کاغذ کی لکیر اور شہریت کی دہلیز

کاغذ کی لکیر اور شہریت کی دہلیز
پیامبر
قادر خان یوسف زئی
ہمارے خطے میں انسان کے زندہ ہونے کی دلیل اس کی سانسوں سے زیادہ سرکاری رجسٹر کی سیاہی میں تلاش کی جاتی ہے۔ یہاں کلرک کے قلم کی ایک ہلکی سی لغزش کسی پشتینی باشندے کو اپنے ہی آنگن میں اجنبی بنا سکتی ہے، اور کاغذ کے ایک پرزے کی گمشدگی نسلوں کی تاریخ پر سوالیہ نشان لگا دیتی ہے۔ جمہوریت کا حسن تو یہی بتایا جاتا ہے کہ ریاست اپنے ہر شہری کو گنتی ہے، مگر جب گنتی کا یہی عمل چھانٹی میں بدلنے لگے تو ایوانوں سے لے کر کچی بستیوں تک بے چینی کی لہر دوڑ جانا فطری امر ہے۔ کچھ ایسی ہی بحث اس وقت بھارت کے سیاسی اور سماجی حلقوں میں شدت اختیار کر چکی ہے۔ معروف خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق، بھارت میں ووٹر فہرستوں کی نظرثانی کے حالیہ عمل کے دوران تیرہ کروڑ افراد کے نام خارج کیے گئے ہیں، جسے اس رپورٹ میں ملکی انتخابی تاریخ میں ووٹرز کے ناموں کی سب سے بڑی حذف قرار دیا گیا ہے۔ یہ محض اعداد و شمار کا ہیر پھیر نہیں بلکہ کروڑوں انسانوں کے آئینی تشخص اور حقِ رائے دہی سے جڑا ہوا ایک حساس معاملہ ہے جس نے پورے خطے کے مبصرین کو متوجہ کر لیا ہے۔
اصل سوال یہ نہیں کہ انتخابی فہرستوں کو درست اور شفاف بنایا جانا چاہیے یا نہیں، کیونکہ کسی بھی زندہ جمہوریت میں مردہ یا دوہرے اندراجات کا خاتمہ ایک معمول کی ضرورت ہے۔ اصل قضیہ اس وقت جنم لیتا ہے جب ووٹر لسٹ کی صفائی کا انتظامی عمل شہریت کی کڑی جانچ پڑتال اور امیگریشن قوانین کے نفاذ سے جا ملتا ہے۔ جہاں کاغذی شفافیت اور بنیادی شہری حقوق کے درمیان لکیر دھندلی پڑنے لگتی ہے اور ریاست کی غیر جانب داری پر سوالات اٹھنے لگتے ہیں۔ اس صورتحال پر بھارت کی اپوزیشن جماعتیں، سیاسی تجزیہ کار اور شہری حقوق کے کارکن شدید تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں۔ ان حلقوں کا الزام ہے کہ حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی انتخابی اور انتظامی مشینری پر اثر انداز ہو کر ووٹر فہرستوں کو اپنے سیاسی حق میں ڈھال رہی ہے۔ ناقدین کے مطابق اس بڑے پیمانے پر اخراج کی زد غیر متناسب طور پر اقلیتی برادریوں بالخصوص مسلمانوں اور ان پسماندہ طبقات و نقل مکانی کرنے والے مزدوروں پر پڑ رہی ہے جو روزگار کی تلاش میں ایک ریاست سے دوسری ریاست کا رخ کرتے ہیں۔ ان کے نزدیک یہ عمل لاکھوں اہل شہریوں کو خاموشی سے انتخابی عمل سے باہر کرنے کے مترادف ہے۔
معاملہ صرف ووٹ کے حق تک محدود رہتا تو شاید یہ ایک روایتی انتخابی تنازع کہلاتا، مگر اس کی تہیں کہیں زیادہ گہری اور پیچیدہ ہیں۔ بھارت کی سرحدی ریاستوں، خصوصاً آسام اور بعض بڑے شہری مراکز میں انتخابی فہرستوں کی جانچ کا براہِ راست تعلق شہریت کی تصدیق سے جڑ جاتا ہے۔ بھارتی انتخابی اور شہریت کے ضوابط کے تحت اگر کسی شخص کی شہریت پر شبہ ظاہر کیا جائے تو اسے فہرست میں ’’ مشکوک ووٹر‘‘ یعنی ڈی ووٹر قرار دے دیا جاتا ہے۔ اس کے بعد اس کا مقدمہ ’’ فارنرز ٹریبونلز‘‘ کے سپرد ہوتا ہے، جہاں قانونی بوجھ ریاست کے بجائے خود اس فرد پر آن پڑتا ہے کہ وہ دستاویزی ثبوتوں سے خود کو بھارتی شہری ثابت کرے۔
قانونی ماہرین اور انسانی حقوق کی تنظیمیں اس نکتے کی طرف بار بار توجہ دلاتی ہیں کہ غربت، ناخواندگی اور قدرتی آفات کے مارے دیہی خاندانوں کے لیے دہائیوں پرانی زمین یا پیدائش کی دستاویزات سنبھال کر رکھنا کتنا دشوار ہوتا ہے۔ جن علاقوں میں ہر سال سیلاب کچے مکانوں کے ساتھ ساتھ پرانے صندوق بھی بہا لے جاتا ہو، وہاں عشروں پرانے کاغذات طلب کرنا کسی کڑے امتحان سے کم نہیں۔ انسانی حقوق کے مبصرین کے مطابق تاریخی ریکارڈ میں دادا یا والد کے نام کے ہجوں کی معمولی تبدیلی یا تاریخِ پیدائش کے چند برسوں کے فرق کی بنیاد پر بھی ٹریبونلز کی جانب سے افراد کو غیر ملکی قرار دئیے جانے کے واقعات سامنے آتے رہے ہیں۔ جب کوئی غریب شہری وسائل کی کمی کے باعث اعلیٰ عدالتوں سے فوری ریلیف حاصل نہیں کر پاتا، تو اس کا اگلا ٹھکانہ پولنگ بوتھ کے بجائے حراستی مرکز یا ملک بدری کی کارروائی بن جاتا ہے۔
بھارتی آئین کے معمار ڈاکٹر بھیم رائو امبیڈکر کانے دو ٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ کوئی آئین خواہ کتنا ہی عمدہ کیوں نہ لکھا گیا ہو، اگر اسے نافذ کرنے والے لوگ نیک نیتی اور آئینی اخلاقیات سے عاری ہوں تو وہ بالآخر برا ہی ثابت ہوگا۔ اس قول کی روشنی میں دیکھا جائے تو مسئلہ قانون کے الفاظ کا نہیں بلکہ اس کے نفاذ کے طریقہ کار اور اس اعتماد کا ہے جو شہری اور ریاست کے درمیان پل کا کام دیتا ہے۔بلاشبہ دنیا کی کوئی بھی ریاست غیر قانونی نقل مکانی یا جعلی ووٹوں کی اجازت نہیں دے سکتی، اور نہ ہی انتخابی فہرستوں کی درستی پر کوئی سمجھوتہ ہونا چاہیے۔ مگر تلخ حقیقت یہ ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل شناخت کے اس دور میں بھی جب کاغذ کی تصدیق کا ہتھوڑا چلتا ہے تو اس کی زد میں عموماً وہی طبقہ آتا ہے جس کے پاس نہ مہنگے وکیل کی فیس ہوتی ہے اور نہ دفتری راہداریوں تک رسائی۔ جب ایک طرف طاقتور ریاستی مشنری ہو اور دوسری طرف دیہاڑی لگانے والا ایک عام شہری، تو ذرا سی انتظامی بے حسی یا تعصب بھی انصاف کے ترازو کو جھکا سکتا ہے۔ جمہوریت صرف اکثریت کے فیصلے کا نام نہیں بلکہ اس احساسِ تحفظ کا نام بھی ہے جو کمزور ترین شہری کو یہ یقین دلاتا ہے کہ ریاست اس کی مخالف نہیں بلکہ محافظ ہے۔
سب سے پہلے تو انتخابی فہرستوں سے نام خارج کرنے کے پورے عمل کو مکمل طور پر شفاف بنایا جائے۔ کسی بھی ووٹر کا نام حذف کرنے سے قبل اسے تحریری اطلاع، سماعت کا معقول موقع اور مقامی سطح پر فوری اپیل کا سادہ نظام فراہم کیا جائے۔ دوم، شہریت کے ٹریبونلز میں ثبوت کا معیار زمینی حقائق سے ہم آہنگ ہونا چاہیے تاکہ ہجوں کی معمولی غلطیوں یا قدرتی آفات میں کاغذات ضائع ہو جانے کی سزا کسی حقیقی شہری کو حراستی کیمپ کی صورت میں نہ ملے، اور غریب افراد کو ریاست کی جانب سے مفت قانونی معاونت میسر ہو۔ سوم، انتخابی اداروں اور عدالتی فورمز کو سیاسی بیان بازی کی گرد سے محفوظ رکھنا ضروری ہے تاکہ نہ اقلیتوں میں احساسِ محرومی جنم لے اور نہ ہی جائز انتظامی اصلاحات سیاسی شکوک و شبہات کی نذر ہوں۔
برطانوی مدبر ونسٹن چرچل کا وہ معروف قول یاد آتا ہے جو جمہوریت کی اصل روح کو سمیٹ لیتا ہے کہ جمہوریت کی تمام تر تعریفوں اور ستائش کی بنیاد دراصل وہ ایک عام آدمی ہے جو ایک چھوٹی سی پنسل لیے پولنگ بوتھ میں داخل ہوتا ہے اور کاغذ کے ایک ٹکڑے پر چھوٹا سا نشان لگاتا ہے۔ ریاستوں کی عظمت اور آئین کی بالادستی کا امتحان اسی بات میں ہے کہ وہ اس عام آدمی کی پنسل کو بے اثر نہ ہونے دیں۔ کاغذ کی لکیریں کھینچتے ہوئے اگر انسانیت اور انصاف کا دامن ہاتھ سے نہ چھوٹے تو نہ کوئی جائز نام فہرست سے کٹتا ہے اور نہ کوئی بے گناہ شہریت کی دہلیز پر کھڑا خود کو بے وطن محسوس کرتا ہے۔





