CM RizwanColumn

سیاسی مفاد عوامی مفاد کے بغیر ناجائز 

سیاسی مفاد عوامی مفاد کے بغیر ناجائز

تحری : سی ایم رضوان

جمہوری نظام میں عام طور پر سیاسی مفاد کو جائز سمجھا جاتا ہے حالانکہ یہ مفاد بھی تب ہی جائز کہلوا سکتا ہے جب اس مفاد کا براہِ راست مفاد عوام کو ہو لیکن اگر یہ مفاد بھی سیاستدانوں کا ذاتی، گروہی یا اختیارات کے حصول تک ہو تو جمہوریت کے لئے یہ مفاد شمشیر قاتل ہوتا ہے۔ افسوس کہ اسی نوعیت کے مفادات کے لئے ہماری سیاسی جماعتیں اور ان کے قائدین اور ان کے جاں فروش کارکن ہمیشہ سربکف رہتے ہیں اور مذاکرات سے لے کر احتجاج تک سبھی پاپڑ بیلتے رہتے ہیں۔ اسی نوعیت کے پاہڑ بیلنے کی عکاس مختلف ویڈیوز ان دنوں سوشل میڈیا پر چل رہی ہیں۔ بات ذرا کھل کے کرتے ہیں کہ جمعیت علمائے اسلام ( ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی گرفتاری کے ان کے زبانی اعلان، ملک گیر احتجاج کی ان کی جانب سے اپیل کی ایک عدد ویڈیو اور ایک عدد ان کی ویڈیو احتجاج روکنے کی اپیل کی چل رہی ہے۔ یہ دونوں ویڈیوز گزشتہ روز جب منظر عام پر آئیں تو ملک بھر میں سراسیمگی پھیل گئی۔ لوگ ایک دوسرے سے پوچھنے لگے کہ اب کیا ہو گا۔ مولانا کے کارکن تو بڑے کمٹڈ اور جاں فروش ہیں وہ تو ملک بند کر دیں گے مگر ایسا کم از کم راولپنڈی، اسلام آباد یا پنجاب بھر میں کہیں بھی نہ جمعرات کو اور نہ ہی جمعہ کے روز ہو سکا۔

تاہم مولانا فضل الرحمٰن کی سرگودھا جاتے ہوئے ان کے ٹھوکر نیاز بیگ لاہور میں رکنے کی ہدایت اور پارٹی ترجمان کے اعلان کے مطابق، جمعرات کی رات ملک بھر کی شاہراہوں اور موٹر ویز پر دھرنے دینے اور بعدازاں ختم کرنے کے اعلان کے بعد جمعہ (27نومبر 2026) کو نمازِ جمعہ کے بعد پنجاب کے علاوہ ملک کے تین صوبوں کے بعض ضلعی ہیڈ کوارٹرز اور مختلف شہروں میں چھوٹے بڑے احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ کراچی پریس کلب پر جے یو آئی سندھ کے زیرِ اہتمام بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں شہر کے ساتوں اضلاع کے کارکنان اور مرکزی رہنمائوں ( بشمول حافظ حمد اللہ) نے شرکت کی۔ خیبر پختونخوا کی سرائے نورنگ میں جے یو آئی ضلع لکی مروت کے زیرِ اہتمام کارکنوں کی بڑی تعداد نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اسی طرح خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں دوسرے روز بھی کارکنوں کی احتجاجی سرگرمیاں اور مظاہرے جاری رہے۔ اپر کوہستان ( خیبر پختونخوا) میں بھی مقامی رہنمائوں اور کارکنوں نے مبینہ جبری گرفتاریوں اور نظر بندیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ بلوچستان کے ضلع پشین میں بھی جے یو آئی کے کارکنوں نے ضلعی امیر صاحب زادہ مولانا کمال الدین کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور قائدین کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ یاد رہے کہ جے یو آئی کی قیادت نے جمعہ کے روز ملک بھر کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر احتجاج کی کال دی تھی، تاہم راولپنڈی میں احتجاج کی کال واپس لے لی گئی تھی جبکہ لاہور میں دفعہ 144کے نفاذ اور سخت سکیورٹی انتظامات کی وجہ سے یہاں بھی کوئی احتجاج نہیں ہوا۔

دوسری جانب مولانا فضل الرحمٰن جمعرات (26نومبر کو ہی) ٹھوکر نیاز بیگ کے مقام پر کئی گھنٹے رکے رہے اور انتظامیہ سے مذاکرات کے بعد واپس اپنی رہائش گاہ ( جو ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب ایک نجی ہائوسنگ سوسائٹی پارک ویو سٹی میں واقع ہے) چلے گئے تھے۔ جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے اس رات گئے یہ بیان جاری کیا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے تصادم سے بچنے کے لئے گرفتاری دے دی ہے، تاہم لاہور پولیس نے باضابطہ طور پر اس کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا کہ انہیں نہ تو گرفتار کیا گیا ہے اور نہ ہی نظر بند، بلکہ وہ خود اپنی رہائش گاہ واپس چلے گئے تھے۔ واضح رہے کہ حکومتی اتحادی عبدالعلیم خان کی ملکیتی ہائوسنگ سوسائٹی ( پارک ویو سٹی) ٹھوکر نیاز بیگ ملتان روڈ کے قریب واقع ہے۔ جہاں مولانا فضل الرحمٰن کی لاہور میں قیام گاہ بھی بتائی جاتی ہے۔ ممکنہ طور پر اسی محلِ وقوع یا سوشل میڈیائی قیاس آرائیوں کی وجہ سے ان کے عبدالعلیم خان کی رہائش گاہ پر جانے کی افواہ پھیلی، تاہم کسی مستند خبر رساں ادارے یا فریقین کی جانب سے ایسی کسی ملاقات کی تصدیق نہیں کی گئی، لیکن یہ طے ہے کہ مولانا ایک منجھے ہوئے، زیرک اور ہر جگہ تعلقات اور روابط رکھنے والے سیاستدان ہیں، اور اس امر سے بھی انکار نہیں کہ وہ کسی سے بھی رابطے رکھ سکتے ہیں۔ ان کا متوقع احتجاج بھی ایک سنجیدہ احتجاج اور بالغ سیاسی جوڑ توڑ پر منتج ہو گا اور ان کے احتجاج کے موجودہ التواء کی ایک وجہ ان دنوں اسلام آباد میں جاری دو روزہ مکہ مشترکہ اتحاد کا اہم اجلاس ہے کہ وہ ملکی اور بین الاقوامی حساسیت کو سمجھ کر فیصلے کرنے والے سیاستدان ہیں۔ ان سے پی ٹی آئی اور ٹی ایل پی قیادت جیسی غلطیوں کی توقع نہیں کی جا سکتی۔

حالیہ واقعات، خاص طور پر سرگودھا جلسے پر پابندی اور اس کے رد عمل میں جمعیت علمائے اسلام ( ف) کی احتجاجی کال کے تناظر میں پیدا صورتحال کا ایک سیاسی اور انتظامی پہلو یہ ہے کہ سرگودھا کانفرنس کا انعقاد پنجاب میں ہونا تھا، اس لئے پنجاب حکومت ( ن لیگ) براہ راست اس معاملے میں فریق بنی۔ دفعہ 144کے نفاذ، مولانا عبدالغفور حیدری سمیت دیگر رہنمائوں کی گرفتاریاں اور راستوں کی بندش کا مقصد اس جلسے کو روکنا تھا۔ پنجاب چونکہ ن لیگ کا سیاسی گڑھ ہے اور وفاقی دارالحکومت کے راستے بھی یہیں سے گزرتے ہیں، اس لئے یہاں انتظامی مشینری کو مکمل طور پر متحرک رکھا گیا، تاہم لاہور ( ٹھوکر نیاز بیگ) اور موٹر وے ایم ٹو کے کچھ حصوں پر یہاں بھی عارضی رکاوٹیں دیکھنے میں آئیں۔ دوسرا سیاسی پہلو یہ ہے کہ سندھ اور بلوچستان میں پیپلز پارٹی کی حکومتیں ہیں ( اگرچہ بلوچستان میں ن لیگ بھی اتحادی ہے)۔ یہاں جے یو آئی کا تنظیمی ڈھانچہ اور عوامی طاقت ( خاص طور پر بلوچستان اور اندرونِ سندھ، کراچی کے کچھ علاقوں میں) زیادہ مضبوط ہے، جس کی وجہ سے این 25، این 50، این 55اور کراچی کے داخلی راستوں ( گھگھر پھاٹک، حب ریور روڈ، سہراب گوٹھ) کو بند کرنا ان کے لئی آسان رہا۔ دوسری جانب، پیپلز پارٹی نے ان صوبوں میں طاقت کے استعمال سے گریز کیا کیونکہ وہ مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ براہ راست تصادم مول لے کر اپنا سیاسی نقصان نہیں کرنا چاہتی۔ تیسرے صوبہ خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت ہے جو خود وفاقی حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کی ناقد ہے، اس لئے وہاں بھی جے یو آئی کے احتجاج کو روکنے کے لئے کوئی سخت کارروائی نہیں کی گئی۔

وفاق اور پنجاب میں اقتدار میں ہونے کی وجہ سے سکیورٹی، خارجہ پالیسی اور ریاستی بیانیے ( جیسے افغانستان سے متعلق پالیسی یا داخلی استحکام) کا براہ راست بوجھ ن لیگ پر ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے بیانات بھی اسی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ حکومت مولانا کے احتجاج کو محض سیاسی نہیں بلکہ ریاستی بیانیے کے تناظر میں دیکھ رہی ہے لہٰذا پنجاب میں مولانا کو سخت رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا اور شاید آئندہ بھی ایسا ہو۔ جبکہ پیپلز پارٹی اپنے سیاسی مفاد کے تناظر میں’’ دہری‘‘ پالیسی پر کام کر رہی ہے۔ پیپلز پارٹی وفاقی حکومت کی اتحادی ضرور ہے اور (26ویں اور 27ویں) آئینی ترامیم سمیت اہم قانون سازی میں اس نے ن لیگ یا دوسرے لفظوں میں پاور کوریڈورز کا مکمل ساتھ دیا ہے۔ تاہم، وہ کابینہ کا حصہ نہ بن کر خود کو حکومت کے سخت اور غیر مقبول فیصلوں سے الگ رکھنے کا دکھاوا کر رہی ہے۔ اب سندھ میں جے یو آئی کا احتجاج نہ روک کر بھی پیپلز پارٹی نے ایک طرف اپنی ’’ جمہوری رواداری‘‘ کا تاثر بھی برقرار رکھا ہے اور دوسری طرف مولانا کے ساتھ رابطے کا دروازہ بھی کھلا رکھا ہے، جبکہ ایم کیو ایم کے ساتھ وہ اس نوعیت کی رواداری دکھانے کے موڈ میں کبھی بھی نہیں آئی، حالانکہ ایم کیو ایم وفاق میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی اتحادی ہے۔ یہاں ایک معصومانہ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا یہ تمام سیاسی چالبازی ن لیگ کے خلاف ہو رہی ہے؟۔ ملکی سیاسی منظر نامے کا بغور جائزہ لیں تو یہ تاثر کسی حد تک درست بھی معلوم ہوتا ہے کہ تمام بڑی جماعتیں اپنے سیاسی مفادات کے تحت ن لیگ کو دبائو میں رکھنا چاہتی ہیں، لیکن اسے مکمل ’’ گٹھ جوڑ‘‘ کہنا بھی قبل از وقت ہو گا کہ ہماری سیاسی جماعتیں وقت آنے پر یا حالات بدلنے پر کوئی بھی قلابازی لگانے میں اپنا ثانی نہیں رکھتیں۔ لیکن فی الحال چونکہ تحریک انصاف اور جے یو آئی ( ف) دونوں اس وقت حکومت کے خلاف ہیں، اگرچہ ان کے اصل مقاصد اور راستے الگ الگ ہیں لیکن اس وقت ان دونوں کا مقصد ن لیگی حکومت پر دبائو ڈالنا ہے سو وہ دونوں اسی مقصد پر کام کر رہی ہیں۔

لہٰذا پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی دونوں ہی مولانا فضل الرحمٰن کو اپنے اپنے انداز میں سہولیات دے رہی ہیں کیونکہ مولانا کا احتجاج ن لیگ کی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے لئے براہ راست چیلنج ہے۔ پیپلز پارٹی مولانا کے ساتھ پیار محبت کا اظہار بھی اسی لئے کر رہی ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان اقتدار کی شراکت کے باوجود کئی معاملات پر شدید اختلافات سامنے آ چکے ہیں۔ مثلاً نئے صوبوں کی تجویز، گلگت بلتستان کے انتخابات اور پنجاب میں پیپلز پارٹی کو سیاسی سپیس نہ ملنے کے شکوی۔ لہٰذا پیپلز پارٹی یہ سمجھتی ہے کہ اگر ن لیگ پر اپوزیشن کا دبا برقرار رہتا ہے، تو وفاقی حکومت پیپلز پارٹی کی حمایت کی زیادہ محتاج رہے گی۔

مختصراً یہ کہ پیپلز پارٹی نے اپنی محتاط سیاست کے تحت خود کو اس تنازع سے دور رکھا ہے، جبکہ اقتدار کے مرکز میں ہونے کی وجہ سے تمام تر سیاسی اور انتظامی محاذ آرائی کا سامنا ن لیگ کو کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ پیپلز پارٹی اور جے یو آئی اپنے سیاسی مفاد کیلئے جوڑ توڑ میں مصروف ہیں۔ سب سے اہم اور تلخ سوال یہ ہے کہ ان کے سیاسی مفاد میں عوام کے مفاد کی گنجائش کہاں ہے؟۔

سی ایم رضوان

جواب دیں

Back to top button