تازہ ترینخبریںدنیا

حادثاتی میزائل فائر ہونے پر بھارت نے پاکستان سے معافی مانگ لی

بھارت نے پاکستان کی حدود میں میزائل گرنے کے واقعے پر’انتہائی افسوس‘ کا اظہار کیا ہے۔ بھارتی وزارت دفاع نے اس حوالے سے کہا ہے کہ معمول کی دیکھ بھال کے دوران تکنیکی خرابی کی وجہ سے حادثاتی طور پر میزائل فائر ہوا۔

نئی دہلی سے جاری بھارتی وزارت دفاع کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 9 مارچ کو معمول کی دیکھ بھال کے دوران غلطی سے میزائل فائر ہوا جو پاکستانی علاقے میں گرا، اس واقعے پر گہرا افسوس ہے، تاہم کسی انسانی جان کے نقصان کا نہ ہونا باعث اطمینان ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حکومت نے سختی سے اس کا نوٹس لیا ہے اور اعلیٰ سطح کی عدالتی انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے راولپنڈی میں نیوز بریفنگ کے دوران بتایا تھا کہ 9 مارچ کو بھارتی حدود سے ایک چيز پاکستانی حدود میں داخل ہوئی، پاکستان ایئر فورس نے اس کی مکمل مانیٹرنگ کی، اس حوالے سے ہمارا ایکشن اور ردعمل بروقت تھا۔

ان کا کہنا کہ اس حوالے سے ہماری اپنی بھی تفصیلی انکوائری چل رہی ہے، یہ ایک سوپر سونک پروجیکٹائل تھا جو ممکنہ طور پر میزائل تھا اور غیر مسلح تھا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ جب ہم نے اسے نوٹس کیا، یہ پاکستان  میں 100 کلو میٹر اندر تھا، بھارتی پروجیکٹائل جہاں گرا ہے وہاں ہماری کو ئی حساس تنصیبات نہیں تھیں، یہ کیا تھا اس کی وضاحت بھارت نے کرنی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button