تازہ ترینخبریںپاکستان

اگر منحرف ارکان کا ووٹ شمار نہیں ہوگا تو وزیراعلیٰ کی قانونی حیثیت کیا ہے ؟

لاہور ہائی کورٹ کے فل بینچ  نے حمزہ شہباز کی حلف برداری کے لیے  اسپیکر  قومی اسمبلی کو  نامزد کرنےکے خلاف اپیلوں پر  سماعت 15 جون تک ملتوی کر دی۔

لاہور ہائی کورٹ کےجسٹس صداقت علی خان کی سربراہی میں 5 رکنی فل بینچ نے تحریک انصاف اور  پرویز الہٰی کی اپیلوں پر سماعت کی۔

وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز کے وکیل منصور عثمان اعوان نے اپنے دلائل میں کہا کہ گورنر پنجاب نے منتخب وزیر اعلیٰ سے حلف نہ لےکر اپنی ذمہ داری ادا نہیں کی،گورنر کے پاس وزیر اعلیٰ کے انتخاب کی قانونی حیثیت پَرکھنے کا اختیار نہیں ۔

فل بینچ نے استفسار کیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت اگر منحرف ارکان کا ووٹ شمار نہیں ہوگا  تو  پھر وزیراعلیٰ کی قانونی حیثیت کیا ہوگی؟

حمزہ شہباز کے وکیل نے نکتہ اٹھایا کہ ابھی سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ آنا ہے اور ویسے بھی سپریم کورٹ کے فیصلےکا اطلاق ماضی سے نہیں ہوگا۔

عدالت نے سوال کیا کہ کیا گورنر ربر اسٹیمپ کی طرح کام کرتا ہے یا وہ الیکشن کی قانونی حیثیت پر سوال اٹھا کر وزیر اعلیٰ کے حلف اٹھانے کی سمری واپس بھیج سکتا ہے؟

حمزہ شہباز کے وکیل نے بتایا کہ اگر عدم اعتماد کی تحریک کے نتیجے میں وزیر اعلیٰ عہدے سے الگ ہو اور کوئی دوسرا رکن بار بار انتخاب میں اکثریت حاصل نہ کر سکے تو ایسی صورت میں گورنر کے پاس کچھ اختیارات ہیں ۔عدالت نے اپیلوں پر مزید کارروائی 15 جون تک ملتوی کر دی ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button