پاکستان

یوم پاکستان پر صدر٬ وزیر اعظم اور مسلح افواج کے سربراہان کی مبارکباد

آج پاکستان بھر میں یومِ پاکستان بھرپور ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے،اس موقع پر اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں مسلح افواج کے دستوں کی پریڈ جاری ہے، جب کہ صدر اور وزیر اعظم پاکستان٬ کے سربراہان٬ جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی اور افواج پاکستان کے سربراہان نے بھی قوم کو مبارکباد دی۔

واضح رہے کہ یوم پاکستان 23 مارچ 1940 کو آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد کی یاد میں منایا جاتا ہے جس کی روشنی میں برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لیے ایک علیحدہ وطن کا خواب دیکھا تھا۔

یہ قرارداد لاہور کے منٹو پارک میں پیش کی گئی تھی جہاں اس کی یادگار کے طور پر مینار پاکستان تعمیر کیا گیا۔

یوم پاکستان کے موقع پر ملک بھر میں توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز کیا گیا، مساجد میں وطن عزیز کی سالمیت اور ترقی وخوشحالی کی دعائیں کی گئیں۔
دوسری جانب یوم پاکستان پر لاہور میں مزار اقبال پر تبدیلی گارڈز کی پروقار تقریب منعقد کی گئی، تقریب کے مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل طارق محمود نے شرکت کی۔

پاک فضائیہ کے چاک وچوبند دستے نے مزار اقبال پرذمہ داریاں سنبھال لیں، ستلج رینجرز کے دستے نے ذمہ داریاں پاک فضائیہ کے دستے کے حوالے کیں۔

مہمان خصوصی ایئروائس مارشل طارق محمود نے مزار اقبال پر پھول چڑھائے، فاتحہ خوانی کی، ائیر وائس مارشل نے مہمانوں کی کتاب بھی تاثرات قلمبند کیے۔
84 ویں یوم پاکستان پر اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانیوں کو مبارک باد دیتے ہوئے پیغام دیا کہ 23مارچ ہماری تاریخ کا ایک اہم دن ہے، پاکستان کو درپیش سنگین مسائل سے پوری طرح آگاہ ہیں، ہم متحد ہو کر تمام رکاوٹوں کوعبور کر لیں گے۔

پاک فوج چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر، بحری فوج کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بھی قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یوم پاکستان کے موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ یہ دن برصغیر کے مسلمانوں کی عظیم کاوشوں کی یاد دلاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 23 مارچ کا یہ دن ہمیں آزادی کی اہمیت اور قدر کی یاد دلاتا ہے، آج ہندوستان اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلمانوں کو فاشسٹ حکومت کے ہاتھوں بدترین مظالم کا سامنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس دن مسلمانوں کے الگ وطن کے لیے ہمارے عظیم رہنماؤں کے ویژن کے مطابق ہماری تقدیر کا تعین کیا گیا، یہ دن قیام پاکستان کی جدوجہد میں دی گئی ہمارے آباؤ اجداد کی عظیم قربانیوں اور خدمات کی یاد دلاتا ہے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم ہر روز اپنی آزادی کی قدر اور اس کا احترام کرتے ہیں، مسلح افواج ہر قیمت پر مادر وطن کے دفاع، خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کی تجدید کرتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button