بلاول کی دھمکی اور بے خون لاشے

بلاول کی دھمکی اور بے خون لاشے
تحریر : عبد الحنان راجہ
نئے صوبوں کے قیام پر جو آگ کراچی یا سندھ میں لگنی ہے ابھی تو وہ چشم بینا سے اوجھل ! مگر شاید محترم بلاول کا دل بینا اسے دیکھ پاتا ہو ؟ مگر اسے بلاول بھٹو زرداری بارے میری خوش گمانی سمجھ کر صرف نظر کیا جانا ہی بہتر۔ فی الوقت اس آگ کا تذکرہ لازم جو عام پاکستانی بالخصوص سندھ کے عوام کو اختیارات کی تقسیم کے نتیجے میں ملنے والی ممکنہ ذہنی و معاشی آسودگی، تعمیر و ترقی، برس ہا برس سے ہونے والے استحصال کے خاتمہ، تعلیم یافتہ نئی قیادت کے ابھرنے اور دوردراز کے باسیوں کی دارالخلافہ تک تیز رسائی کے نتیجہ میں پیدا ہونے والے شعور اور اس کے نتیجہ میں نسل در نسل حکمرانی کے ٹوٹتے خواب نے محترم بلاول کو لگا رکھی ہے۔ ویسے خون کی دھمکی سے قبل کسی وقت لمحات فرصت میں یہ تو سوچ لینا چاہیے تھا کہ سندھ پر دہائیوں سے قابض خاندانوں کی بدانتظامی، کرہشن، لاقانونیت اور طاقتوروں کے خوف نے عوام کی رگوں میں بہنے کے لیے خون چھوڑا ہی کہاں!۔
محترم بلاول کو پنجاب، KPاور بلوچستان میں نئے صوبے منظور، مگر معلوم نہیں کہ وہ سندھ میں اس عمل کو کیوں برداشت نہیں کر پا رہے۔ گزشتہ 18سال سے سندھ پر حکومت کے بعد آج بھی اگر اندرون سندھ جانے کا اتفاق ہو تو وہاں غربت، بے چارگی، جہالت اور تباہ انفراسٹرکچر دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے قانون وہاں طاقتوروں، وڈیروں و جاگیرداروں کی لونڈی عوام پر انکا کا دبدبہ، کمزوروں ہاریوں اور غریبوں پر ان کی طاقت کا خوف جبکہ معیشت کے مرکز کراچی میں پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں۔
یہ کہنا درست نہیں کہ کیا بلاول صرف حکومت ہی نہیں بلکہ بالواسطہ صدر مملکت آصف علی زرداری ہر بھی عدم اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں کہ ن لیگ کے سیاسی گناہ گاروں کے ووٹوں سے ہی تو محترم زرداری صدر مملکت اور ان کی گورنر ہائوسز بھی آباد۔ بلاول زرداری کے جواب پر خواجہ آصف کا تبصرہ برمحل کہ ’’ کیا آپ کے ہاتھ اتنے صاف اور سیاست اتنی اصولی کہ آپ نصیحت کا اخلاقی جواز رکھتے ہیں‘‘۔ سندھ میں سات مرتبہ عوام نے PPPکو حق حکمرانی دیا اور اب تو گزشتہ 18سال سے مسلسل برسراقتدار۔ اس پر جالب کا شعر
دن پھرے ہیں صرف وزیروں کے
پائوں ننگے ہیں بے نظیروں کے
خوب صادق آتا ہے۔ یہ بھی عجب کہ اب انہیں ان مولانا سے بھی اظہار ہمدردی یاد آنے لگا کہ جن سے انہوں نے ہی اپنی حلیف مسلم لیگ ن کے ساتھ ملکر سیاسی بدعہدی کی۔ یہ وہی بلاول کہ جو PTIکی ریاست مخالف مہم اور بیانات کو اسمبلی کے اندر اور باہر آڑے ہاتھوں لیتے مگر اب جبکہ پی ٹی آئی کا سافٹ وئیر آپ ڈیٹ ہوا چاہتا ہے مگر کسی اور میں خرابی ہوتی دکھائی دیتی ہے !۔
بلاول زرداری کو یہ خوف تو لاحق نہیں کہ ریفرنڈم کی صورت میں کہیں سندھ کے عوام قیادت کے سیاسی و انتظامی گناہوں کا مزید بوجھ اٹھانے سے ہی انکار نہ کر دیں اور PPPکی دھمکی بھی کہیں PTIکی لانگ مارچ اور گورنر ہائوس سمیت پورے KPکو جلا دینے کے دعوئوں کی طرح ہوا میں ہی نہ اڑ جائے۔ دہائیوں بعد اگر سسٹم ری سیٹ ہونے کی آواز سنائی دی گئی ہے تو اسے عوام کی فریادوں کی قبولیت سمجھا جانا چاہیے۔
ایک رائے یہ بھی کہ پاکستان پیپلز پارٹی مستقبل کی بہترین ڈیل کے لیے وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہی ہے۔ اب کی بار فیصلہ کیا جا چکا کہ صدارت، وزارت، گورنرز اور دیگر عنایات کے ساتھ بلیک میلنگ مقبول اور نہ حد سے تجاوز بیانیہ، مولانا فضل الرحمان کے معاملہ میں اب باوجود کوشش کے معاملات پہلے والی سطح پر آتے نظر نہیں آ رہے ظاہر ہے کم و بیش سبھی قیادتوں نے سیاست میں خوب لطف اٹھایا۔ سو ان کے پیش نظر یہ بات رہنی چاہیے کہ آمدن سے زائد اثاثہ جات سمیت کرپشن کے بھاری بھرکم کیسز کی فائلوں پر پڑی گرد صاف ہونے میں دیر نہیں لگتی اور اب کی بار کھلنے والی فائلیں انجام تک پہنچائے بغیر بند ہونے کی نہیں اور بلاول بھٹو زرداری کے ناتواں کندھے یہ بوجھ اٹھا پاتے ہیں یا نہیں فیصلہ زیادہ دور نہیں۔







