پاکستان کا دوٹوک اور اصولی موقف

پاکستان کا دوٹوک اور اصولی موقف
جنوبی ایشیا کا امن، استحکام اور معاشی مستقبل اس حقیقت سے جڑا ہوا ہے کہ خطے کے ممالک بین الاقوامی قوانین، باہمی معاہدوں اور سفارتی اصولوں کا احترام کریں۔ کسی بھی ریاست کی طاقت کا اصل امتحان اس کے طرزِ عمل، ذمے داری اور عالمی ضابطوں کی پاسداری سے ہوتا ہے، نہ کہ یک طرفہ فیصلوں، دبائو اور دھمکیوں سے۔ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن، مذاکرات اور تنازعات کے پُرامن حل کی حمایت کی ہے، لیکن امن کی خواہش کو کمزوری سمجھنا یا قومی مفادات اور بنیادی حقوق پر سمجھوتے کی توقع رکھنا کسی صورت درست نہیں۔ بھارت کے ساتھ تعلقات کے تناظر میں پاکستان کا موقف بھی اسی اصولی سوچ کا عکاس ہے کہ دوطرفہ تعلقات کی بہتری کے لیے ضروری ہے کہ نئی دہلی اپنی پالیسیوں اور اقدامات پر نظرثانی کرے اور بین الاقوامی ذمے داریوں کو تسلیم کرے۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے حالیہ غیر ملکی انٹرویوز میں پاکستان کا موقف واضح کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کا دارومدار نئی دہلی کے طرزِ عمل پر ہے۔ یہ موقف محض سفارتی بیان نہیں بلکہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تنازعات کی بنیادی حقیقت کی نشان دہی کرتا ہے۔ پاکستان نے بارہا مذاکرات اور بامعنی مکالمے کی ضرورت پر زور دیا ہے، تاہم مذاکرات اسی وقت نتیجہ خیز ہوسکتے ہیں جب دونوں جانب سے سنجیدگی، اعتماد اور باہمی احترام کا مظاہرہ کیا جائے۔ ایک طرف پاکستان امن کے لیے سفارتی راستے کھلے رکھنے کی بات کرتا ہے تو دوسری طرف بھارت کی جانب سے یک طرفہ اقدامات اور سخت گیر طرزِ سیاست دوطرفہ اعتماد کی بحالی میں رکاوٹ بنتے ہیں۔ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کا بنیادی اور دیرینہ تنازع ہے۔ 5اگست 2019ء کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت میں تبدیلی نے اس تنازع کو مزید پیچیدہ کر دیا۔ پاکستان نے ان اقدامات کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے منافی قرار دیا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ کشمیر محض سرحدی لکیر یا دو ممالک کے درمیان سیاسی اختلاف کا نام نہیں بلکہ لاکھوں انسانوں کے مستقبل، بنیادی حقوق اور حقِ خودارادیت سے وابستہ مسئلہ ہے۔ اس تنازع کو نظرانداز کرکے جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ بھارت کو سمجھنا ہوگا کہ سیاسی اور انتظامی فیصلوں کے ذریعے کسی دیرینہ تنازع کی حقیقت تبدیل نہیں کی جاسکتی۔ مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل کشمیری عوام کی خواہشات اور بین الاقوامی اصولوں کو سامنے رکھ کر ہی ممکن ہے۔اس تناظر میں سب سے زیادہ تشویش ناک پہلو سندھ طاس معاہدہ ہے۔ 1960ء میں طے پانے والا یہ معاہدہ پاکستان اور بھارت کے درمیان آبی وسائل کی تقسیم کا بنیادی قانونی فریم ورک ہے۔ پاکستان کی زراعت، غذائی تحفظ، روزگار اور معیشت کا ایک بڑا حصہ دریاں کے پانی سے وابستہ ہے۔ قریباً 26کروڑ پاکستانیوں کے مفادات اس معاملے سے جڑے ہوئے ہیں۔ ایسے میں بھارت کی جانب سے معاہدے کو یک طرفہ طور پر غیر موثر رکھنے کا اعلان نہ صرف پاکستان کے لیے تشویش کا باعث ہی بلکہ بین الاقوامی معاہدوں کی حرمت اور عالمی قانونی نظام کے لیے بھی ایک سنجیدہ سوال ہے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بجاطور پر واضح کیا کہ کوئی بھی ملک بین الاقوامی معاہدے کو اپنی مرضی سے یک طرفہ طور پر معطل نہیں کرسکتا۔ انہوں نے ثالثی عدالت کے اس فیصلے کا حوالہ بھی دیا ہے جس میں معاہدے کی قانونی حیثیت برقرار رہنے کی توثیق کی گئی۔ اصولی طور پر پانی کو سیاسی دبائو یا کسی ملک کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی روش قابلِ قبول نہیں ہوسکتی۔ پانی زندگی کی بنیادی ضرورت ہے، اس کا تعلق زراعت، خوراک، معیشت اور انسانی بقا سے ہے۔ اگر بین الاقوامی معاہدوں کو طاقت کے بل پر نظرانداز کرنے کی روایت قائم ہوگئی تو اس کے اثرات صرف پاکستان اور بھارت تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ عالمی نظام میں معاہدوں کی اہمیت بھی متاثر ہوگی۔ عالمی برادری کو اس معاملے پر خاموش تماشائی بننے کے بجائے بین الاقوامی قانون اور معاہدوں کے احترام کے اصول کی حمایت کرنی چاہیے۔ مئی 2025ء میں پہلگام واقعے کے بعد دونوں ایٹمی طاقتوں کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی نے بھی خطے کے امن کو خطرات سے دوچار کیا۔ پاکستان نے وزیراعظم شہباز شریف کے ذریعے اس واقعے کی فوری بین الاقوامی تحقیقات کی پیشکش کی، جس کا مقصد الزامات کے بجائے حقائق کی روشنی میں معاملے کو آگے بڑھانا تھا۔ بھارت کی جانب سے اس پیشکش کو قبول نہ کرنا افسوس ناک تھا۔ دہشت گردی ایک ایسا مسئلہ ہے جس کے خلاف پاکستان نے طویل جدوجہد کی اور بھاری جانی و مالی قربانیاں دیں۔ اسحاق ڈار کے مطابق پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک لاکھ جانیں اور قریباً 150ارب ڈالر کے معاشی نقصانات برداشت کر چکا ہے۔ ایسے ملک کو دہشت گردی کے معاملے میں محض الزامات کی بنیاد پر کٹہرے میں کھڑا کرنا انصاف کے تقاضوں سے مطابقت نہیں رکھتا۔ کسی بھی واقعے کی حقیقت جاننے کے لیے شفاف تحقیقات، قابلِ تصدیق شواہد اور غیر جانب دار طریقہ کار ہی موثر راستہ ہیں۔ پاکستان کا سفارتی طرزِ عمل اس حوالے سے بھی اہمیت رکھتا ہے کہ اسلام آباد نے عالمی تنازعات کے حل کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کو ترجیح دی ہے۔ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی کوششیں، عالمی امن کے لیے نئے علاقائی سلامتی کے نظام کی ضرورت پر زور اور اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں میں اصلاحات کا مطالبہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان خود کو صرف علاقائی معاملات تک محدود نہیں رکھنا چاہتا۔ امریکا اور چین کے ساتھ متوازن تعلقات، سعودی عرب، ترکیے اور مصر کے ساتھ تعاون اور یورپی ممالک سے اقتصادی روابط کا فروغ پاکستان کی متوازن خارجہ پالیسی کے اہم پہلو ہیں۔ یہ طرزِ عمل اس تصور کو تقویت دیتا ہے کہ پاکستان محاذ آرائی کے بجائے تعاون، اقتصادی ترقی اور سفارتی توازن کا خواہاں ہے۔ نئی دہلی میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے تہذیبی مکالمے میں وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک کی شرکت بھی قابلِ توجہ ہے۔ انہوں نے اردو زبان میں خطاب کرتے ہوئے مشترکہ تہذیبی ورثے، ادبی روابط اور تاریخی تنوع کی اہمیت اجاگر کی۔ غالب، لاہور، دہلی، لکھنؤ، ٹیکسلا، گندھارا اور وادی سندھ کی تہذیبی روایت کا حوالہ دے کر انہوں نے یہ پیغام دیا کہ تہذیبوں کے درمیان مکالمہ اختلافات کو کم کرنے اور مشترکہ مسائل کے حل میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ موسمیاتی تبدیلی کو تہذیب اور تاریخی ورثے کے لیے خطرہ قرار دینا بھی ایک اہم نکتہ ہے۔ یہ طرزِ فکر ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان سیاسی اختلافات کے باوجود ثقافتی، علمی اور انسانی روابط کے فروغ کا خواہاں ہے۔ تاہم ثقافتی قربت اسی وقت حقیقی معنوں میں مثر ہوسکتی ہے جب سیاسی معاملات میں بھی انصاف، برابری اور احترام کو جگہ دی جائے۔ بھارت کو یہ حقیقت تسلیم کرنی چاہیے کہ جنوبی ایشیا میں امن کسی ایک ملک کی خواہش یا مرضی سے قائم نہیں ہوسکتا۔ دونوں ممالک ایٹمی صلاحیت رکھتے ہیں اور کسی بھی غیر ذمے دارانہ اقدام کے نتائج پورے خطے کو بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔ جنگی ماحول، کشیدگی اور اشتعال انگیز بیانات عوام کی زندگیوں، تجارت، سرمایہ کاری اور ترقی کے امکانات کو متاثر کرتے ہیں۔ اس کے برعکس مذاکرات، تجارتی روابط، آبی تعاون اور عوامی سطح پر میل جول دونوں ممالک کے لیے بہتر مستقبل کی بنیاد بن سکتے ہیں۔ پاکستان نے مذاکرات سے انکار نہیں کیا، لیکن اس کا یہ حق بھی برقرار ہے کہ وہ اپنے قومی مفادات، آبی وسائل، خودمختاری اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے موقف پر قائم رہے۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ عالمی برادری دہرے معیار ترک کرے اور بین الاقوامی قوانین کے نفاذ کو ہر ملک کے لیے یکساں بنائے۔ کوئی ریاست بڑی ہو یا چھوٹی، اسے معاہدوں کی پابندی اور عالمی اصولوں کا احترام کرنا ہوگا۔ پاکستان کا موقف اسی اصولی بنیاد پر استوار ہے کہ امن کمزوری کا نام نہیں، بلکہ وقار، انصاف، ذمے داری اور باہمی احترام کے ساتھ آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔ بھارت اگر واقعی خطے میں امن چاہتا ہے تو اسے یک طرفہ فیصلوں اور دبا کی سیاست سے نکل کر مذاکرات، شفاف تحقیقات اور بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔ پاکستان امن کا خواہاں ضرور ہے، لیکن اپنے حقوق، قومی مفادات اور اصولی موقف سے دستبردار نہیں ہوسکتا۔ یہی ایک باوقار، خودمختار اور ذمے دار ریاست کا تقاضا ہے۔
آپریشن ردُالفتنہ 3: دشمنوں پر کاری ضرب
بلوچستان کی سرزمین ہمیشہ سے پاکستان کی وحدت، قومی یکجہتی اور جغرافیائی اہمیت کی علامت رہی ہے، مگر بدقسمتی سے دشمن قوتیں اس خطے کے امن، استحکام اور ترقی کو نقصان پہنچانے کے لیے مسلسل سازشوں میں مصروف ہیں۔ بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر نہ صرف معصوم شہریوں کی زندگیوں سے کھیلتے، بلکہ پاکستان کی سلامتی اور قومی یکجہتی کو بھی نشانہ بنانا چاہتے ہیں۔ ایسے حالات میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف موثر اور فیصلہ کُن کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ کی ناگزیر ضرورت ہیں۔ مستونگ میں آپریشن ردُالفتنہ 3کے تحت کی جانے والی کارروائیوں میں 15دہشت گردوں کی ہلاکت سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، مستعدی اور غیر متزلزل عزم کا واضح ثبوت ہے۔ دو مختلف کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کرنا، بھاری مقدار میں اسلحہ و گولا بارود برآمد کرنا اور کلی پسند خان، موسیٰ خان، خراسانی اور کفتاری کے علاقوں کو دہشت گردوں سے پاک کرانا ایک اہم کامیابی ہے۔ یہ پیش رفت اس حقیقت کی عکاسی کرتی ہے کہ سیکیورٹی ادارے دہشت گردی کے نیٹ ورکس کو ختم کرنے کے لیے منظم حکمت عملی کے تحت سرگرم عمل ہیں۔پاکستان گزشتہ کئی دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف ایک طویل اور مشکل جنگ لڑرہا ہے۔ اس جنگ میں افواج پاکستان، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ ہزاروں شہریوں اور اہلکاروں کی جانوں کا نذرانہ اس بات کی یاد دہانی ہے کہ امن کی قیمت کتنی بھاری ہوتی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف حاصل ہونے والی ہر کامیابی دراصل ان قربانیوں کا تسلسل اور قومی عزم کی تجدید ہے۔ بلوچستان میں امن کا قیام محض ایک صوبے کی ضرورت نہیں بلکہ پورے پاکستان کی معاشی اور دفاعی سلامتی سے جڑا ہوا معاملہ ہے۔ گوادر بندرگاہ، سی پیک، معدنی وسائل اور تجارتی راہداریوں کی اہمیت کے پیش نظر دشمن عناصر بلوچستان میں بدامنی پیدا کرکے پاکستان کی ترقی کا راستہ روکنا چاہتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کے ساتھ عوامی اعتماد، تعلیم، صحت، روزگار اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو بھی ترجیح دی جائے تاکہ نوجوانوں کو گمراہ کرنے والے عناصر کی سازشیں ناکام بنائی جاسکیں۔ بلاشبہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور عوام کے درمیان مضبوط رابطہ ناگزیر ہے۔ بلوچستان کے عوام بھی امن، ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں۔ انہیں یقین دلانا ہوگا کہ ریاست ان کے جان و مال کے تحفظ اور بہتر مستقبل کے لیے سنجیدہ ہے۔ آپریشن ردُالفتنہ 3کی کامیابیاں اس عزم کا اظہار ہیں کہ پاکستان اپنی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ آخری دہشت گرد کے خاتمے اور ملک کے ہر خطے میں پائیدار امن کے قیام تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔ قومی اتحاد، عوامی تعاون اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنا ممکن ہے۔ یہی پاکستان کے محفوظ، مستحکم اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔





