قومی حکومت اور نئی لیگ

قومی حکومت اور نئی لیگ
تحریر : محمد مبشر انوار(ریاض)
پاکستان کو بجا طور پر بحرانوں کی سرزمین کہا جاتا ہے کہ یہاں اگر کوئی بحران نہ بھی ہو تب بھی ’’ اصل حکمران‘‘ دل بہلانے کے لئے بحران کھڑا کر لیتے ہیں، یا پیالی میں طوفان بپا کرنے میں کامیاب رہتے ہیں۔ اس ضمن میں یہ اشعار برمحل ہیں کہ جس میں شاعر نے کہا تھا ’’ لگا کر آگ شہر کو یہ بادشاہ نے کہا ۔۔ اٹھا ہے آج دل میں تماشے کا شوق بہت ۔۔ جھکا کر سبھی شاہ پرست بول اٹھے۔۔ حضور! شوق سلامت رہے، شہر اور بہت‘‘۔ بعینہ ایسی ہی صورتحال پاکستان کو بھی ہر طاقتور شخصیت کی تبدیلی کے بعد دیکھنے کو ملتی ہے۔ بدقسمتی یہ ہے کہ امور مملکت چلانے کے لئے جو آئین و قانون، جو کسی بھی ریاست کی بنیادی و مقدس دستاویز سمجھی جاتی ہے، ہونے کے باوجود پاکستانی پارلیمنٹ کی اس قدر بے توقیری سامنے آتی ہے کہ اراکین پارلیمنٹ ہاتھ باندھے، طاقتور کے اشارہ ابرو کے منتظر دکھائی دیتے ہیں کہ عالی جناب کی خواہشات کیا ہیں اور حکومت چلانے کے لئے کیا طریقہ کار اختیار کیا جانا چاہئے۔ اس صورتحال سے پاکستانی پہلی مرتبہ نہیں گزر رہے، بلکہ آزادی حاصل کرنے کے چند برس بعد ہی اس کا مظاہرہ دیکھنے کو ملنا شروع ہو گیا تھا، حد تو یہ تھی کہ پارلیمانی طرز سیاست پر حاصل ہونے والی آزادی کو فقط ایک شخص کی خواہش پر، صدارتی نظام میں تبدیل کر دیا گیا۔ یہ کشمکش، یہ چھینا جھپٹی اور رسہ کشی پھر بھی نہ تھمی، بلکہ قائد عوام نے جو آئین اس ملک و قوم کے لئے تجویز کیا، اس کے ابتدائی خدو خال بھی بہرحال امریکی صدارتی نظام سے متاثر ہو کر ہی، صدارتی رکھے گئے، تاہم بعد ازاں ہم عصر سیاستدانوں اور سیاسی جماعتوں کے تحفظات و اختلافات کے باعث اس کو پھر تبدیل کر کے پارلیمانی نظام کر دیا گیا۔ 1973ء کے آئین کی کہانی بھی عجیب و غریب و دلچسپ ہے کہ صرف چار سال تک نافذ العمل رہا، اور پھر ایک آمر نے یہ کہتے ہوئے کہ آئین کیا ہے؟، یہ دس بارہ صفحات پر مشتمل
ایک کتابچہ ہے، میں اسے پھاڑ کر کہہ سکتا ہوں کہ کل سے ہم ایک مختلف نظام کے تحت زندگی گزاریں گے۔ کیا کوئی مجھے روکنے والا ہے؟۔ اس آئین کو معطل کر دیا تا وقتیکہ 1985ء میں Revival of Constitution of 1973 Orderکے ذریعہ بحال کیا گیا، تاہم اس میں تبدیلیاں کی گئی اور مارشل لاء کے اثرات و اختیارات کا ڈھانچہ برقرار رہا۔ طاقت کے زعم، نشہ میں ریاست کے آئین کو دس بارہ صفحات کا کتابچہ قرار دینے والے کو اپنے اعمال سے بچنے کے لئے اس آئین میں ترامیم کرانا پڑیں کہ بعد از اقتدار کوئی اس سے باز پرس نہ کر سکے، البتہ یہاں یہ امر انتہائی برمحل ہے کہ اس کے ہاتھ مضبوط کرنے میں کون کون شامل رہا؟۔ اس میں کوئی ابہام قطعی نہیں ہے کہ ایک طرف تو وہ سیاسی شخصیات اور جماعتیں شامل تھیں، جو براہ راست بھٹو مخالف تھیں بلکہ ان کی سیاست میں اہمیت ہی بھٹو کی سحر انگیز شخصیت نے قریبا ختم کر رکھی تھی، تو دوسری طرف بھٹو کا وہ منتقمانہ رویہ اور آمرانہ مزاج تھا جو اقتدار کے نشے میں، آئین کی موجودگی کے باوجود کسی مخالف کو برداشت کرنے کا روا دار نہیں تھا۔ یہاں بھٹو کے چاہنے والے ضرور یہ کہیں گے کہ اگر بھٹو آئین و قانون کو ماننے والا نہ ہوتا تو کس طرح بھٹو کے خلاف ایک بے بنیاد مقدمہ درج ہو سکتا تھا؟۔ اس حد تک بات درست ہے کہ بھٹو نے اپنے خلاف مقدمہ درج ہونے میں رکاوٹ اسی لئے نہیں ڈالی تھی کہ مقدمہ بے بنیاد ہی تھا مگر اقتدار جاتے ہی اسی بے بنیاد مقدمہ کے باعث بھٹو کو پھانسی کے پھندے پر جھولنا پڑا۔ مراد یہ ہے کہ پاکستان میں جب حالات بدلتے ہیں تو کسی آئین یا قانون کی عمل داری سے کہیں زیادہ متعلقہ حکام، طاقتور کے اشارہ ابرو کی جانب دیکھتے ہیں کہ طاقتور شخصیت کی خواہش کیا ہے اور اسی کے مطابق آئین و قانون کو موڑ دیا جاتا ہے۔
اس وقت بھی بظاہر ایک سویلین حکومت ہے، اور جس طرح یہ سویلین حکومت معرض وجود میں آئی ہے، اس کے متعلق دنیا بھر کو بخوبی علم ہے، اس کے باوجود جو توقعات اس حکومت سے تھیں، یہ حکومت وہ فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ثابت ہوئی ہے، حتی کہ جیسے سنہرے مواقع اس حکومت کو ملے، یہ نہ صرف اندرون ملک بلکہ بیرون ملک بھی بہت سی کامیابیاں حاصل کر سکتی تھی، مگر اس حکومت نے صرف ایک کام میں اپنی مہارت ثابت کی ہے، جس کا اندازہ وزیر اعظم کی عالمی فورمز پر مختلف تقاریر سے بخوبی ہو جاتا ہے۔ بالخصوص ایسے مواقع پر جہاں امریکی صدر ٹرمپ موجود ہوں، وہاں ایسی رطب اللسانی کہ انسان حیران ہو جاتا ہے۔ اس کے باوجود صورتحال اس قدر گھمبیر ہو چکی ہے کہ ایک طرف عمران خان نے ناک میں دم کر رکھا ہے، خواہ حکومت اور عمران خان کو اسیر رکھنے والے دعویٰ کرتے رہیں کہ انہیں عمران خان کو کوئی پروا نہیں، مگر حقیقت یہی ہے کہ عمران خان قید میں ہونے کے باوجود، پورے سسٹم کے سر پر سوار ہے۔ یہ گمان رکھنے والے کہ جس طرح دیگر سیاستدانوں کو چند دنوں میں اسیری نے توڑ ڈالا تھا، عمران خان بھی ٹوٹ کر، پیروں میں گر جائے گا، سجدہ ریز ہو جائیگا، ان کی تمام امیدیں خاک میں ملا دی ہیں اور رہی سہی کسر، موجودہ حکومت کی کارکردگی نے پوری کر دی ہے۔ گو کہ آئینی ترامیم کے حوالے سے جو ناخوشگوار صورتحال پیدا ہوئی، مگر بہرطور آئینی ترامیم کروا لی گئی، بعینہ حکمرانوں کو توقع تھی کہ نئے صوبوں کا قیام بھی کچھ لو کچھ دو کی بنیاد پر ہو جائے گا اور وقت کے حکمران ایک مرتبہ اپنی خواہشات کے مطابق ریاست کی باگ ڈور چلانے میں کامیاب رہیں گے، مگر بدقسمتی سے اس ایک خواہش کے سامنے نہ صرف پیپلز پارٹی بلکہ ن لیگ بھی ڈٹی دکھائی دیتی ہیںکہ نئے صوبے بننے سے ان جماعتوں کا اقتدار محدود ہو جائیگا، جو انہیں کسی بھی طور منظور نہیں لہذا وہ پوری شدت سے اس کی مخالفت تو کر رہے ہیں، مگر درون خانہ دونوں اتحادی جماعتوں کو مسلسل دھڑکا لگا ہوا ہے کہ طاقتور بہرحال جو ٹھان لے وہ کر گزرتا ہے، اور اس کے لئے اسے کچھ بھی کرنا پڑے، وہ کر گزرتا ہے۔ اس حوالے سے تفصیلی روشنی سہیل وڑائچ صاحب اپنے کالم میں ڈال چکے ہیں کہ کس طرح تینوں بڑی سیاسی جماعتوں میں نقب زنی کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے، اور اگر خواہش کی تکمیل میں یہ جماعتیں روڑے اٹکاتی ہیں یا تعاون کرنے سے انکار کرتی ہیں تو کیا کچھ ممکن ہے۔ مشرف دور میں پیٹریاٹ کی مثال ہو، یا ن سے ق لیگ کا بننا ہو، یا ایسی ہی کوئی اور مثال ہو، طاقتوروں کے لئے ایسا کرنا آج بھی مشکل نہیں کہ وہ سیاسی کارکن جو اس وقت پردہ سکرین پر جلوہ افروز ہونے کی تگ و دو میں ہیں، با آسانی اس دانے کو چگنے کے لئے تیار بیٹھے ہیں۔ دراصل سیاسی کارکنوں کا یہی وہ رویہ ہے جو ریاست کے سیاسی افق پر مستقل مزاجی کو روکے ہوئے ہے، بالفرض اس وقت بھی، جو چہ میگوئیاں زبان زدعام ہیں کہ سسٹم بیٹھ چکا ہے، سسٹم کو ری سیٹ کرنا ہے، اور نئے صوبے بنانا ہیں۔ میرا سوال تو صرف اتنا ہے کہ اس ماضی کو مد نظر رکھتے ہوئے، کوئی یقین کے ساتھ یہ کہہ سکتا ہے کہ اس ملک میں کوئی سسٹم واقعتا ہے بھی سہی؟ ۔ یہاں تو ہر نئی تعیناتی کے بعد سسٹم بدلتا ہے، اور جب سسٹم کو ریاستی آئین و قانون کے مطابق چلنے ہی نہیں دیا گیا تو آج اس وقت لفظوں کے ہیر پھیر سے یہ کہہ دینا اور ثابت کرنا کہ سسٹم بیٹھ چکا ہے، کس طرح ٹھیک ہے ؟۔ میری دانست میں تو سسٹم کبھی کھڑا ہی نہیں ہوا، اور جب کوئی سسٹم کھڑا ہی نہیں تو بیٹھے گا کیا؟۔ لہذا اگر اس وقت قومی حکومت بنائی بھی جائے تو کیا تحریک انصاف اس کا حصہ ہو سکتی ہے؟۔ بالفرض ہو بھی جائے تو کیا خواہشات کی تکمیل کر سکتی ہے؟۔ ہر سیاسی جماعت نے اقتدار سے محرومی پر یہی راگ الاپا ہے کہ سیاست میں مداخلت ہے، لمحہ موجود میں جو صورتحال بن رہی ہے کیا اس کا فائدہ تمام سیاسی جماعتیں مل کر اٹھا سکتی ہیں، اور مداخلت کے دروازوں کو ہمیشہ کے لئے بند کر سکتی ہیں؟۔ بدقسمتی سے ماضی کے تجربات کو سامنے رکھیں تو اس صورتحال کا فائدہ، انہی جماعتوں سے کوئی ایک اٹھائے گی اور قرائن بتا رہے ہیں کہ اس مرتبہ پھر قرعہ ق لیگ کے نام نکلے گا، اور سیاسی کارکن سورج مکھی کے پھول کی مانند پھر اپنا قبلہ، ہدایت کے مطابق اختیار کر لیں گے۔ سیاسی جماعتوں کا یہ رویہ ظاہر کرتا ہے کہ سیاسی جماعتیں بھی اس مداخلت کی عادی بلکہ نشے کی عادی ہو چکی ہیں، انہیں اپنی اہمیت و افادیت کا ادراک ہی نہیں، وگرنہ ایسی صورتحال میں سب مل کر مداخلت کا راستہ بند کر سکتی ہیں، مگر ایسا ہوتا دکھائی نہیں دیتا۔ لہذا یہ سمجھنا کہ ان نئی تراکیب سے سسٹم، واقعی ری سیٹ ہو کر کھڑا ہو جائے گا، خود فریبی کے علاوہ کچھ نہیں۔ نئے صوبوں بنانے کے لئے اختیار کیا گیا راستہ، ریفرنڈم کسی بھی صورت آئین کا متبادل نہیں ہو سکتا، اور آخرکار معاملہ پھر پارلیمان میں ہی لانا پڑے گا اور آئین کے آرٹیکل 239(4)کے مطابق صوبائی اسمبلیوں کی دو تہائی اکثریت سے منظور شدہ قرارداد کے بعد ہی نئے صوبے بن سکیں گے۔ ریاستوں کا سسٹم آئین پر عمل داری اور قانون کی بالا دستی میں پوشیدہ ہے، اتنے جوکھم کرنے کی بجائے، ریاستی آئین پر عمل کرنے میں کیا امر مانع ہے، بجائے ماورائے آئین قومی حکومت یا نئی لیگ بنانے کے، آپ کی کیا رائے ہے؟۔







