تازہ ترینخبریںپاکستان

جوہر ٹاون شیر کا حملہ: شیر کے مالک پر پرچہ درج٬ گرفتار

صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں پولیس نے پالتو شیر کی جانب سے تین بچوں کو زخمی کرنے کے واقعے پر شیر کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

تھانہ جوہر ٹاؤن میں زخمی بچوں کے والد کی مدعیت میں درج کروائی گئی ایف آئی آر میں مدعی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ تین جولائی (جمعرات) کو اُن کے تین بچے گلی میں کھیل رہے تھے جب ایک خونخوار شیر قریب واقع ڈیرے کی دیوار پھلانگ پر بچوں پر پنجوں اور دانتوں کی مدد سے حملہ آور ہوا۔

والد نے الزام عائد کیا کہ جب ان کے بچے خوف اور درد کے مارے چیخ و پکار کر رہے تھے تو اس دوران شیر کے مالک (ملزمان) اس صورتحال سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ والد کے مطابق بچوں کو زخمی کر کے شیر چھلانگ لگا کر واپس ڈیرے میں داخل ہو گیا۔

انھوں نے کہا کہ اس واقعے کے بعد ملزمان اپنے پالتو شیر کو گاڑی پر لے کر موقع سے فرار ہو گئے۔

پولیس نے یہ مقدمہ اقدام قتل سمیت پنجاب وائلڈ لائف ایکٹ کی متعدد دفعات کے تحت درج کیا ہے۔

پنجاب کے محکمہ جنگلی حیات کے مطابق اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی وائلڈ لائف رینجرز موقع پر پہنچ گئے اور بغیر لائسنس شیر رکھنے والے شخص کو گرفتار کر لیا جبکہ شیر کو محفوظ مقام پر پہنچا دیا گیا۔

محکمہ جنگلی حیات کے مطابق بغیر لائسنس اور حفاظتی تقاضوں کے بغیر شیر کو رکھنا ناقابل ضمانت جرم ہے جس کی خلاف ورزی پر سات سال قید اور پچاس لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا مقرر ہے۔

جواب دیں

Back to top button