
بددیانتوں کے سو صوبے بھی بیکار
تحریر : سی ایم رضوان
نئے صوبوں کے قیام کی بحث نے ہمارے ملکی نظام کے ساتھ ساتھ ہمارے سیاست دانوں اور سیاسی جماعتوں کے قائدین کی تضاد بیانی اور دوہرے و کھوکھلے کرداروں کو بھی ننگا کر کے رکھ دیا ہے۔ ن لیگ کے سینیٹر رانا ثناء اللّٰہ خان کا تازہ بیان اس دو رخی کا خوب پتہ دے رہا ہے کہ آصف زرداری کا ایک بیٹا صوبوں کے حق میں اور دوسرا مخالف ہے۔ وضاحت انہوں نے یہ کی ہے کہ محسن نقوی نے نئے صوبوں کی بحث شروع کی اور بلاول بھٹو مخالفت کر رہے ہیں۔ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ صدر آصف زرداری کو چاہیے کہ دونوں بیٹوں کو سمجھائیں کہ صوبوں کی بحث کو آلودہ کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہو گا۔ اسی طرح وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ دونوں جماعتوں کے لوگ ایسی باتیں کر رہے ہیں جو غیر ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتحادیوں کے ساتھ مختلف موضوعات پر بات چیت ہوتی رہتی ہے۔ سیاسی معاملات کی ابتری کے عریاں ہو جانے کے ڈر سے وفاقی وزیر موصوف نے مزید کہا کہ معاملات کو بند کمرے میں بیٹھ کر بات چیت کے ذریعے حل ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان لفظی گولہ باری کے حوالے سے بھی صدر اور وزیراعظم کی حالیہ ملاقات میں بات چیت ہوئی، جس کے بعد کافی معاملات معمول پر آئے ہیں۔ طارق فضل چودھری نے یہ بھی کہا کہ یہ بات طے ہے کہ پیپلز پارٹی کو اتحاد سے نہ جانیں دیں گے اور نہ وہ اتحاد سے الگ ہو گی، اگر کوئی صوبے بننے کے حق یا مخالفت میں ہے تو یہ اس کا حق ہے۔ پیپلز پارٹی کو سندھ کی تقسیم سے مسئلہ ہے، تو وہ اپنی رائے کا اظہار کرے مگر ہم پر حملہ کرنا اور جوش خطابت میں وہ باتیں کرنا، جس کا صوبوں کے موضوع سے کوئی تعلق نہیں وہ غیر ضروری تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کو چاہیے تھا کہ وہ میڈیا پر بات کرنے سے پہلے وزیراعظم سے ملتے۔ پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان کو بھی اس موضوع کے بہانے تنقید کا موقع ملا ہے اور وہ یہ کہہ رہے ہیں کہ نواز اور زرداری نہیں، بانی پی ٹی آئی صوبوں کے حامی ہیں، ظاہر ہے کہ بانی کا اس حوالے سے کوئی سٹیک ہی نہیں ہے تو ان کیا ضرورت ہے صوبوں کی مخالفت کرنے کی۔ علی محمد خان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو باتیں تو اچھی کر رہے ہیں، مگر جس ظلم کی طرف وہ اشارہ کر رہے ہیں، وہ گورنر راج پیپلز پارٹی نے ہی لگایا۔ جبکہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی زرداری اور بلاول کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی ذات کے خول سے باہر نکلیں، طنزاً یہ سوال بھی کیا کہ کیا دنیا میں نئے صوبے نہیں بنتے؟ ۔
نئے صوبوں کے قیام کی بحث پاکستان کی سیاست میں کوئی نئی بات نہیں ہے، لیکن جب بھی یہ موضوع گرم ہوتا ہے تو نظام کے حوالے سے اس کے پیچھے موجود نظام کی گہری ساختی خامیاں، انتظامی ناکامیاں اور سیاسی موقع پرستی کھل کر سامنے آ جاتی ہے اور یہ بحث محض انتظامی سہولت یا جغرافیائی تقسیم تک محدود نہیں رہتی، بلکہ اس سے یہ حقیقت عیاں ہوتی ہے کہ نظامِ حکومت کس طرح اپنی بنیادی ذمہ داریاں نبھانے میں ناکام رہا ہے اور اب بھی ہے اور سیاسی جماعتیں کیسے مفادات اور حالات کے مطابق اپنے موقف بدلتی ہیں حالانکہ انہی سیاسی جماعتوں کے اعمال کی وجہ سے آج اگر موجودہ صوبائی نظام، بلدیاتی ادارے اور ضلعی انتظامیہ عوام کو انصاف، تعلیم، صحت، روزگار اور امنِ امان فراہم کرنے میں کامیاب ہوتے تو شاید نئے صوبوں کا مطالبہ عوام میں اتنی شدت سے نہ ابھرتا۔ آج ہمارے بڑے صوبوں خصوصاً پنجاب اور سندھ میں وسائل کی غیر مساوی تقسیم، دور دراز علاقوں کی محرومی اور بیوروکریسی کی سست روی اس بات کا ثبوت ہے کہ موجودہ ڈھانچہ بڑھتی ہوئی آبادی اور ضروریات کا بوجھ اٹھانے سے قاصر ہے۔ ایک مضبوط اور بااختیار بلدیاتی نظام بہت سے مسائل کو مقامی سطح پر حل کر سکتا ہے، جس سے ہر مسئلے کے لئے نیا صوبہ بنانے کی ضرورت کم ہو جاتی ہے۔ موجودہ نظام کی ناکامی اس وجہ سے ہے کہ اقتدار کو نچلی سطح تک منتقل کرنے کے بجائے اختیارات کو صوبائی دارالحکومتوں تک محدود رکھا گیا ہے۔ حالانکہ آئینِ پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کے لئے واضح طریقہ کار موجود ہے جس میں متعلقہ صوبائی اسمبلی کی دو تہائی اکثریت اور پھر وفاقی پارلیمان سے منظوری شامل ہے لیکن عملی طور پر اس معاملے پر کبھی سنجیدہ آئینی و انتظامی روڈ میپ تیار نہیں کیا گیا۔ یہ اس بات کی علامت ہے کہ ریاستی ادارے اور پارلیمان طویل المدتی اصلاحات کی بجائے وقتی بیانات اور سیاسی رسہ کشی تک محدود رہتے ہیں۔ اکثر سیاسی جماعتیں انتخابات کے قریب یا کسی خاص علاقے میں ووٹ حاصل کرنے کے لئے نئے صوبوں کے حق میں پرجوش نعرے بھی لگاتی ہیں، لیکن اقتدار میں آنے یا اتحاد بنانے کے بعد وہی وعدے سرد خانے میں چلے جاتے ہیں کیونکہ ہر بڑی سیاسی جماعت کو لگتا ہے کہ نیا صوبہ بننے سے اس کی روایتی انتخابی نشستیں یا اثر و رسوخ متاثر ہو سکتا ہے، تو اس کا لہجہ بدل جاتا ہے۔ یہ بھی المیہ ہے کہ ایک ہی سیاسی جماعت مختلف علاقوں یا مختلف ادوار میں متضاد موقف اختیار کرتی نظر آتی ہے۔ کہیں انتظامی سہولت اور پسماندگی کے خاتمے کو بنیاد بنا کر نئے صوبے کی حمایت کی جاتی ہے، تو کہیں تاریخی، ثقافتی یا لسانی وحدت کا حوالہ دے کر تقسیم کی مخالفت کی جاتی ہے۔ یہ سیاسی جماعتیں خاص طور پر مخلوط حکومتوں اور سیاسی جوڑ توڑ کے دور میں اپنے اصولی یا عوامی بیانات سے پیچھے ہٹ جاتی ہیں۔ اگر کسی اتحادی جماعت کو خوش رکھنا مقصود ہو تو نئے صوبے کا راگ الاپا جاتا ہے، اور اگر کسی بڑے ووٹ بینک کو ناراض کرنے کا خدشہ ہو تو اس ایجنڈے کو پسِ پشت ڈال دیا جاتا ہے۔
نئے صوبوں کے قیام کی یہ بحث اس حقیقت کو بھی نمایاں کر رہی ہے کہ مسئلہ صرف لکیریں کھینچ کر نئے صوبے بنانے کا نہیں، بلکہ اصل مسئلہ طرزِ حکمرانی، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور اداروں کی کارکردگی کا ہے۔ بالفرض اگر کہیں نیا صوبہ بن بھی جائے لیکن وہاں وہی پرانا کرپٹ یا غیر فعال انتظامی ڈھانچہ، کمزور بلدیاتی نظام اور سیاسی اقربا پروری اور کرپشن برقرار رہے، تو عوام کے مسائل تو جوں کے توں رہیں گے۔ یہی وجہ ہے کہ نئے صوبوں کی جاری بحث نے یہ واضح کر دیا ہے کہ ایک طرف نظامِ حکومت عوامی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام ہو چکا ہے اور رہا ہے، اور دوسری طرف سیاسی جماعتیں اس حساس عوامی ضرورت کو اصولی اصلاحات کی بجائے سیاسی مفادات اور بیانیے کی سیاست کے لئے استعمال کرتی رہی ہیں اور کر رہی ہیں۔
نئے صوبوں کے قیام کی بحث کے ضمن میں یہ بات اب واضح طور پر نوٹ کر لینی چاہئے کہ سیاست دانوں اور بیوروکریٹس کی موجودہ لاٹ اور ان کے موجودہ اعمال کی موجودگی میں یہاں سو عدد نئے صوبوں سمیت جو کچھ بھی کیا جائے گا اور جو نظام بھی لایا جائے گا محض وقت اور سرمائے کا ضیاع ہی ہو گا اور دیانتدار اور راہ راست پر کار بند قیادت کے حصول کے بغیر مسائل حل نہیں ہوں گے۔ یہاں قیادت کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے دیگر اصلاحات بھی ازحد ضروری ہیں۔ متعدد ماہرینِ عمرانیات اور سیاسی تجزیہ کاروں کا ماننا درست ہے کہ چھوٹے انتظامی یونٹس یا نئے صوبے بنانے سے اقتدار نچلی سطح تک منتقل ہوتا ہے اور عوام کو اپنے نمائندوں کا احتساب کرنے کا براہِ راست موقع ملتا ہے۔ اس نقطہ نظر کے حامیوں کے مطابق جب حلقے اور صوبے چھوٹے ہوتے ہیں تو ووٹر اور منتخب نمائندوں کے درمیان فاصلہ کم ہوتا ہے، جس سے مقامی سطح پر نئی اور باصلاحیت قیادت ابھرنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں لیکن دیانتدار قیادت کا تعلق صرف جغرافیائی تقسیم سے نہیں بلکہ مضبوط اداروں اور شفاف انتخابی عمل سے ہے۔ اس رائے کے مطابق، اگر احتساب کے ادارے غیر جانبدار ہوں، انتخابی اخراجات پر سختی سے کنٹرول کیا جائے اور قانون کی بالادستی یقینی بنائی جائے، تو بدعنوان عناصر کے لئے اقتدار تک پہنچنا مشکل ہو جاتا ہے۔ اس پہلو کی طرف بھی توجہ ضروری ہے کہ قیادت سیاسی جماعتوں کے اندر سے نکلتی ہے۔ جب تک سیاسی جماعتوں کے اندر باقاعدہ انتخابات نہیں ہوتے اور موروثی یا سرمایہ دارانہ سیاست کے بجائے کارکنوں کو میرٹ پر آگے نہیں لایا جاتا، اس وقت تک نئے صوبے بننے کے باوجود پرانے چہرے یا مخصوص طبقات ہی اقتدار میں آتے رہیں گے۔
یہاں یہ حقیقت بھی عوام الناس اور پالیسی سازوں کو ذہن نشین کر لینی چاہیے کہ کسی بھی جمہوری معاشرے میں قیادت کا معیار بالآخر ووٹرز کے انتخاب پر منحصر ہوتا ہے۔ جب تک ووٹ برادری، لسانیت یا ذاتی، گروہی مفادات کے بجائے کارکردگی اور دیانتداری کی بنیاد پر نہیں دیا جائے گا، تب تک انتظامی تبدیلیوں سے مطلوبہ نتائج حاصل کرنا مشکل رہے گا۔ لہٰذا جو پردہ دار طاقتیں ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے لئے ہر قسم کی لڑائی، تنقید اور توڑ پھوڑ برداشت کرنے یا کچل دینے کے درپے ہیں۔ وہ یہ بھی سوچیں کہ ملک کو باعمل، دیانتدار اور محب وطن سیاسی قیادت کیسے میسر آ سکتی ہے اور کس طرح ہر انتخابی حلقے کے پانچ بد دیانت اُمیدواروں میں کم از کم ایک دیانتدار امیدوار طاقت دے کر کھڑا کیا جا سکتا ہے اور عوام الناس میں کس طرح یہ حوصلہ پیدا کیا جا سکتا ہے کہ وہ طاقتور چوروں کے مقابلے میں ایک کمزور مگر دیانتدار امیدوار کو ووٹ دینے کا حوصلہ اور ہمت پا سکتے ہیں۔ یہاں دہائیوں سے لوٹ مار اور چوری چکاری کرنے والے خاندان اور گروہ اس قدر مضبوط ہو چکے ہیں کہ حلقہ کا کوئی بھی عام ووٹر ان کے خلاف ووٹ دینے کی ہمت نہیں کر سکتا۔ بات گھوم پھر کر وہیں آ جاتی ہے کہ اس طاقتور کو مزید طاقت دینے والے نظام کی موجودگی میں بددیانتوں کے سو صوبوں کے قیام جیسا جو کچھ بھی کیا جائے گا ناکام ہی ہو گا جب تک کہ عدل و انصاف نہیں ہو گا اور الیکشن میں حلقہ کے تمام پانچ چور اُمیدواروں میں سے کسی ایک چور امیدوار کو منتخب کرنے کی عوامی مجبوری ختم نہ ہو گی۔
سی ایم رضوان







