مجھے اکیلے کیوں سلایا، مالک اور اہل خانہ کو ’گندگی‘ کھلانے والی بھارتی ملازمہ گرفتار
کویت میں بھارتی ملازمہ ایک برس تک مالک اور اہل خانہ کو کھانے میں ’گندگی‘ ملا کر کھلاتی رہی جسے خفیہ کیمرے کی مدد سے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا، ملزمہ نے انتقاماً ایسا کرنے کا اعتراف کرلیا۔
عرب میڈیا کے مطابق کویت میں ایک خادمہ جو گھر والوں سے انتقام لینے کیلئے انہیں ایک سال سے ’گندگی‘ کھلارہی تھی کا مکروہ فعل سی سی ٹی وی کیمرے کی مدد سے پکڑا گیا۔
رپورٹ کے مطابق متاثرہ خاندان کی رپورٹ پر پولیس نے ملازمہ کو گرفتار کرکے اس کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔ بھارتی خادمہ نے محض اس بات پر انتقامی کارروائی کی کہ اسے دیگر گھر والوں سے الگ مکان کی چھت پر کمرہ رہائش کیلئے دیا گیا۔
متاثرہ خاتون نے پولیس کو بتایا کہ کچھ عرصہ سے تمام گھر والے کھانے کے غیرمعمولی خراب ذائقے کے حوالے سے پریشان تھے تاہم سبب معلوم نہیں ہورہا تھا، جس کیلئے خادمہ کی عدم موجودگی میں باورچی خانے میں خفیہ کیمرے نصب کرائے گئے تاکہ حقیقت حال معلوم ہوسکے۔
خاتون کا کہنا ہے کہ خفیہ کیمروں نے خادمہ کے مکروہ انتقام کا راز فاش کردیا، خفیہ کیمروں کی ریکارڈنگ پولیس کو بھی پیش کی گئی، جسے دیکھنے کے بعد بالآخر خادمہ نے اپنے گھناؤنے فعل کا اعتراف کرلیا۔
بھارتی خادمہ نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ وہ انتقامی طور پر گزشتہ ایک برس سے یہ فعل کررہی تھی۔
پولیس نے جرم ثابت ہونے اور خادمہ کے اعترافی بیان کی روشنی میں اسے ڈی پورٹ کرنے کے احکامات صادر کردیئے۔