سابق سیکرٹری اطلاعات و ثقافت راجہ جہانگیر انورکے عزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد،الحمراء ہال میں ہواجس میں محکمہ اطلاعات و ثقافت کے تمام شعبوں کے سربراہان، افسران اور چیف انفارمیشن کمشنرسید محبوب قادر نے شرکت کی۔
مقررین نے سابق سیکرٹری اطلاعات وثقافت راجہ جہانگیر انور کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنزثمن رائے نے اپنے خطاب میں کہا کہ راجہ جہانگیر انور مثبت سوچ کے حامل ہیں اور لوگوں کو ساتھ لیکرچلنے کا ہنر جانتے ہیں۔
انہوں نے محکمہ اطلاعات و ثقافت کو بہترین انداز سے چلایا ہے اور اداررے نے ان صلاحیتوں سے بھر پور استفادہ کیا ہے۔ چیف انفارمیشن کمشنرسید محبوب قادر نے سابق سیکرٹری اطلاعات وثقافت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ راجہ جہانگیر انور صرف شخصیت نہیں بلکہ ایک تصور اور فلاسفی کا نام ہے۔
ان کے اندر خداداد صلاحتیں موجود ہیں اور آپ پنجاب کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل ذوالفقار علی زلفی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایک بردبار، محنتی اور تخلیقی شخصیت ہم سے الگ ہور ہی ہے۔
ان سے ہم نے بہت کچھ سیکھا ہے۔ آپ نے ہمیشہ لوگوں کا دُکھ بانٹا ہے۔سابق سیکرٹری اطلاعات و ثقافت راجہ جہانگیر انور نے محکمہ میں گزارے اپنے یادگار لمحوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب حکومت کے فلاح عامہ کے اقدامات، منصوبوں اور ثقافت کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں اللہ تعالیٰ پر بھروسہ اور صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑے اور محنت سے کام جاری رکھیں تو کامیابی ضروری ملتی ہے۔ مثبت رویوں سے اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل ہوتی ہے۔
تقریب کے اختتام پر محکمہ اطلاعات و ثقافت کے شعبوں کے سربراہان نے سابق سیکرٹری اطلاعات وثقافت کو سوینئرز پیش کئے اور محکمہ کے افسران میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئی۔