تازہ ترینخبریںسپورٹس

امام الحق کی سنچری، راولپنڈی ٹیسٹ کا پہلا دن پاکستان کے نام

راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے دن کے اختتام پر پاکستان نے اوپننگ بیٹر امام کی سنچری اور ون ڈاؤن بیٹر اظہر علی کی نصف سنچری کی بدولت 1 وکٹ پر 245 رنز بنالیے۔

پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن مقررہ 90 اوورز کا کھیل ہوا، امام الحق 132 اور اظہر علی 64 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

آسٹریلیا کو راولپنڈی کے ٹیسٹ کے پہلے دن صرف عبداللہ شفیق کی صورت میں واحد کامیابی ملی، جو 44 رنز کی باری کھیل کر لیون کا شکار بنے۔

دوسری وکٹ پر دونوں بیٹرز نے آسٹریلوی بالرز کی ایک نہ چلنے دی، 140 رنز کی شراکت کےلیے امام الحق اور اظہر علی نے 56 اوورز وکٹ پر قیام کرلیا ہے۔

امام الحق نے 272 گیندوں کا سامنا کیا، 2 چھکے اور 15 چوکے لگائے اور 132 رنز پر ناقابل شکست ہیں۔

دوسری طرف اظہر علی نے 165 گیندیں کھیلیں اور 64 رنز کی اننگز کے دوران 4 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔

راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے دن امام الحق کا بلّا چل گیا اور ٹیسٹ کیریئر کی پہلی سنچری بنا ڈالی۔

آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے پہلے اور دوسرے سیشن کا کھیل پاکستانی بلے بازوں کے نام رہا۔

پاکستان کی جانب سے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیتنے کے بعد عبداللّٰہ شفیق اور امام الحق نے ٹیم کو سنچری شراکت کا آغاز فراہم کیا۔

پہلے سیشن میں کھانے کے وقفے سے کچھ دیر قبل آسٹریلیا نے عبداللّٰہ شفیق کی وکٹ کی صورت میں پہلی کامیابی حاصل کی۔

عبداللّٰہ شفیق 44 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے

وہ نیتھن لیون کی گھومتی ہوئی بال پر 44 رنز بنا کر کپتان پیٹ کمنز کو کیچ دے بیٹھے۔

چائے کے وقفے کے بعد اوپنر امام الحق نے 200 بالز پر 3 چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کی۔

امام الحق کی پہلی ٹیسٹ سنچری مکمل

میچ میں اب سے کچھ دیر پہلے پاکستان نے 1 وکٹ کے نقصان پر 198 رنز بنا لیے ہیں ، امام الحق 106 رنز بنا کر 43 رنز بنانے والے اظہر علی کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

پنڈی ٹیسٹ میں پاکستان نے اسکور بنانے کا آغاز عبداللّٰہ شفیق کے چوکے کی بدولت کیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے امام الحق کے ایل بی ڈبلیو کی پر جوش اپیل کی جسے فیلڈ امپائر کی جانب سے مسترد کیا گیا۔

مہمان کپتان نے اپیل پر ری ویو لیا جسے تھرڈ امپائر نے بھی ٹیکنالوجی کی مدد سے مسترد کردیا اور یوں مہمان ٹیم اننگز میں دستیاب 3 میں سے 1 ری ویو سے ہاتھ دھو بیٹھی۔

پاکستان کا آسٹریلیا کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں بیٹنگ کا فیصلہ

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 24 سال بعد کھیلی جانے والی ہوم ٹیسٹ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا ٹاس جیتنے کے بعد کہنا تھا کہ اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وکٹ اچھی لگ رہی ہے، ہم زیادہ رنز بنانے کی کوشش کریں گے، آخری دنوں میں پچ اسپنرز کے لیے سازگار ہو سکتی ہے۔

پہلے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کر رہے ہیں جبکہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں امام الحق ، عبداللہ شفیق، اظہر علی ،فواد عالم ، محمد رضوان افتخار احمد، نعمان علی، ساجد خان، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں،

دوسری جانب مہمان ٹیم آسٹریلیا کی قیادت پیٹ کمنز کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عثمان خواجہ، ڈیوڈ وارنر ، مارنس لے بوشین، اسٹیو اسمتھ، ٹریوس ہیڈ، کیمرون گرین ، ایلکس کیری، مچل اسٹارک، نیتھن لیون اورجوش ہیزل ووڈ شامل ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button