تازہ ترینخبریںدنیا

عرب امارات سندھ میں سیلاب زدگان کے گھر تعمیر کروائے گا

متحدہ عرب امارات صوبہ سندھ میں سیلاب زدگان کے گھروں کی تعمیر میں مالی مدد فراہم کرے گا، عرب امارات اس سے قبل بھی سیلاب زدگان کی دل کھول کر مدد کر چکا ہے۔

متحدہ عرب امارات صوبہ سندھ میں سیلاب سے متاثر ہونے والے افراد کے لیے مکانات کی تعمیر میں مدد کرے گا۔

وزیر اعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید ابراہیم سالم الزعابی نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کی۔

اماراتی سفیر نے وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا کہ ان کا ملک سیلاب زدگان کے لیے مکانات کی تعمیر میں مدد کرے گا اور اس منصوبے کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔

اس موقعے پر مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ قریبی سفارتی اور دفاعی تعلقات برقرار رکھے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ خلیجی ممالک میں لاکھوں پاکستانی مقیم ہیں جو سرکاری اور نجی شعبوں میں کام کرتے ہیں، یہ پاکستانی ہر سال 4 ارب ڈالر سے زائد رقم پاکستان بھیجتے ہیں، عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں نے 2022 میں 5 ارب 10 کروڑ ڈالر بھیجے۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے 17 سو سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ مجوعی طور پر 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے تھے۔

ایک اندازے کے مطابق گزشتہ برس کے سیلاب سے پاکستان میں 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا جس کی وجہ سے حکومت کو ریلیف اور بحالی کے کاموں سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی امداد طلب کرنا پڑی۔

سیلاب سے سندھ اور بلوچستان کے صوبے سب سے زیادہ متاثر ہوئے تھے جہاں بعض علاقوں میں اب بھی سیلابی پانی موجود ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button