سپورٹس

سعودی خاتون کا بڑا کارنامہ

سعودی عرب کی یاسمین نے آئس لینڈ میں 1400 کلومیٹر کا صبر آزما سفر سائیکل پر طے کر کے یہ کارنامہ انجام دینے والی پہلی عرب خاتون بن گئی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یاسمین ادریس آئس لینڈ کا مشکل سفر سائیکل پر کرنے کے لیے سال 2023 کے آغاز میں روانہ ہوئی تھیں اور انہوں نے 14 سو کلومیٹر کا صبر آزما سفر مکمل کر لیا ہے اور وہ یہ کارنامہ انجام دینے والی پہلی عرب خاتون بن گئی ہیں۔

یاسمین کے آئس لینڈ کے رنگ روڈ کا یہ سفر تاریخی تو رہا لیکن آسان ہر گز نہیں تھا کیونکہ اس پورے سفر کے دوران انہیں تیز ہواؤں کا سامنا کرنا پڑا لیکن انہوں نے ہمت ہارنے کے بجائے سرد ہواؤں کے تھپیڑے سہتے ہوئے آگے بڑھتی گئی۔

اس سفر میں یاسمین کا ساتھ ان کے قریبی 2 دوستوں نے بھی دیا جن میں سے ایک کیتھی ہینڈرک بھی ہیں جنہوں نے آنے والی دستاویزی فلم کے لیے بیانیہ بنانے میں مدد کی جبکہ دوسری میڈیسن ہوفمین تھیں جو دستاویزی فلم کی مرکزی فلم ساز تھیں۔

سفر کے حوالے سے یاسمین ادریس کا کہنا ہے کہ ہم تینوں ایک جیسی چیز سے گزر رہے تھے۔ تاہم وہ گاڑی میں سوار تھیں اور میں سائیکل پر تھی لیکن جب خواتین اکٹھے ہو کر ایک دوسرے کی مدد کرتی ہیں تو اس تجربے کو دیکھ کر اچھا محسوس ہوتا ہے۔

یاسمین ادریس جنہوں نے اپنے اس شوق کے لیے پائیدار فٹ ویئر کمپنی کے سربراہ کا عہدہ چھوڑا نے مزید کہا کہ روزمرہ کی زندگی کی ذمہ داریوں سے خود کو الگ کر کے اور خاندان اور دوستوں سے منقطع ہو کر بائیک پر یہ سفر اپنی ذات کی تلاش کا سفر تھا۔

انہوں نے کہا کہ وہ سعودی خواتین کی نمائندگی کرنے پر فخر محسوس کرتی ہیں اور مجھے ایسا نہیں لگتا کہ میں پہلی خاتون ہوں۔ یہاں بہت سی زبردست سعودی خواتین ہیں جنہوں نے میرے لیے راہ ہموار کی ہے، جنہوں نے حیرت انگیز کام کیے ہیں۔

واضح رہے کہ یاسمین ادریس کے اس تاریخی سفر کو دستاویزی فلم ’’تھریش ہولڈ‘‘ میں فلمایا گیا ہے جو اس سال 2024 میں ریلیز کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button