مومن، کافر اور منافق
مومن، کافر اور منافق
تحریر : صفدر علی حیدری
انسان بظاہر ایک ہی مخلوق ہے، مگر قرآنِ مجید اس کے عقیدے، باطن اور کردار کے اعتبار سے مختلف انسانی کیفیات بیان کرتا ہے۔ انسان کی اصل پہچان رنگ، نسل، زبان، دولت یا منصب نہیں بلکہ اس کا ایمان، نیت اور کردار ہے۔ قرآن کے مطالعے سے انسانی معاشرے میں تین نمایاں قسمیں سامنے آتی ہیں: مومن، کافر اور منافق۔
مومن حق کو پہچان کر دل سے قبول کرتا ہے، کافر اس کا انکار کرتا ہے اور منافق ظاہر میں ایمان کا دعویٰ کرتا ہے مگر اس کا باطن اس دعوے کی تصدیق نہیں کرتا۔
مومن وہ ہی جو اللہ تعالیٰ کی وحدانیت، حضرت محمد مصطفیٰ ؐ کی رسالت اور آخرت پر یقین رکھتا ہے۔ ایمان محض زبان سے اقرار کا نام نہیں بلکہ دل کا ایسا یقین ہے جو انسان کی سوچ، اخلاق اور عمل کو بدل دیتا ہے۔
کتاب خدا کہتی ہے: ’’ یقیناً مومن کامیاب ہو گئے ‘‘۔ اس کے بعد نماز میں خشوع، لغویات سے اجتناب، زکوٰۃ کی ادائیگی، پاک دامنی اور امانتوں و وعدوں کی پاسداری جیسی صفات بیان کی گئی ہیں۔ گویا ایمان کی روشنی انسان کے کردار میں بھی دکھائی دیتی ہے۔
مومن سے غلطی اور گناہ ہوسکتا ہے، مگر وہ گناہ کو درست نہیں سمجھتا۔ اس کا ضمیر اسے ملامت کرتا ہے، وہ توبہ کرتا ہے اور اصلاح کی کوشش کرتا ہے۔ مومن کی پہچان یہ نہیں کہ وہ کبھی نہیں گرتا بلکہ یہ ہے کہ گرنے کے بعد اللہ کی طرف لوٹ آتا ہے۔
کفر کا بنیادی تعلق حق کو قبول نہ کرنے اور ایمان کے بنیادی حقائق کا انکار کرنے سے ہے۔ جو شخص اللہ تعالیٰ کی توحید، رسالت یا دین کی بنیادی سچائیوں کو تسلیم نہیں کرتا، وہ کفر کی راہ اختیار کرتا ہے۔
یہاں ایک بات سمجھنا ضروری ہے کہ ہر گناہ گار کافر نہیں ہوتا۔ کسی مسلمان سے گناہ سرزد ہوجانا بذاتِ خود اسے دائرہ اسلام سے خارج نہیں کرتا۔ کفر کا تعلق ایمان کی بنیاد سے ہے، محض عملی کمزوری سے نہیں۔
کافر کا انکار ظاہر ہوتا ہے، وہ ایمان کا دعویٰ کرکے اپنے باطن کو چھپانے کی کوشش نہیں کرتا۔ قرآن انسان کو کائنات، زندگی، موت اور قدرت کی نشانیوں پر غور کرنے کی دعوت دیتا ہے تاکہ وہ اپنے خالق اور حق کو پہچان سکے۔تیسری قسم منافق کی ہے، جسے قرآنِ مجید نے انتہائی خطرناک انسانی کیفیت قرار دیا ہے۔
ارشادِ باری تعالیٰ ہے: ’’ اور لوگوں میں بعض ایسے ہیں جو کہتے ہیں کہ ہم اللہ اور آخرت کے دن پر ایمان لائے، حالانکہ وہ مومن نہیں ہیں‘‘۔
یہ اعتقادی نفاق کی بنیادی تصویر ہے۔ زبان پر ایمان کا اقرار اور دل میں اس کا انکار، ظاہر میں دین داری اور باطن میں اس کے برعکس کیفیت۔ سورہ نساء میں ایسے منافقین کے بارے میں فرمایا گیا ہے کہ وہ جہنم کے سب سے نچلے درجے میں ہوں گے۔
رسولؐ اللہ نے منافقت کی عملی علامات بھی بیان فرمائی ہیں: منافق کی تین نشانیاں ہیں: جب بات کرے تو جھوٹ بولے، جب وعدہ کرے تو خلاف کرے اور جب اس کے پاس امانت رکھی جائے تو خیانت کرے۔
ایک دوسری روایت میں جھگڑے کے وقت بدزبانی اور حدود سے تجاوز کرنے کا ذکر بھی آیا ہے۔
یہاں اعتقادی اور عملی نفاق کا فرق سمجھنا ضروری ہے۔ جھوٹ، بدعہدی اور خیانت منافقانہ صفات ہیں، لیکن ان میں مبتلا ہر شخص کو اعتقادی منافق قرار نہیں دیا جاسکتا۔ ان احادیث کا مقصد دوسروں پر فتوے لگانا نہیں بلکہ اپنے کردار کا محاسبہ کرنا ہے۔
منافق کا سب سے نمایاں مسئلہ اس کے ظاہر اور باطن کا تضاد ہے۔ وہ بظاہر کسی کا خیرخواہ ہوتا ہے مگر اس کے مفادات کہیں اور وابستہ ہوتے ہیں۔ وہ ایک مجلس میں ایک بات اور دوسری مجلس میں دوسری بات کرتا ہے۔ حالات بدلتے ہیں تو اس کے موقف اور وفاداریاں بھی بدل جاتی ہیں۔
یہ رویہ معاشرتی تعلقات کے لیے تباہ کن ہے۔ کافر کا انکار سامنے ہوتا ہے، مگر منافق کا اصل رویہ پردی میں رہتا ہے۔ وہ اعتماد حاصل کرکے اسی اعتماد کو اپنے مفاد کے لیے استعمال کر سکتا ہے۔
غداری صرف میدانِ جنگ میں دشمن سے مل جانے کا نام نہیں۔ کسی کا اعتماد توڑنا، راز افشا کرنا، وعدہ کرکے مکر جانا اور دوستی کے پردے میں نقصان پہنچانا بھی خیانت کی صورتیں ہیں۔
منافقانہ طرزِ عمل کی بنیاد اکثر مفاد پرستی ہوتی ہے۔ انسان جب اصولوں کے بجائے فائدے کو اپنا رہنما بنا لیتا ہے تو اس کی وفاداری بھی حالات کی محتاج ہوجاتی ہے۔ وہ حق کا ساتھ اس وقت تک دیتا ہے جب تک حق اس کے مفاد میں ہو۔ مفاد بدلتے ہی اس کا رویہ بھی بدل جاتا ہے۔
حضرت علیؓ کی حکمتوں میں ایمان، اخلاص، صدق، امانت اور کردار کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ ان کی تعلیمات کا مرکزی پیغام یہ ہے کہ انسان اپنے ظاہر سے زیادہ اپنے باطن کی اصلاح کی فکر کرے۔ ایمان کا دعویٰ اسی وقت معتبر بنتا ہے جب اس کے اثرات عمل میں بھی نظر آئیں۔ زبان سچ بولے، وعدہ پورا ہو اور امانت محفوظ رہے۔
مومن، کافر اور منافق کی یہ تقسیم دوسروں کی درجہ بندی کے بجائے اپنے باطن کے محاسبے کی دعوت بھی ہے۔جب قرآن مومنوں کی صفات بیان کرتا ہے تو ہمیں دیکھنا چاہیے کہ ہمارے اندر کتنی صفات موجود ہیں۔ جب کفر سے خبردار کیا جاتا ہے تو اپنے عقیدے اور حق کے بارے میں رویے پر غور کرنا چاہیے۔ اور جب نفاق کی علامات سامنے آتی ہیں تو دیکھنا چاہیے کہ کہیں جھوٹ، بدعہدی، خیانت، دوغلا پن اور مفاد پرستی ہماری شخصیت کا حصہ تو نہیں بن رہے ۔ کسی کے باطن کا قطعی فیصلہ اللہ تعالیٰ ہی کر سکتا ہے۔ اس لیے کسی فرد کو منافق یا کافر قرار دینے میں جلد بازی سے گریز کرنا چاہیے۔ ہماری ذمہ داری اپنے عقیدے، اعمال اور اخلاق کی اصلاح ہے۔
انسان کا سب سے بڑا امتحان اپنے باطن میں ہوتا ہے۔ وہاں ایمان اور خواہش، حق اور مفاد، اخلاص اور دکھاوا آمنے سامنے ہوتے ہیں۔ وہیں فیصلہ ہوتا ہے کہ انسان کس راستے کا انتخاب کرتا ہے۔
ایمان کا تقاضا ہے کہ انسان کا ظاہر بھی سچا ہو اور باطن بھی۔ وہ وعدہ کرے تو نبھائے، امانت ملے تو محفوظ رکھے اور تعلق قائم کرے تو وفاداری کے ساتھ اسے نبھائے۔
مومن کی پہچان ایمان اور اخلاص ہے، کافر کی پہچان حق کا انکار اور اعتقادی منافق کی پہچان ظاہر و باطن کا تضاد ہے۔ عملی نفاق کی علامات سے بچنا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔
انسان کو دوسروں کی منافقت پہچاننے سے پہلے اپنے اندر کے نفاق سے جنگ کرنی چاہیے، کیونکہ اصل کامیابی لوگوں کی نظروں میں نیک دکھائی دینے میں نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کے ہاں سرخرو ہونے میں ہے۔
آخر میں انسان کو اپنے دل سے صرف ایک سوال کرنا چاہیے: میں لوگوں کی نظر میں کیا ہوں، یہ بعد کی بات ہے؛ میں اپنے رب کی نظر میں کیا ہوں، اصل سوال یہی ہے۔







