
ایران نے اپنی بندرگاہ پر ناکہ بندی ختم کرنے اور لبنان سمیت تمام محاذوں پر جنگ بندی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب امریکا نے ایران سے جوہری پروگرام محدود کرنے اور آبنائے ہرمز میں نقل و حرکت بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے جہاں سے دنیا کی بڑی تیل اور گیس کی ترسیل گزرتی ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے فارس کے مطابق امریکا نے 5 نکاتی شرائط پیش کی ہیں جن میں ایران کے افزودہ یورینیئم ذخائر امریکا کے حوالے کرنے اور صرف 1 جوہری مرکز فعال رکھنے کا مطالبہ شامل ہے۔
ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’وقت تیزی سے ختم ہو رہا ہے‘، جبکہ امریکی میڈیا کے مطابق وائٹ ہاؤس میں دوبارہ فوجی کارروائی پر غور جاری ہے







