تازہ ترینخبریںدنیا

ایران نے اسرائیل کو غزہ پر مزید حملے سے خبردار کر دیا

اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بے دریغ بمباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں معصوم بچوں اور خواتین کی بھی بڑی تعداد لقمہ بن چکی ہے، ایسے میں ایران نے اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے بند نہ کئے گئے تو نیا محاذ کھل سکتا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبدالہیان لبنان کے دارالحکومت بیروت پہنچے جہاں لبنانی حکام کے ساتھ ساتھ حماس اور اسلامی جہاد کے نمائندوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے اس موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے حزب اللہ کی طرف ممکنہ اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کی ناکہ بندی اور اسرائیلی جنگی جرائم کے نتیجے میں نیا محاذ کھلنا ممکنہ حقیقت ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے غزہ پر حملے بند نہ کیے تو جنگ میں نیا محاذ کھل سکتا ہے۔

دوسری جانب واضح رہے کہ اسرائیل نے غزہ میں رہائشی کمپاونڈ پر بمباری کی ہے، جس سے مزید 45 فلسطینی شہید ہوگئے، جس کے بعد شہید فلسطینیوں کی تعداد 1570 ہوگئی۔

اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں گنجان آباد جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں رہائشی کمپاؤنڈ پر بمباری کی، اسرائیلی فوج کے حملے میں درجنوں فلسطینی زخمی ہوگئے۔

وزارت داخلہ فلسطینی اتھارٹی نے بتایا کہ فضائی حملے میں جبالیہ کیمپ کے مرکز میں الشہاب خاندان کے رہائشی کمپاؤنڈ کو نشانہ بنایا گیا، حملے کے وقت کمپاؤنڈ میں الشہاب خاندان کے رہائشی درجنوں رشتے دار تھے۔

وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ خاندان کے کچھ افراد دوسرے علاقوں پر بمباری کے خوف سے رہائشی کمپاؤنڈ میں موجود تھے اور شہری دفاع کے کارکن اب بھی ملبے سے لاشیں نکال رہے تھے۔

غزہ پر اسرائیلی بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 1570ہوگئی، جس میں 447 بچے، 248 خواتین اور سترہ رضاکار شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 7 ہزار 200 سے بھی بڑھ گئی اور بے گھر فلسطینیوں کی تعداد 3 لاکھ 38 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button