تازہ ترینخبریںسپورٹس

ملتان اسٹیڈیم آج چودہ سال بعد ون ڈے میچ کی میزبانی کرے گا

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ون ڈے انٹرنیشنل آج ملتان میں کھیلا جائے گا، قومی ٹیم کے لئے سیریز نہایت اہمیت کی حامل قرار دے دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملتان اسٹیڈیم آج چودہ سال بعد ون ڈے میچ کی میزبانی کرے گا، جہاں پاکستان اور ویسٹ انڈیز آمنے سامنے ہوگا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام چار بجے کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیموں کے کپتان اپنے کھلاڑیوں سے بہترین پرفارمنس کی امید کر رہے ہیں اور جیت کے لیے بھی پُرعزم ہیں تاہم کرکٹ مبصرین نے قومی کرکٹ ٹیم کو فیورٹ قرار دیا ہے۔

گرین شرٹس کے لئے سیریز نہایت اہمیت کی حامل ہے، قومی ٹیم سیریز جیت کر ورلڈکپ دوہزار تئیس کے لیےکوالیفائی کرنے کے قریب آجائےگی اور ون ڈے لیگ میں بھی تیسری پوزیشن پر آجائے گی۔

دونوں ٹیموں کے ون ڈے سیریز کا موازنہ

ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے پاکستان کے خلاف آخری مرتبہ ون ڈے سیریز 31 برس قبل جیتی تھی، جہاں کالی آندھی نے 1991 میں عمران خان کی قیادت میں کھیلنے والی پاکستانی ٹیم کو شکست دی تھی۔

پاکستان نے 1991 کے بعد ویسٹ انڈیز کو ایک بار بھی ون ڈے سیریز جیتنے کا موقع فراہم نہیں کیا، 1990 میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے سیریز دو دو میچز سے برابر ہو گئی۔

تاہم اگر پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ایک روزہ میچوں کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو ویسٹ انڈیز کو پاکستان پر سبقت حاصل ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک کھیلے گئے 134 میچز میں سے 71 میں ریڈ کیپس جبکہ 60 میں گرین شرٹس کو کامیابی ملی ہے۔

امپائر کی تقرری

پی سی بی ترجمان کے مطابق پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں علیم ڈار اور احسن رضا (آن فیلڈ) امپائرز ہوں گے جب کہ راشد ریاض تھرڈ امپائر، فیصل آفریدی فورتھ امپائر اور محمد جاوید میچ ریفری کے فرائض انجام دیں گے۔

دس جون کو دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں علیم ڈار اور آصف یعقوب آن فیلڈ امپائرز جب کہ احسن رضا تھرڈ امپائر،فیصل آفریدی فورتھ امپائر اور محمد جاوید میچ ریفری ہوں گے

موسم کی صورت حال

محکمہ موسمیات کے مطابق 8، 10 اور 12 جون کو ہونے والے میچوں کے دوران موسم 40 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب رہنے کا امکان ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کپتان بابر اعظم

پاکستان کرکٹ ٹیم کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ملتان کے گرم موسم کا ویسٹ انڈیز کے خلاف آئندہ ون ڈے سیریز پر کوئی خاص اثر نہیں پڑے گا، اچھی بات یہ ہے کہ یہاں ہوا چل رہی ہے جو اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ ہم گرمی کی شدت کو محسوس نہیں کرتے ہیں، جب ہم پریکٹس کر رہے تھے تو اتنا گرم نہیں تھا جتنا ہم نے سوچا تھا۔

یاد رہے کہ یہ ون ڈے سیریز گذشتہ سال ویسٹ انڈیز کے دورۂ پاکستان کا حصہ تھی لیکن اس ٹیم کے متعدد کھلاڑی کووڈ میں مبتلا ہوگئے تھے جس کی وجہ سے یہ دورہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد ختم کردیا گیا تھا بعد ازاں دونوں کرکٹ بورڈز نے ون ڈے سیریز جون میں کھیلنے پر اتفاق کیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button