تازہ ترینخبریںپاکستان

سیکیورٹی فورسز کا باجوڑ میں آپریشن، 3 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ٹھکانے لگادیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے باجوڑ کے علاقے لوسم میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا، آپریشن کے دوران تین دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد علاقے میں بھتہ خوری، فورسز اور شہریوں کے قتل میں ملوث تھے، ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری تعداد میں ہتھیاراور گولیاں برآمد کی گئیں ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مقامی لوگوں نے دہشت گردی کےخلاف آپریشن کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

اس سے قبل آج خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں تختہ بیگ پولیس چیک پوسٹ پر خودکش دھماکے میں ملوث 6 دہشت گرد کو سی ٹی ڈی نے گرفتار کیا تھا۔

پشاور میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے مطابق گرفتار دہشتگردوں نے خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں تختہ بیگ پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ رواں سال 19 جنوری کو خودکش بمبار نے تختہ بیگ چیک پوسٹ پر فائرنگ اور دھماکا کیا تھا، جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار سمیت 3 افراد شہید ہوئے تھے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button