
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے اعلیٰ عہدیدار عزیز غضنفری نے کہا ہے کہ اگر ایران کی تیل کی برآمدات روکی گئیں تو خطے کے کسی دوسرے ملک کو بھی تیل برآمد کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کے نائب سیاسی کمانڈر عزیز غضنفری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اگر ایران سے تیل برآمد نہیں کیا جائے گا تو کسی دوسرے ملک سے بھی تیل برآمد نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز پاسدارانِ انقلاب کی بحری افواج کی مکمل نگرانی میں ہے اور ایران کو اپنی سلامتی اور روک تھام کی صلاحیت مضبوط بنانے کے لیے اس آبی گزرگاہ پر اپنا کنٹرول مزید بڑھانا چاہیے
عزیز غضنفری نے کہا ہے کہ اگر ایران غیر محفوظ ہو گا تو خطے میں کوئی مقام محفوظ نہیں رہے گا اور اگر ایران کے عوام عدم تحفظ میں زندگی گزاریں گے تو خطے کے عوام بھی عدم تحفظ میں رہیں گے۔
پاسدارانِ انقلاب کے نائب سیاسی کمانڈر عزیز غضنفری نے ایک اور بیان میں کہا ہے کہ خطے میں موجود تمام امریکی اڈے ناقابلِ استعمال بنا دیے گئے ہیں







