غریب کی پہنچ سے دور ہوتی ادویات

غریب کی پہنچ سے دور ہوتی ادویات
تحریر: رفیع صحرائی
ٔانسان کی بنیادی ضروریات میں روٹی، کپڑا اور مکان کے بعد اگر کوئی چیز سب سے زیادہ ناگزیر ہے تو وہ صحت اور علاج معالجہ ہے۔ ایک فلاحی ریاست کی اولین ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ اپنے شہریوں کو سستی، معیاری اور بروقت طبی سہولیات فراہم کرے۔ بدقسمتی سے ہمارے ہاں معاملہ بالکل الٹ ہے۔ مہنگائی کے اس بے قابو طوفان نے جہاں عام آدمی کے منہ سے دو وقت کی روٹی چھین لی ہے، وہیں اب زندگی بچانے والی ادویات بھی اس کی پہنچ سے کوسوں دور ہوتی جا رہی ہیں۔ حالیہ دنوں میں مسابقتی کمیشن آف پاکستان ( سی سی پی) کی جانب سے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کو پیش کی جانے والی رپورٹ نے اس تلخ حقیقت پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے کہ ملک میں ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے عام شہری کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔
ٔمسابقتی کمیشن کی رپورٹ کے اعداد و شمار کسی المیے سے کم نہیں۔ رپورٹ کے مطابق 2023ء سے 2026ء کے محض تین برسوں کے دوران 85.6فیصد ادویات مہنگی ہو چکی ہیں۔ حیرت انگیز اور تشویشناک امر یہ ہے کہ 257ادویات کی قیمتوں میں 50فیصد سے زائد جبکہ 63ادویات کی قیمتوں میں 100فیصد سے بھی زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آنکھوں کے امراض کی ادویات 99.3فیصد، جلدی امراض کی دوائیں 77.9فیصد اور ملٹی وٹامنز و منرلز 64.8فیصد تک مہنگے ہو چکے ہیں۔ یہ محض اعداد و شمار نہیں بلکہ اس ملک کے کروڑوں غریب اور متوسط طبقے کے افراد کے لیے موت کے پروانے ہیں۔ جب سرکاری کنٹرول سے ادویات کی قیمتوں کو آزاد کیا گیا تھا تو یہ خوشنما دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس سے مارکیٹ میں مسابقت بڑھے گی اور قیمتیں مستحکم ہوں گی، لیکن عملی طور پر اس فیصلے نے دوا ساز کمپنیوں کو کھلی چھوٹ دے دی کہ وہ من مانی قیمتیں مقرر کریں اور عوام کی کھال اتاریں۔
ٔاس بے رحم مہنگائی کا سب سے زیادہ نشانہ ہمارا لوئر اور لوئر مڈل کلاس طبقہ، بالخصوص محدود آمدنی والے ملازم پیشہ افراد بن رہے ہیں۔ ایک سرکاری یا نجی ادارے کا معمولی ملازم، جس کی ماہانہ تنخواہ بمشکل تیس سے پچاس ہزار روپے کے درمیان ہے، وہ اس قلیل آمدنی میں گھر کا کرایہ دے، بجلی اور گیس کے ہوشربا بل ادا کرے، بچوں کی فیسیں بھرے یا اپنے بوڑھے والدین کے لیے شوگر، بلڈ پریشر اور دل کے امراض کی دوائیں خریدے؟ ہمارے معاشرے کا یہ سفید پوش طبقہ کسی کے آگے ہاتھ پھیلانے سے بھی قاصر ہے جبکہ معمولی سرکاری ملازمین بھی حکومت کے BISPجیسے مختلف پروگراموں کے اہل بھی نہیں ہیں۔ آج صورتحال یہ ہے کہ میڈیکل اسٹورز پر کھڑے بزرگ شہری اور مزدور نسخے میں لکھی گئی چار دوائیوں میں سے صرف ایک یا دو دوائیں خریدنے پر مجبور ہیں اور باقی دوائیں یہ کہہ کر واپس کر دیتے ہیں کہ’’ پیسے پورے نہیں ہو رہے‘‘۔ علاج ادھورا چھوڑ دینے کے باعث معمولی بیماریاں جان لیوا شکل اختیار کر رہی ہیں، جس سے نہ صرف اموات کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ خاندان کے خاندان معاشی اور ذہنی کرب میں مبتلا ہو رہے ہیں۔
ٔاس تمام تر صورتحال میں حکومت اور متعلقہ ریگولیٹری اداروں، بالخصوص ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان ( ڈریپ ) کی بے بسی اور مجرمانہ غفلت کھل کر سامنے آ گئی ہے۔ مسابقتی کمیشن نے اپنی رپورٹ میں اس حقیقت کی نشاندہی کی ہے کہ پاکستان میں 85فیصد ادویات مقامی طور پر تیار ہوتی ہیں لیکن ان کا 95فیصد خام مال درآمد کیا جاتا ہے۔ روپے کی قدر میں کمی اور عالمی منڈی میں خام مال کی قیمتوں میں اتار چڑھائو کا بہانہ بنا کر دوا ساز کمپنیاں ہر چند ماہ بعد قیمتوں میں اضافے کا مطالبہ کر دیتی ہیں اور حکومت ان کے دبا کے سامنے گھٹنے ٹیک دیتی ہے۔ اگرچہ کمیشن نے ملی بھگت کے شواہد نہ ملنے کی بات کی ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ مارکیٹ میں مصنوعی قلت پیدا کر کے بلیک مارکیٹنگ کے ذریعے منافع خوری کا دھندا عروج پر ہے۔ سرکاری ہسپتالوں کا حال یہ ہے کہ وہاں مفت ادویات کی دستیابی محدود ہے اور ایسا بھی دیکھا گیا ہے کہ مریضوں کو سرنج اور روئی تک باہر سے خریدنی پڑتی ہے۔
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اس گھمبیر صورتحال سے نکلنے کے لیے اصلاحِ احوال کے کیا اقدامات کیے جا سکتے ہیں؟ محض رپورٹس مرتب کرنے اور کمیٹیوں کے اجلاس بلانے سے غریب کا درد کم نہیں ہوگا۔ حکومت کو سب سے پہلے مسابقتی کمیشن کی ان سفارشات پر سنجیدگی سے عمل درآمد کرنا ہوگا جن میں کہا گیا ہے کہ قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ کرنے والی کمپنیوں سے سختی سے باز پرس کی جائے اور جن ادویات کے متبادل محدود ہیں ان کی قیمتوں کی کڑی نگرانی کی جائے۔ مزید برآں، حکومت کو چاہیے کہ ادویات کے خام مال (APIs)کی مقامی سطح پر تیاری کے لیے ہنگامی بنیادوں پر منصوبہ بندی کی جائے۔ جب تک ہم 95فیصد خام مال بیرون ملک سے منگواتے رہیں گے، تب تک ڈالر کی اڑان ہماری عوام کی جان لیتی رہے گی۔ مقامی فارماسیوٹیکل انڈسٹری کو خام مال کی تیاری پر ٹیکسوں میں چھوٹ اور سبسڈی دی جائے تاکہ ملک اس شعبے میں خود کفیل ہو سکے۔
ٔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی ( ڈریپ) کو بااختیار اور کرپشن سے پاک بنایا جائے۔ قیمتوں کے تعین کا ایک شفاف اور منصفانہ فارمولا وضع کیا جائے اور منافع خوری یا مصنوعی قلت پیدا کرنے والی کمپنیوں اور ڈسٹری بیوٹرز کے لائسنس منسوخ کر کے انہیں بھاری جرمانے کیے جائیں۔ نیز زندگی بچانے والی بنیادی ادویات ( جیسے انسولین، دل، کینسر، بلڈ پریشر اور بچوں کی ادویات) کو ہر قسم کے ٹیکسوں اور ڈیوٹیز سے مستثنیٰ قرار دیا جائے اور ان پر براہ راست سرکاری سبسڈی فراہم کی جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کے نظام کو ڈیجیٹلائز کیا جائے تاکہ ہسپتالوں کے اسٹورز سے ادویات چوری ہو کر نجی میڈیکل اسٹورز پر فروخت نہ ہو سکیں، اور مستحق مریضوں کو صحت کارڈ یا شناختی کارڈ کے ذریعے مفت یا انتہائی سستی ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
یاد رکھیے! صحت کی سہولت کوئی خیرات نہیں بلکہ ہر شہری کا بنیادی آئینی حق ہے۔ اربابِ اختیار کو یہ سمجھنا ہوگا کہ اگر غریب آدمی کو دو وقت کی روٹی اور سستی دوا میسر نہ آئی تو معاشرتی بے چینی میں اضافہ ہو گا۔ وقت کا تقاضا ہے کہ دوا ساز مافیا کی لگام کھینچی جائے اور مسیحائی کے اس مقدس شعبے کو محض تجارتی منافع خوری کا ذریعہ بننے سے روکا جائے، تاکہ اس ملک کا غریب شہری بھی عزت و وقار کے ساتھ سانس لے سکے۔




